18 ستمبر 2025

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ملٹری عدالتوں سے سنائی جانے والی سزاؤں پر اپیل کا حق نہ دینے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے دوران وفاقی حکومت سے وضاحت طلب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری قانون کو 25 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب حکومت اپنی مرضی سے قانون میں ترامیم کر سکتی ہے تو پھر سپریم کورٹ کے واضح احکامات پر عمل درآمد کیوں نہیں کیا جا رہا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے باوجود اب تک ملٹری عدالتوں کے قانون میں ترامیم کیوں نہیں کی گئیں اور اس سلسلے میں تاخیر کی کیا وجوہات ہیں۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نجیب فیصل نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل کو ملٹری عدالت نے جاسوسی کے الزام میں بارہ سال قید کی سزا سنائی ہے۔ تاہم نہ تو کارروائی کا مکمل ریکارڈ فراہم کیا گیا اور نہ ہی الزامات کی فہرست پیش کی گئی۔ وکیل نے کہا کہ ملٹری عدالت نے سزا سنانے سے قبل نہ فردِ جرم فراہم کی اور نہ ہی یہ بتایا کہ کن بنیادوں پر سزا سنائی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی شخص کو الزامات کی فہرست دیے بغیر سزا سنانا بنیادی انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔ نجیب فیصل نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ متعلقہ حکام کو ہدایت دے کہ الزامات کی فہرست پیش کی جائے اور ملزم کو اپیل کا حق دیا جائے تاکہ وہ اپنے دفاع کا قانونی حق استعمال کر سکے۔

اس موقع پر عدالت نے وفاقی سیکرٹری قانون کو طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر پیش ہو کر وضاحت دیں کہ سپریم کورٹ کے حکم پر ابھی تک عمل کیوں نہیں کیا گیا اور ترامیم کا عمل کس مرحلے میں ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر حکومت خود سے من پسند ترامیم کر سکتی ہے تو سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد میں رکاوٹ ڈالنا کسی طور قابلِ قبول نہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان میں ملٹری عدالتیں 2015 میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت قائم کی گئی تھیں تاکہ دہشت گردی اور سنگین نوعیت کے مقدمات کو جلد از جلد نمٹایا جا سکے۔ انسانی حقوق کی مختلف تنظیمیں شروع دن سے ہی ملٹری عدالتوں میں شفاف کارروائی کے فقدان اور اپیل کے حق سے محرومی پر اعتراضات اٹھاتی رہی ہیں۔ انٹرنیشنل کمیشن آف جرنلسٹس کی رپورٹس کے مطابق 2015 کے بعد سے ملٹری عدالتوں نے کم از کم 346 افراد کو مختلف سزائیں سنائیں، جن میں سے 196 کو موت کی سزا جبکہ 150 کو قید کی سزائیں دی گئیں۔

اس کے علاوہ مئی 2023 کے بعد 9 مئی کے احتجاجی واقعات میں ملوث شہریوں کو بھی فوجی عدالتوں میں پیش کیا گیا۔ ان مقدمات میں 85 شہریوں کو مختلف مدت کی سزائیں سنائی گئیں، جن میں سے بعض کو دو سال جبکہ بعض کو دس سال تک کی قید کی سزا دی گئی۔ انسانی حقوق کے کارکنان اور وکلاء تنظیمیں بارہا اس امر پر زور دیتی رہی ہیں کہ ملٹری عدالتوں کی کارروائی خفیہ رکھی جاتی ہے اور سزا پانے والوں کو نہ تو شفاف ٹرائل کا موقع دیا جاتا ہے اور نہ ہی اعلیٰ عدالتوں میں اپیل کرنے کا مؤثر حق حاصل ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here