08 اگست 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: قومی کمیشن برائے وقار نسواں (NCSW) نے کراچی میں 19 سالہ نئی نویلی دلہن شانتی کے مبینہ طور پر شوہر کے ہاتھوں جنسی تشدد کے نتیجے میں جاں بحق ہونے کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ازدواجی زیادتی (میریٹل ریپ) کو قانوناً قابلِ سزا جرم قرار دے۔
این سی ایس ڈبلیو کی چیئرپرسن ام لیلی اظہر نے شانتی کی ہلاکت کو ایک قومی ایمرجنسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ نہ صرف ایک سنگین انسانی المیہ ہے بلکہ پاکستان کے قانونی نظام میں موجود ایک خطرناک خلا کو بھی بے نقاب کرتا ہے۔
انہوں نے کہا، “یہ واقعہ کوئی انفرادی سانحہ نہیں بلکہ اس معاشرتی اور قانونی سوچ کی نمائندگی کرتا ہے جو خواتین کے خلاف ہونے والے تشدد کو نظرانداز کرتی ہے۔ جنسی زیادتی، چاہے شادی کے اندر ہو یا باہر، ہر حال میں ظلم اور بربریت ہے، اور شادی شدہ ہونا کسی عورت کو استحصال سے بچانے کی قانونی ضمانت نہیں ہونا چاہیے”۔
کمیشن نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان کے موجودہ قوانین میں ازدواجی زیادتی کو صراحت سے جرم نہیں سمجھا جاتا، جس کا نتیجہ یہ ہے کہ متاثرہ خواتین کو انصاف نہیں ملتا اور مجرم سزا سے بچ نکلتے ہیں۔
این سی ایس ڈبلیو کی چیئرپرسن ام لیلی اظہر نے پارلیمان، وزارت قانون اور دیگر متعلقہ اداروں سے فوری قانون سازی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا، “شانتی کا نام اس خاموشی کے خاتمے کا سنگ میل بننا چاہیے جو ازدواجی زیادتی جیسے جرم پر ہمارے قوانین میں موجود ہے”۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کمیشن پاکستان پینل کوڈ میں ضروری ترامیم کے لیے تمام سطحوں پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گا تاکہ شادی جیسے مقدس رشتے کو استحصال سے تحفظ دیا جا سکے اور ایسی خاموش شقوں کا خاتمہ کیا جا سکے جو زیادتی کے مرتکب افراد کو چھوٹ دیتی ہیں۔
کمیشن نے یہ بھی کہا کہ شانتی کی لرزہ خیز موت کو نظرانداز کرنا ممکن نہیں۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ یہ صرف شانتی کا کیس نہیں، بلکہ ان ہزاروں خاموش خواتین کی نمائندگی کرتا ہے جو شادی شدہ زندگی میں تشدد سہتی ہیں مگر آواز بلند نہیں کر پاتیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم خاموشی توڑیں اور سخت ترین قانون سازی کے ذریعے واضح پیغام دیں کہ شادی کسی بھی صورت میں تشدد کا جواز نہیں بن سکتی۔
یاد رہے کہ چند روز پہلے کراچی کی انیس سالہ دلہن شانتی مہیشوری مبینہ طور پر اپنے شوہر کے ہاتھوں شادی کے تیسرے دن شدید جنسی تشدد کا شکار ہوئی، جس کے نتیجے میں وہ کومہ میں چلی گئی اور تین ہفتے بعد اسپتال میں جانبر نہ ہو سکی۔ پولیس رپورٹ کے مطابق شوہر نے اس پر ایسا جسمانی اور جنسی تشدد کیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی۔ اہل خانہ نے علاج میں تاخیر کی اور جب اسے اسپتال لایا گیا تو اس کی حالت بہت خراب تھی، اور اس کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات تھے۔
جبکہ قانونی ماہرین کے مطابق یہ واقعہ شوہری زیادتی اور قتل کے زمرے میں آتا ہے، اور اس پر مؤثر کارروائی ضروری ہے تاکہ معاشرے کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ شادی کے رشتے میں زبردستی جرم ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان کے قوانین میں شوہری زیادتی کا ذکر واضح نہیں، لیکن گھریلو تشدد کے قانون اور پاکستان پینل کوڈ کی شق 376 کے تحت اس کیس پر مقدمہ چلایا جا سکتا ہے۔