23 اگست 2025

تحریر

دانیال عزیز


پشاور میں خواجہ سرا کمیونٹی کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد، بھتہ خوری اور دھمکیوں کے باعث، اب یہ کمیونٹی انصاف کے لیے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہو گئی ہے۔ کمیونٹی کے ارکان کا کہنا ہے کہ نہ صرف ان پر بربریت کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے، بلکہ پولیس بھی تحفظ فراہم کرنے کے بجائے ملزمان کی پشت پناہی کر رہی ہے۔

قتل و اغوا کی دھمکیاں، ضلع بدری کی کوششیں اور بھتہ طلبی — یہ وہ چیلنجز ہیں جن کا سامنا کرتے ہوئے پشاور کے خواجہ سرا اب اپنی بقا کی جنگ لڑنے پر مجبور ہیں۔ ہائی کورٹ میں دائر پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہیں مقدمات واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے اور پولیس کی جانب سے مناسب تعاون حاصل نہیں ہو رہا۔

متاثرین کی گواہیاں

خواجہ سرا زرقا کا بیان ہے کہ ان سے پانچ لاکھ روپے بھتہ وصول کیا گیا اور پھر زبردستی پشاور سے نکال دیا گیا۔ ان کے مطابق، مقامی پولیس ملزمان کی حمایت کر رہی ہے، جس کی وجہ سے وہ انصاف کے لیے ہائی کورٹ کا رخ کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

ان کے ساتھ موجود ساتھی اور درخواست گزار ساجدہ نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ “ایک شخص نے اس سے پچیس لاکھ روپے بھتہ لیا، گھر کا تمام سامان چھینا اور زبردستی اسے علاقہ چھوڑنے پر مجبور کیا۔”

خواجہ سرا کمیونٹی کے وکیل کاشف نسیم نے عدالت کو بتایا کہ صوبے میں خواجہ سرا کمیونٹی کے خلاف تشدد کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔

وکیل کاشف نسیم نے وائس پی کے کو بتایا، “خیبر پختونخوا میں خواجہ سراؤں پر تشدد، ان سے بھتہ خوری اور انہیں علاقہ بدر کرنے کا رجحان دن بدن بڑھ رہا ہے۔ 2018 میں ‘ٹرانس جینڈر پرسنز (پروٹیکشن آف رائٹس) ایکٹ’ پاس کیا گیا تھا اور اس کے تحت قواعد و ضوابط بھی بنائے گئے، لیکن اس کا صحیح طریقے سے نفاذ عملی طور پر نظر نہیں آرہا۔ کیونکہ ان واقعات میں کمی ہونے کے بجائے یہ دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں۔”

نظام انصاف میں کمزوریاں

کاشف نسیم نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا: “پولیس اس طرح سے ان کے ساتھ تعاون نہیں کرتی۔ مقدمات کے اندراج میں دشواریاں ہیں اور کمزور استغاثہ کی وجہ سے ملزمان کو آسانی سے ضمانت مل جاتی ہے۔ پاکستان کا آئین 1973 ان کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ کرتا ہے اور اس کے بعد 2018 میں جو یہ خصوصی ایکٹ پاس ہوا، اس کے بعد ان کے حقوق پر عملدرآمد بہت ضروری ہے۔”

کمیونٹی کی جانب سے احتجاج

خواجہ سرا کمیونٹی کی جانب سے حال ہی میں پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس بھی کی گئی تھی۔ اس موقع پر کمیونٹی کے نمائندوں نے بتایا کہ انہیں مقدمات واپس لینے کے لیے مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں اور دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

خیبر پختونخوا میں خواجہ سرا کمیونٹی کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم اور تشدد کی یہ صورتحال ایک سنگین مسئلہ ہے جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔ قانونی تحفظ کے باوجود عملی سطح پر ان کے حقوق کی خلاف ورزی جاری ہے، جو کہ ایک جمہوری معاشرے کے لیے شرمناک بات ہے۔ حکومتی اداروں، خاص طور پر پولیس کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور اس کمزور طبقے کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here