۹ ستمبر ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) پشاور سرکل کی جانب سے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایڈووکیٹ طارق افغان کو سوشل میڈیا پر مبینہ اینٹی اسٹیٹ مواد شیئر کرنے کے الزام میں جاری نوٹس کو پشاور ہائی کورٹ نے معطل کردیا ۔ عدالت نے نیشنل سائبر کرائم ایجنسی اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق یکم ستمبر کو این سی سی آئی اے پشاور نے ایڈووکیٹ طارق افغان کو ایک نوٹس جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر اینٹی اسٹیٹ مواد شیئر کرنے کے الزام میں انکوائری شروع کی گئی ہے، جو پیکا ایکٹ 2016 کی دفعہ 11 کے تحت آتی ہے۔ نوٹس میں انہیں 8 ستمبر کو انویسٹی گیشن افسر کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اس انکوائری کا آغاز 8 اگست 2025 کو ایک سورس رپورٹ کی بنیاد پر کیا گیا، تاہم نوٹس میں یہ وضاحت موجود نہیں تھی کہ وہ کون سا مواد ہے جو مبینہ طور پر اینٹی اسٹیٹ قرار دیا گیا ہے، اور نہ ہی کوئی باضابطہ شکایت درج کرائی گئی تھی۔
پیر کے روز جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے اس معاملے کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ایڈووکیٹ طارق افغان کی جانب سے ایڈووکیٹ امین الرحمٰن یوسف زئی، بیرسٹر حز یفہ، ایڈووکیٹ سنگین خان اور ایڈووکیٹ ساجد خان آفریدی پیش ہوئے۔ وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ نوٹس غیر قانونی ہے کیونکہ پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی صرف اس وقت ممکن ہے جب کسی شخص کے خلاف باضابطہ شکایت درج ہو۔ ان کے مطابق اس کیس میں صرف ایک سورس رپورٹ کا حوالہ دیا گیا ہے جو قانونی بنیاد نہیں رکھتا۔
ایڈووکیٹ طارق افغان نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بطور سیاسی کارکن اور عوامی نیشنل پارٹی کے رکن ہونے کی بنیاد پر نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ انسانی حقوق اور مفاد عامہ کے مقدمات لڑتے ہیں اور اسی وجہ سے ان پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ماضی میں پیکا قانون صحافیوں کے خلاف استعمال ہوتا رہا ہے لیکن اب انسانی حقوق کے کارکنوں اور وکلاء کو بھی اسی کے ذریعے ٹارگٹ کیا جارہا ہے‘‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوٹس سراسر غیر قانونی ہے کیونکہ پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی صرف اس وقت ممکن ہے جب کوئی باضابطہ شکایت درج ہو۔ لیکن اس کیس میں کوئی شکایت موجود نہیں اور نوٹس میں صرف سورس رپورٹ درج ہے۔ مجھے خود بھی علم نہیں کہ میرے کس مواد کو اینٹی اسٹیٹ کہا جارہا ہے، اس کی نشاندہی نہیں کی گئی۔ ایڈووکیٹ طارق افغان کے مطابق نوٹس کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں، اسی وجہ سے پشاور ہائی کورٹ نے اسے معطل کردیا ہے۔
ادھر پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن (پی ایچ سی بی اے) کی ایگزیکٹو کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس صدر امین الرحمٰن یوسف زئی کی صدارت میں ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا۔ اجلاس میں این سی سی آئی اے کے اقدام کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ یہ اقدام غیر آئینی ہے اور اظہارِ رائے کی آزادی کی آئینی ضمانت کے منافی ہے۔ اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اختلافی آوازوں کو دبانے کا سلسلہ بند کیا جائے کیونکہ اس سے عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان بداعتمادی میں اضافہ ہورہا ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی کی قیادت نے بھی ایڈووکیٹ طارق افغان کو نوٹس کے اجراء کی شدید مخالفت کی ہے۔ پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان، صوبائی صدر میاں افتخار حسین اور جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسف زئی نے اپنے بیانات میں کہا کہ نوٹس جمہوری اقدار اور انسانی حقوق پر حملہ ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ کا غلط استعمال کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور پارٹی اس اقدام کی بھرپور مزاحمت کرے گی۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) نے بھی ایک بیان میں اس معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پیکا کے غیر واضح اور مبہم قوانین کو ناقدین کی آواز دبانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، جس سے آئین میں دی گئی اظہارِ رائے کی آزادی متاثر ہورہی ہے۔ ایچ آر سی پی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے قانونی پہلوؤں کو ختم کیا جائے تاکہ شہریوں کے ڈیجیٹل حقوق اور شہری آزادیوں کو یقینی بنایا جاسکے