19 ستمبر 2025

‎رپورٹ: رانا مالہی


‎اسلام آباد: جمعہ کے روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار محمد سرفراز ڈوگر کے جسٹس جہانگیری کو عدالتی فرائض کی انجام دہی سے روکنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی۔ اپیل میں جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس بابر ستار، جسٹس ثمن رفعت اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق شامل ہیں۔ اپیل میں خاص طور پر اس اقدام کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

‎درخواست گزار ججز نے موقف اختیار کیا ہے کہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے پاس انتظامی اختیارات کو ججوں کے عدالتی اختیارات پر حاوی کرنے یا انہیں کمزور کرنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق چیف جسٹس کو اپنی مرضی سے بنچ بنانے یا مقدمات ایک بنچ سے دوسرے بنچ کو منتقل کرنے کا اختیار نہیں ہونا چاہیے، خاص طور پر جب کوئی مقدمہ پہلے ہی کسی بنچ کے زیر سماعت ہو۔ اپیل میں یہ بھی کہا گیا کہ چیف جسٹس ججوں کو روسٹر سے نکالنے یا عدالتی کام سے روکنے کا اختیار نہیں رکھتا، اور بنچ بنانے یا مقدمات منتقل کرنے کے عمل کے صرف وہ اصول نافذ کرنے چاہئیں جو ہائی کورٹ کے تمام ججز نے باہمی مشاورت سے طے کیے ہوں۔

‎ججز نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ “ماسٹر آف دی روسٹر” کے اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے کوئی بھی فیصلہ صرف چیف جسٹس کے اختیار میں نہ ہو۔ انہوں نے ان نوٹیفیکیشنز اور انتظامی کمیٹیوں کے تمام اقدامات کو بدنیتی پر مبنی اور غیر قانونی قرار دیا جو 3 فروری اور 15 جولائی 2025 کو جاری کیے گئے تھے، اور کہا کہ ان کے تحت کیے گئے فیصلے عدالت کے اختیار سے باہر ہیں۔ اپیل میں اسلام آباد ہائی کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز 2025 کو بھی غیر قانونی قرار دیا گیا، کیونکہ یہ رولز ایک غیر قانونی انتظامی کمیٹی نے بنائے اور منظور کیے اور عدالت کی پیشگی منظوری کے بغیر نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

‎درخواست میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ ہائی کورٹ پر لازم ہے کہ وہ آئین اور قانون کے تحت ڈسٹرکٹ عدلیہ کی نگرانی کرے اور اسے ایک مضبوط ادارہ بنائے تاکہ وہاں کے ججز آزاد عدلیہ کے طور پر بلا خوف اور دباؤ کے انصاف فراہم کر سکیں۔ مزید کہا گیا کہ ہائی کورٹ اپنے خلاف آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت رِٹ جاری نہیں کر سکتی اور ڈویژن بنچ کسی سنگل بنچ کے عبوری فیصلوں پر اپیل نہیں سن سکتا۔ ججز نے یہ بھی کہا کہ کسی جج کو عدالتی فرائض سے روکنا صرف آرٹیکل 209 کے تحت ممکن ہے، اور کسی جج کو ہٹانے کے لیے quo warranto کا رِٹ قابل سماعت نہیں۔

‎یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے منگل کے روز جسٹس طارق محمود جہانگیری کو عدالتی فرائض انجام دینے سے معطل کر دیا تھا، جب تک کہ سپریم جوڈیشل کونسل (SJC) ان کے قانون کی ڈگری سے متعلق الزامات کی تحقیقات مکمل نہیں کر لیتی۔ یہ حکم چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے جاری کیا، جس میں جسٹس محمد اعظم خان بھی شامل تھے۔ یہ فیصلہ وکیل میاں داؤد کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سنایا گیا تھا، جس میں جسٹس جہانگیری کی تعلیمی قابلیت کو چیلنج کیا گیا تھا۔

‎دوسری جانب، بیرسٹر طارق جدون نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار کے سامنے درخواست دائر کی ہے، جس میں انہوں نے چیف جسٹس کی عدالت میں منگل کی سماعت کی آڈیو وڈیو ریکارڈنگ حاصل کرنے کی استدعا کی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ اس سماعت میں کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ جسٹس جہانگیری کو عدالتی فرائض انجام دینے سے معطل کر دیا گیا تھا۔

‎اس فیصلے کے خلاف وکلاء نے بھی عدالت کے باہر مظاہرہ کیا اور شدید احتجاج کیا، جس میں انہوں نے معطلی کے اقدام کو عدالتی آزادی کے خلاف قرار دیا۔

‎جسٹس طارق محمود جہانگیری کے کیس کا پس منظر

‎31 اگست 2024 کو کراچی یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ نے یونیورسٹی کی ان فیئر مینز (UFM) کمیٹی کی سفارشات پر جسٹس طارق محمود جہانگیری کی مبینہ طور پر “غیر معتبر” ڈگری کو منسوخ کر دیا۔ یونیورسٹی کی جانب سے اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں جسٹس جہانگیری کا نام شامل نہیں کیا گیا، لیکن اس میں کہا گیا کہ کمیٹی نے ان امیدواروں کی ڈگری اور انرولمنٹ کارڈز منسوخ کرنے کی سفارش کی ہے جو غیر اخلاقی اور غیر مناسب اقدامات میں ملوث پائےگئے۔

‎یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب سنڈیکیٹ کے رکن ڈاکٹر ریاض احمد کو پولیس نے حراست میں لے لیا، جس کا مقصد مبینہ طور پر انہیں اجلاس میں شریک ہونے سے روکنا تھا۔

‎تاہم، سندھ ہائی کورٹ نے 5 ستمبر 2024 کو کراچی یونیورسٹی کے اس فیصلے کو معطل کر دیا۔ ایک ڈویژن بینچ، جس میں جسٹس صلاح الدین پنہوڑ اور جسٹس امجد علی ساہتو شامل تھے، نے عدالت میں دائر درخواست کی سماعت کے دوران یونیورسٹی کو جسٹس جہانگیری کے خلاف کسی بھی مزید کارروائی سے روک دیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here