05 ستمبر 2025

رپورٹ رانا مالہی


اسلام آباد: جمعرات کے روز نیشنل پریس کلب کے باہر بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) اور لاپتہ افراد کے لواحقین کے دھرنے کو پچاس دن مکمل ہو گئے۔ اس موقع پر ایف-سکس کے علاقے میں احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس میں بی وائی سی کے رہنماؤں کے ساتھ لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے اپنے پیاروں کی تصاویر اٹھا کر شرکت کی اور سڑکوں پر مارچ کیا۔

ریلی میں سول سوسائٹی کے نمائندوں، وکلا، انسانی حقوق کے کارکنوں اور مختلف سیاسی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے انسانی حقوق کی وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ ریلی کا مقصد اسلام آباد کے عوام کو یہ باور کرانا ہے کہ بلوچ خواتین اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے پچاس دن سے احتجاج کر رہی ہیں، مگر حکام کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔

ریلی کی منتظم فوزیہ بلوچ نے الزام لگایا کہ قیادت کو احتجاج کے دوران گرفتار کیا گیا اور پریس کلب کے باہر کئی روز سے بیٹھنے کے باوجود نہ تو دھرنے کی اجازت دی جا رہی ہے اور نہ ہی احتجاجی کیمپ لگانے دیے جا رہے ہیں۔

احتجاج میں شریک سابق سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مذاکرات کا راستہ اپنائے، لیکن پچاس دن گزرنے کے باوجود ماؤں اور بیٹیوں سے کوئی بات چیت نہیں کی گئی۔

ریلی کے اختتام پر مختلف مکاتب فکر کے افراد نے خطاب کیا۔ بی وائی سی رہنماؤں نے اعلان کیا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوتے، نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ جاری رہے گا۔

کمیشن آف انکوائری آن انفورسڈ ڈس اپیئرنسز (COIOED) کی حالیہ رپورٹ کے مطابق 2024 کے دوران 379 نئے کیسز سامنے آئے، جس کے بعد سال کے اختتام تک کمیشن کے پاس کل کیسز کی تعداد 10 ہزار 467 تک پہنچ گئی۔ ان میں سے 8 ہزار 216 کیسز نمٹائے جا چکے ہیں، جن میں 6 ہزار 599 افراد کو ٹریس کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 4 ہزار 613 افراد گھروں کو واپس آئے، ایک ہزار 11 انٹرنمنٹ سینٹرز میں، 687 جیلوں میں جبکہ 288 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

رواں سال جنوری تا جون 2025 کے دوران مزید 125 کیسز رپورٹ ہوئے جس سے کل کیسز کی تعداد 10 ہزار 592 ہو گئی۔ ان میں سے 6 ہزار 786 افراد کو ٹریس کیا گیا ہے۔ اب تک 4 ہزار 771 افراد گھروں کو واپس آ چکے ہیں جبکہ ایک ہزار 17 انٹرنمنٹ سینٹرز اور 705 افراد جیلوں میں پائے گئے۔ 293 لاشوں کی برآمدگی بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ کیسز خیبر پختونخوا میں (3 ہزار 622) رپورٹ ہوئے، اس کے بعد بلوچستان میں 2 ہزار 885، سندھ میں 1 ہزار 847، پنجاب میں 1 ہزار 752، اسلام آباد میں 405، آزاد کشمیر میں 71 اور گلگت بلتستان میں 10 کیسز درج ہوئے۔

وفاقی حکومت نے اگست 2025 میں گمشدہ افراد کے اہل خانہ کو قانونی معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جو شناختی کارڈ، نادرا اور دیگر قانونی مسائل میں مدد فراہم کرے گی۔ اس سے قبل حکومت نے فی خاندان 50 لاکھ روپے کے امدادی پیکج کا بھی اعلان کیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here