19 ستمبر 2025
تحریر
دانیال عزیز
پشاور ہائی کورٹ نے خواجہ سرا برادری کی جانب سے پولیس ہراسانی کے خلاف دائر درخواست پر خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل آف پولیس کو 14 دن میں تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل بنچ نے جمعہ کو سماعت کے دوران یہ حکم جاری کیا۔ عدالت نے آئی جی پی سے مطالبہ کیا کہ وہ صوبے بھر میں خواجہ سرا برادری کے ساتھ پولیس کے رویے اور ان کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔
خواجہ سرا برادری پر بڑھتے تشدد کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست
خیبرپختونخوا میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے خلاف تشدد، اغوا، ضلع بدری اور بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات کے خلاف خواجہ سرا برادری نے پشاور ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ مقامی انتظامیہ اور پولیس نہ صرف ان کے تحفظ میں ناکام رہی ہے بلکہ بعض اوقات خود بھی ان کے خلاف کارروائی میں ملوث نظر آتی ہے۔
خواجہ سرا کمیونٹی کی چیئرپرسن فرزانہ ریاض نے کہا: “ہم نے ہائی کورٹ میں آئی جی خیبرپختونخوا کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔ آئی جی کو بتانا ہوگا کہ کس کی ہدایت پر ہمارے ساتھ یہ سب کچھ ہو رہا ہے۔ ہمیں قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اغوا اور ضلع بدر کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، لیکن قاتلوں کے خلاف کوئی ٹھوس کارروائی نظر نہیں آتی۔”
انہوں نے مزید کہا: “اگر یہ سب کچھ آئی جی کی ہدایت پر نہیں ہو رہا تو پھر آئی جی صاحب ضلعی ڈی پی اوز کا قبلہ درست کریں تاکہ وہ ہمیں ضلع بدر نہ کریں۔ ناچ گانا ہمارا روزگار ہے، اسے ہم سے نہ چھینا جائے۔ لوگ کہتے ہیں کہ ہم فحاشی پھیلا رہے ہیں، لیکن ہم نے کم از کم کسی کی جان تو نہیں لی۔”
فرزانہ نے کہا کہ ضلع بدری کی یہ رسم مغلیہ دور کی یاد تازہ کرتی ہے جسے جدید دور میں دوبارہ لاگو کیا جا رہا ہے۔
نوشہرہ کی ساحل کا دردناک بیان
نوشہرہ سے تعلق رکھنے والی ساحل نے بتایا کہ صوابی میں ایک پروگرام کے بعد ان کے ساتھیوں کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کیا گیا۔ انہوں نے کہا: “ہم بھی پاکستان کے شہری ہیں۔ اگر ہمیں ضلع بدر کر دیا گیا تو ہمارا کون سا ٹھکانہ بچے گا؟ ہم اپنی بقا اور تحفظ کے لیے قانونی جنگ لڑ رہے ہیں۔”
کمیونٹی کے مطابق مقامی ڈپٹی کمشنرز، ایس ایچ اوز اور ضلعی اہلکار ان پر دباؤ ڈالتے ہیں، جبکہ گھر مالکان کو دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ وہ خواجہ سراؤں کو مکان نہ دیں یا ان سے مکان خالی کرائیں۔
خواجہ سرا برادری کے خلاف مظاہرے
ایڈووکیٹ سپریم کورٹ عمران خان نے واضح کیا کہ ایس ایچ اوز، ڈی ایس پیز اور ڈی پی اوز عوام اور مقامی ناظموں کو اکسا کر مظاہرے کرواتے ہیں۔ ان مظاہروں میں مطالبہ کیا جاتا ہے کہ خواجہ سرا اپنے گھر اور مکان خالی کریں، تقریبات اور روزگار بند کریں، اور 24 گھنٹے کے اندر ضلع چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا: “صوابی میں بھی ایک ناظم نے پولیس حکام کی سرپرستی میں ایسا جلوس نکالا۔ بعض کیسز میں پولیس خود مکان مالک کو دھمکیاں دیتی ہے۔ اس طرح پولیس ایک فریق بن جاتی ہے اور خواجہ سرا برادری کو ان کے گھروں اور روزگار سے محروم کرنے کی کوشش کرتی ہے۔”
بنیادی حقوق کی خلاف ورزی
عمران خان نے واضح کیا کہ خواجہ سرا کمیونٹی کو اپنے پیشے اور ثقافتی سرگرمیوں کا حق حاصل ہے: “یہ ان کا Right to Profession اور Right to Live ہے، جسے کوئی نہیں چھین سکتا۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ان کے حقوق کا تحفظ کرے، مگر بدقسمتی سے پولیس کی جانب سے انہیں مسلسل ہراسانی اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔” انہوں نے کہا کہ “Protection of Transgender Persons Act” کے تحت ضلع بدری اور ہراسانی کے خلاف یہ رِٹ پٹیشن دائر کی گئی ہے۔
دائر شدہ درخواست میں آئی جی خیبرپختونخوا، چیف سیکرٹری، وفاقی وزارت قانون، اور صوابی، ڈی آئی خان، بنوں اور بونیر کے ڈی پی اوز کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں یہ موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس کے اشارے پر خواجہ سراؤں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرائے جا رہے ہیں پولیس خود شکایت کنندہ بن کر ان کے خلاف ایف آئی آر درج کر رہی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 15 کے تحت شہریوں کو ملک کے کسی بھی حصے میں آزادانہ رہنے کا حق حاصل ہے۔ صوابی، بنوں، ڈی آئی خان اور ہری پور سے خواجہ سراؤں کو زبردستی بے دخل کیا جا رہا ہے۔ 2024-2025 کے دوران خواجہ سراؤں کے قتل کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہوا ہے
درخواست میں پشاور ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ ضلع بدری اور ہراسانی کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔ خواجہ سرا برادری کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ پولیس کو ان کے ساتھ غیر قانونی سلوک سے روکا جائے۔
عدالت نے آئی جی پی کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مقدمے کی اگلی سماعت 14 دن بعد مقرر کی ہے۔ اس دوران خواجہ سرا کمیونٹی کو امید ہے کہ ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔