1 اکتوبر 2025
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں شوہر کی جانب سے بیوی پر تیزاب پھینکنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔ متاثرہ خاتون نے بتایا ہے کہ شوہر ماضی میں بھی اسے تشدد کا نشانہ بنا چکا ہے اور ضمانت پر رہا ہونے کے بعد اس نے دوبارہ جان سے مارنے کی نیت سے حملہ کیا۔ دوسری جانب رحیم یار خان میں بھی شوہر نے تنسیخ نکاح کا دعویٰ دائر کرنے پر اپنی بیوی اور چار سالہ بیٹی اور ساس پر تیزاب پھینک دیا جس سے بیوی اور چار سالہ بیٹی جاں بحق ہوگئی۔
لاہور واقعے میں درج مقدمے کے مطابق واقعہ 29 ستمبر کی شام اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاتون اپنی ڈیوٹی پر جانے کے لیے گھر سے نکلی اور فیروز پور روڈ پر حاجی پارک اسٹاپ پر پہنچی۔ ایف آئی آر میں درج بیان کے مطابق متاثرہ کا شوہر یوحنا یونس اچانک وہاں آگیا اور دھمکی دی کہ آج تمہیں زندہ نہیں چھوڑوں گا۔ خاتون کے مطابق ملزم نے دھمکی دینے کے بعد تیزاب کی بوتل نکال کر اس پر پھینک دی۔ متاثرہ نے فوری طور پر اپنا منہ دوسری طرف موڑ لیا جس سے وہ بڑی حد تک محفوظ رہی، تاہم تیزاب اس کی کمر اور دائیں کان پر جا گرا جس کے نتیجے میں وہ جھلس گئی۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
متاثرہ خاتون نے ایف آئی آر میں کہا ہے کہ ملزم اس سے قبل بھی اسے تشدد کا نشانہ بنا چکا ہے اور اس کے خلاف پہلے بھی نشتر کالونی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ تاہم وہ اس مقدمے میں ضمانت حاصل کرنے کے بعد رہا ہوگیا تھا۔ خاتون نے بتایا کہ اس بار ملزم نے جان سے مارنے کی نیت سے اس پر تیزاب پھینکا۔
متاثرہ خاتون نے وائس پی کے سے گفتگو میں بتایا کہ اگست کے مہینے میں اس کے شوہر نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے بعد اس نے پولیس میں مقدمہ درج کرایا اور شوہر سے علیحدگی اختیار کرلی۔ اس نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کے ساتھ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہے۔ متاثرہ نے مزید کہا کہ شوہر عرصہ دراز سے بے روزگار ہے اور گھریلو اخراجات میں کوئی حصہ نہیں ڈالتا تھا۔ وہ واحد فرد ہے جو ملازمت کر کے گھر کا خرچ چلاتی ہے۔ اس کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں اور اکثر گھریلو جھگڑوں اور خرچے کی کمی کے باعث وہ اسے تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔ متاثرہ نے کہا کہ انہی وجوہات کی بنیاد پر شوہر سے علحیدگی اختیار کی گئی اور طلاق کے حوالے سے بھی گھر میں بات چیت جاری تھی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے اور اس میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 336 بی شامل کی گئی ہے جو تیزاب گردی جیسے سنگین جرائم کے خلاف کارروائی کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ نشتر ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے کہا کہ واقعے کو میرٹ پر دیکھا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
ادھر 28 ستمبر کو رحیم یار خان کے علاقے ترنڈہ محمد پناہ میں بھی تیزاب گردی کا ایک اور واقعہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق شوہر نے تنسیخ نکاح کا دعویٰ دائر کرنے پر اپنی بیوی اور چار سالہ بیٹی اور ساس پر تیزاب پھینکا۔ تیزاب کی شدت سے ملزم کی اہلیہ اور چار سالہ بیٹی دوران علاج جاں بحق ہوگئیں جبکہ ستر سالہ ساس شدید زخمی ہوئی۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ لاہور کے واقعے میں ملزم زیر حراست ہے جبکہ رحیم یار خان میں ملزم کی تلاش جاری ہے