15 ستمبر 2025
اسٹاف رپورٹ
خیبر: وادی تیراہ کے علاقے برقمبرخیل میں مقامی قبائلی شوریٰ نے اتوار کے روز چار مقامی باشندوں کے گھروں کو آگ لگا دی، جس کی وجہ ان کے خاندان کے نوجوانوں کا مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر “فحش” ویڈیو اپ لوڈ کرنا بتایا جا رہا ہے۔
وادی سے آنے والی رپورٹس کے مطابق حیدر کنڈاؤ کے نزدیک کاریگر کلے کے علاقے میں مقامی بزرگوں نے ایک شوریٰ تشکیل دی تھی تاکہ اس ویڈیو کی تصدیق کی جا سکے جس میں دو لڑکے اور اتنی ہی لڑکیوں کو کچھ “قابل اعتراض” مناظر پیش کرتے دکھایا گیا تھا۔
شوریٰ کا فیصلہ
شوریٰ کے اراکین ملک ظاہر شاہ آفریدی اور کمال الدین نے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے زور دے کر کہا کہ گھروں کو مقامی رسم و رواج اور روایات کے مطابق نذرِ آتش کیا گیا ہے، نہ کہ کسی قانونی یا اسلامی ضابطے کے تحت۔
بزرگوں کا کہنا تھا کہ ملوث لڑکے اور لڑکیاں چھپ گئے ہیں اور انہیں تلاش کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گھروں کو اس لیے جلایا گیا تاکہ مقامی برادری کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ اس قسم کی حرکات برداشت نہیں کی جائیں گی۔
تقریباً دو ماہ قبل یہ مبینہ فحش ویڈیوز اور غیر اخلاقی آڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تھے۔ معاملے کے منظرِ عام پر آنے کے بعد قومی شوریٰ نے اسے قبیلائی اقدار اور قومی روایات کے منافی قرار دیتے ہوئے یہ سخت فیصلہ کیا۔
کاریگر کلے میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے تھے جنہوں نے گھروں کے جلائے جانے کا منظر دیکھا۔ مختلف سیاسی و سماجی حلقوں اور دیگر قبائلی مشران نے برقمبرخیل قومی شوریٰ کے اس فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے اسے آفریدی روایات کے عین مطابق قرار دیا ہے۔
قمبرخیل شوریٰ نے اعلان کیا ہے کہ علاقے میں منشیات کی خرید و فروخت اور میڈیکل سٹوروں میں نشہ آور ادویات کی موجودگی کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا ہے کہ نابالغ بچوں کی آوارہ گردی اور ہم جنس پرستی برداشت نہیں کی جائے گی اور قومی روایات کے مطابق ملوث لوگوں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔