16 اگست 2025
رپورٹ:
رانا مالہی
اسلام آباد: راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کی حدود میں گرژا کے علاقے میں ایک ہولناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر عامر عباس نامی شخص نے اپنی بیوی ثمینہ بی بی کو تشدد کرکے قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق شبہ ہے کہ اس جرم میں ان کا بیٹا بھی شامل تھا، جو والد کے ساتھ مل کر مقتولہ کو خاموشی سے دفنانے کی کوشش کررہا تھا۔ تاہم یہ منصوبہ اُس وقت ناکام ہوگیا جب تدفین کی تیاریوں کے دوران کوٹ ادو میں رشتہ داروں نے مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات دیکھ کر تدفین روک دی۔
اسپتال میں جھوٹا بیان
پولیس کے مطابق 10 اگست کو عامر عباس اور اس کا بیٹا ثمینہ بی بی کو اسپتال لے کر گئے اور دعویٰ کیا کہ وہ سیڑھیوں سے گر کر زخمی ہوئی ہے۔ حیران کن طور پر اسپتال کے پولیس فیسلیٹیشن سینٹر میں کوئی رپورٹ درج نہیں کروائی گئی۔ چار روز تک ثمینہ زندگی اور موت کی کشمکش میں رہی اور 14 اگست کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
خاموش تدفین کی کوشش
ثمینہ کی موت کے بعد ملزمان نے لاش کو تابوت میں رکھ کر کوٹ ادو منتقل کیا اور مقامی قبرستان میں صبح آٹھ بجے تدفین کا اعلان کر دیا۔ مقتولہ کے والد اور اہل خانہ کو اس بارے میں کوئی اطلاع نہ دی گئی۔ تاہم مقامی لوگوں سے خبر ملنے پر رشتہ دار کوٹ ادو پہنچے اور جب غسلِ میت کے دوران خواتین نے جسم پر تشدد کے نشانات دیکھے تو انہوں نے تدفین روک دی۔
لاش کو فوری طور پر پولیس کی مدد سے دوبارہ راولپنڈی منتقل کیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ راولپنڈی سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) خالد حمدانی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ دھمیال کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی۔
ایف آئی آر کا اندراج
پولیس نے 15 اگست کو ایف آئی آر نمبر 1238/25 درج کی جو مقتولہ کے والد غلام اختر ولد عبداللہ کی مدعیت میں درج ہوئی۔ مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 302 (قتل عمد)، 201 (شواہد چھپانے کی کوشش) اور 34 (شریکِ ملزمان) شامل کی گئیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق غلام اختر نے کہا کہ ان کی بیٹی نے 18/19 سال پہلے خاندان کی مرضی کے بغیر عامر عباس سے شادی کی تھی۔ اس دوران ان کے تین بچے ہوئے، تاہم رشتہ داروں کا ان سے زیادہ میل جول نہیں تھا۔ غلام اختر نے بیان دیا کہ 14 اگست کی صبح ان کے گاؤں میں اچانک اعلان ہوا کہ ان کی بیٹی ثمینہ کا جنازہ ہے، لیکن اہلِ خانہ کو پہلے اطلاع نہیں دی گئی۔ جب وہ رشتہ داروں کے ساتھ گھر پہنچے تو غسل کے دوران لاش پر واضح تشدد کے نشانات دیکھے گئے۔
والد کا مؤقف
مدعی غلام اختر نے وائس پی کے سے فون پر گفتگو میں الزام لگایا کہ ان کے داماد عامر عباس کی ان کی بیٹی کے ساتھ آئے دن لڑائی رہتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عامر عباس گھر میں دوسری عورتیں لاتا تھا اور میری بیٹی کو غیر اخلاقی کاموں پر مجبور کرتا تھا۔ میری بیٹی انکار کرتی تو عامر عباس اور بچے اسے تشدد کا نشانہ بناتے۔ یہی تشدد بالآخر اس کی موت کا سبب بنا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تدفین کی تیاریوں کے دوران جب ان کے خاندان نے تشدد کے نشانات دیکھے تو انہیں یقین ہوگیا کہ بیٹی کو قتل کیا گیا ہے۔
غلام اختر کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں اور ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔