03 اکتوبر2025
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد/لاہور/کراچی:
اسلام آباد پولیس کی جانب سے نیشنل پریس کلب میں گھس کر صحافیوں پر تشدد کے خلاف ملک بھر میں صحافیوں نے احتجاج کیا۔
اسلام آباد میں صحافیوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پریس گیلری سے واک آؤٹ کیا اور پولیس کے حملے کی شدید مذمت کی۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر صحافیوں نے نیشنل پریس کلب میں بھی احتجاج کیا۔
صدر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) پاکستان ایم بی سومرو اور سیکرٹری نوید اکبر کی قیادت میں واک آؤٹ کیا گیا۔ پی آر اے پاکستان نے نیشنل پریس کلب پر اسلام آباد پولیس کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
پی آر اے کے ترجمان نے کہا کہ “نیشنل پریس کلب صحافیوں کا گھر ہے جس پر اسلام آباد پولیس نے گزشتہ روز حملہ کیا۔ یہ پورے ملک کا نمائندہ قومی پریس کلب ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ “صحافیوں پر تشدد اور ایسے واقعات روزانہ کی بنیاد پر معمول بنتے جا رہے ہیں۔”
پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے ایسے واقعات کو غیر جمہوری سوچ کی عکاسی قرار دیتے ہوئے اس قابل مذمت اقدام کی بھرپور مذمت کی۔
اسلام آباد پولیس پر مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ
لاہور میں پریس کلب کے باہر صحافیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے “پولیس گردی نامنظور” کے نعرے لگائے۔ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ “صحافیوں نے مارشل لاء کے ادوار میں بھی پریس کلب کا تقدس پامال نہیں ہونے دیا۔”
پی ایف یوجے کے سیکرٹری جنرل ارشد انصاری ،سی پی این ای کے صدر کاظم خان ، ایمنڈ کے سینئر نائب صدر ایاز خان ،سابق صدر سی پی این ای سید ارشاد عارف ، ایچ آر سی پی کی کو چیئرپرسن منیزے جہانگیر سمیت صحافی قائدین نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طورپر نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر پولیس گردی کے ذمہ دار اعلی پولیس حکام کے خلاف کارروائی کرے۔ سیکرٹری جنرل پی ایف یوجے و صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے اس واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر مقدمہ درج نہ کیا گیا تو ہم اس مقدمہ کے اندارج کے لئے ہائیکورٹ میں رٹ دائر کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ عجیب بات ہے کہ ایک طرف اسلام آباد پولیس نیشل پریس کلب کے اندر گھس کر صحافیوں کو مارتی اور تشدد کا نشانہ بناتی ہے اور پھر وزیر مملکت طلال چودھری معافی مانگنے نیشل پریس کلب پہنچ جاتے ہیں اور غیر مشروط معافی مانگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ منافقت ہو نہیں سکتی کہ حکومت پیکا جیسے کالے قوانین کا نفاذ کر کے آزادی صحافت اور آزادی اظہار پر حملہ آوور ہے جس کے خاتمے کے لئے صحافی کھڑے ہیں۔ ہم لاٹھیوں اور گرفتاریوں سے گھبرانے والے نہیں، ہمارے بڑوں نے کوڑے اور قید و بند کی سزائیں برداشت کی ہیں اور ہم بھی جیل جانے اور جیل بھرو تحریک چلانے کےلئے تیار ہیں۔ ہم اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے باہر دھرنا دیں گے یہ بھلے ہمیں گرفتار کریں، ہتھکڑی ہمارا زیور ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے اس معاملہ کا مستقل حل نکالنے اور پیکا کے قانون کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
سی پی این ای کے صدر کاظم خان نے کہا کہ پی ایف یوجے ، سی پی این ای اور ایمنڈ سمیت تمام صحافی تنظیمیں پیکا کے کالے قانون کے خاتمہ کےلئے متحد ہیں۔ سابق صدر سی پی این ای سید ارشد عارف نے کہا کہ پریس کلب آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے ادارے ہیں،ماضی کے دور آمریت اور مارشل لاءمیں بھی پولیس کو پریس کلب پر حملہ اور گھسنے کی جرات نہیں ہوئی،انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں اسلام آباد پولیس کے اعلی ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ایمنڈ کے سینئر نائب صدر ایاز خان نے کہا کہ آزادی صحافت پر کوئی حملہ برداشت نہیں کیا جائے گا،اب یہ بات ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ پیکا جیسے قوانین یوٹیوبرز کے خلاف نہیں بلکہ صحافیوں کے خلاف ہیں جو کسی بھی صحافتی تنظیم کے لئے قابل قبول نہیں ۔
انسانی حقوق کمیشن پاکستان کی کو چیئرپرسن اور معروف صحافی منیزے جہانگیر نے کہا کہ نیشنل پریس کلب پر پولیس کا دھ ایک سنگین حملہ ہے، میڈیا کے ادارے آزادی صحافت اور آزادی اظہار کے ادارے ہیں۔مسائل کے شکار دور آمریت میں بھی عوام اپنے مسئلے پریس کلبوں میں صحافیوں کے سامنے رکھتے تھے مگر اب پولیس پریس کلب آنے والے لوگوں کو گرفتار کرنے کی آڑ میں پریس کلب پر حملہ آوور ہو جاتی ہے جو قابل برداشت نہیں ہے۔انہوں نے کہا اس افسوناک واقعہ کے خلاف پارلیمنٹ میں ایک قرار داد پاس کی جائے جس میں اس بات کی گارنٹی رکھی جائے کہ عوام کے حق اظہار اور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرنے کا پورا اختیار ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ پریس کلب ملک میں آزادی اظہار کی علامت ہیں ان پر پولیس کے حملے شہری اور انسانی حقوق پر حملے ہیں۔انہوں نے کہا ماضی میں کوئی پریس کلب پر حملہ کیا اور اسے سیل کیا گیا اور اب معاملہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر حملہ کی صورت میں سامنے آیا ہے۔
منیزے جہانگیر نے مزید کہا کہ جرنلسٹ پروٹیکشن بل کے تحت جو کمیشن بنایا گیا تھا، اسے فعال ہونا چاہیے اور اس معاملے کی انکوائری کرنی چاہیے۔ پیکا کے تحت صحافیوں پر درج کیے گئے مقدمات واپس لیے جائیں اور سنسرشپ کا خاتمہ ہونا چاہیے۔
کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری لیاقت کشمیری نے کہا کہ صحافیوں پر حملہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ حکام فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ “آپ صحافیوں کو سرِ عام بے عزت کریں اور بند کمرے میں معذرت کر لیں، یہ صحافیوں کو ہرگز قبول نہیں۔” سابق صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے کہا کہ “سیاسی جماعتیں حکومت میں آنے کے بعد پرامن مظاہروں کو طاقت کے زور پر کچلنے کی کوشش کرتی ہیں
ایبٹ آباد میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی کال پر ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس اور پریس کلب نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ صحافیوں نے نیشنل پریس کلب پر پولیس کے حملے اور صحافیوں پر تشدد کی پرزور مذمت کی۔
صدر ایبٹ آباد یونین آف جرنلسٹس عاطف قیوم نے کہا کہ “اسلام آباد پولیس نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا ہے. صدر پریس کلب نوید عالم نے کہا کہ “وفاقی حکومت اور اسلام آباد پولیس کے اوچھے ہتھکنڈے صحافیوں کو مرعوب نہیں کر سکتے
اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل شاہد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد پولیس پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا جائے۔
لکی مروت میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر پولیس حملے کے خلاف ضلع بھر کے صحافی سراپا احتجاج بن گئے۔ ڈی آئی خان روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی گئی اور کالے جھنڈے لہرائے گئے۔ ریلی کے دوران صحافیوں نے نیشنل پریس کلب پر پولیس حملے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
صدر غلام اکبر مروت نے کہا کہ “وفاقی اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ مارشل لاء اور آمریت کے دور میں بھی کبھی پریس کلب پر حملہ نہیں کیا گیا۔” منہاج الدین نے کہا کہ “اسلام آباد پولیس نے نیشنل پریس کلب پر حملہ کرکے شرمناک حرکت کی ہے۔” سبزعلی نوید نے کہا کہ “نیشنل پریس کلب پر حملہ پورے ملک کی صحافت پر حملہ ہے۔ ظلم کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے، آئندہ ایسی حرکت کی گئی تو مزید شدید احتجاج کریں گے۔” احتجاج کے دوران کمشنر پشاور کی جانب سے پشاور کے پانچ سینئر صحافیوں کے خلاف نوٹس جاری کرنے کی بھی شدید مذمت کی گئی۔
پشاور سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی صحافیوں نے احتجاجی مظاہرے کیے اور عزم ظاہر کیا کہ پولیس کے اوچھے ہتھکنڈے صحافیوں کو مرعوب نہیں کر سکتے۔