23 ستمبر 2025
تحریر
اسلام گل
خیبر: عبدالغنی گذشتہ 25 دنوں سے پاک افغان سرحد طورخم میں اپنی گاڑی کی افغانستان سے واپسی کا انتظار کر رہا ہے۔ تاہم اتنے طویل انتظار کے باوجود یہ معلوم نہیں کہ گاڑی کو کب پاکستان آنے کی اجازت ملے گی۔ ان کی گاڑی میں پشاور سے جلال آباد تین افغان مہاجر خاندان گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ آج 25واں دن ہے کہ گاڑی سرحد پار افغانستان میں کھڑی ہے اور ابھی تک واپس نہیں آئی۔ ان کے بقول روزانہ دو ہزار روپے ڈرائیور کو دینے پڑ رہے ہیں جبکہ یہاں ہوٹل میں کھانے اور قیام کا خرچہ بھی ہو رہا ہے۔
چھ ماہ سے طورخم سرحد کے دونوں جانب مال بردار اور خالی گاڑیوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ حاجی اعظیم اللہ ٹرانسپورٹ یونین کے صدر ہیں۔ پہلے کی نسبت اب ان کا کام بڑھ چکا ہے اور وہ ڈرائیوروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سرحد پار تین ہزار سے زائد جبکہ پاکستان کی حدود میں چھ سو گاڑیاں اپنی باری کے انتظار میں ہیں۔ انہوں نے وائس پی کے کو بتایا کہ سرحد پار لنڈی خیبر کے علاقے میں آٹھ کلومیٹر طویل گاڑیوں کی قطاریں کھڑی ہیں۔ ان کے بقول کوئلہ اور سوپ سٹون لانے والی گاڑیوں کا تو کوئی پوچھنے والا بھی نہیں اور کم از کم 35 سے زیادہ دن آنے میں لگ جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحد پر روزانہ تین سو گاڑیوں کی آمدورفت ہوتی ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ یہ تعداد چھ سو ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسائل اسی طرح برقرار رہے تو گاڑی مالکان اور تاجروں کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ دو ماہ میں ایک ٹرپ سے صرف ڈرائیور کے اخراجات ہی پورے ہوں گے۔
موجودہ وقت میں افغانستان میں سبزی اور میوہ جات کا موسم ہے۔ تاجروں اور گاڑیوں کے مالکان کا کہنا ہے کہ سرحد پر طویل انتظار کی وجہ سے مال خراب ہو جاتا ہے۔ تاجر اور پاکستان سے افغانستان جانے والے مہاجرین گاڑیوں کے کرائے میں کئی گنا اضافے کی شکایت کر رہے ہیں، تاہم گاڑی مالکان اس کی وجہ سرحد پر بڑھتے ہوئے مسائل کو قرار دیتے ہیں۔
کامران ایک افغان ٹرک ڈرائیور ہے اور طویل انتظار کے بعد پاکستان میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل سرحد کے دونوں جانب بہت زیادہ ہیں جبکہ سبزی میوہ جات کی گاڑی چھ دن میں کلیئر ہوتی ہے جس سے سارا مال گاڑی میں خراب ہو جاتا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور طالبان سے سہولات میں اضافے کا مطالبہ کیا۔
طورخم سرحد پر مال بردار گاڑیوں کو درپیش مسائل کی بنا پر پاکستان میں ٹماٹر، کھیرا، انگور اور انار کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
رفعت اللہ سبزی کے بیوپاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سرحد پر سبزی اور میوہ جات کی زیادہ گاڑیاں آتی ہیں تو منڈی میں قیمتیں کم ہو جاتی ہیں لیکن موجودہ موسم میں قیمتیں اتنی بڑھ چکی ہیں کہ غریب آدمی کے لیے ٹماٹر اور میوہ جات خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پر مسائل کی بنا پر ٹرک میں آدھی سبزی اور میوے خراب ہو جاتے ہیں جس سے نہ صرف تاجر کو نقصان کا سامنا ہوتا ہے بلکہ خریدار بھی متاثر ہو رہے ہیں۔
سرحدی حکام سے جب ٹرانسپورٹ میں تاخیر کی وجہ پوچھی گئی تو انہوں نے اسے افغانستان سے سبزی اور پھل کی گاڑیوں کی تعداد بڑھنے اور پاکستان کی جانب سے مال بردار گاڑیوں کے ساتھ بڑی تعداد میں افغان مہاجرین کی واپسی سے گاڑیوں کی کلیئرنس میں تاخیر قرار دیا۔ چند ہفتے قبل پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے اور درپیش مسائل حل کرنے کے حوالے سے ایک معاہدے پر دستخط ہوئے جن میں زرعی اجناس پر ٹیکس کی کمی بھی شامل تھی، تاہم تاجروں کا کہنا ہے کہ اس معاہدے کے کوئی مثبت اثرات نظر نہیں آ رہے۔