تحریر: طارق بن نواز


بنوں

ضلع بنوں میں حالیہ بدامنی اور عوامی بے چینی کے تناظر میں قومی امن جرگہ کا انعقاد کیا گیا جس میں بنوں کی تین بڑی اقوام — بنوچی، وزیر اور داوڑ — کے مشران اور عوام نے شرکت کی۔ جرگہ میں علاقائی مشران اور عوام نے اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کیا۔

جرگہ کے منتظم اور سابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان وزیر نے کہا کہ لوگ امن چاہتے ہیں اور امن قائم کرنا ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ یہاں کے عوام کو امن مانگنے کے لیے احتجاج اور آنسو بہانے پڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ حالات خانہ جنگی جیسے ہیں۔ میں دو مرتبہ صوبائی وزیر رہ چکا ہوں لیکن میری اپنی کمیونٹی ہال کو بھی نہیں بخشا گیا۔ الزام لگایا گیا کہ یہاں ‘خوارج’ موجود ہیں۔ اگر واقعی خوارج تھے تو اداروں کو ذمہ داری نبھاتے ہوئے مجھے اطلاع دینی چاہیے تھی تاکہ میں ملک و قوم کے مفاد میں تعاون کر سکتا۔ اگر واقعی نشانہ بنا کر خوارج مارے گئے ہیں تو میں معافی مانگنے کے لیے تیار ہوں، لیکن اگر ایسا نہیں تو تسلیم کیا جائے کہ غلط معلومات فراہم کی گئیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما معصوم وزیر نے کہا کہ جرگہ کے انعقاد کا مقصد صرف اور صرف امن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کو معلوم ہے کہ بنوں میں بدامنی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں پیسکو کے اہلکار بھی اغوا ہوئے ہیں اور خاص طور پر بنوں سٹی کے حالات انتہائی سنگین ہیں۔ بنوں میران شاہ روڈ سمیت اہم شاہراہیں طویل عرصے سے بند ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کا شدید مسئلہ پیدا ہو رہا ہے۔ مزید برآں قومی امن جرگہ کے سرپرست حاجی عبدالصمد خان پچھلے ایک سال سے بے گناہ جیل میں ہیں۔ ان مسائل کے باعث یہ جرگہ ناگزیر ہو گیا تھا۔

پشتون تحفظ موومنٹ جانی خیل کے کوآرڈینیٹر لطیف وزیری نے کہا کہ پچھلے چالیس برسوں سے پشتون بیلٹ میں بدامنی اور تباہی کا بوجھ عوام برداشت کر رہے ہیں جبکہ اس کے فوائد اور مفادات دوسرے لوگ، خصوصاً جنرل وغیرہ، اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “یہاں کی معیشت، کاروبار اور نقل و حرکت بری طرح محدود ہو چکی ہے۔ حالیہ دنوں میں تیراہ اور باجوڑ میں پیش آنے والے واقعات سب کے سامنے ہیں، جہاں درجنوں بچے شہید ہوئے۔

جرگہ کے شریک ارشاد اللہ نے کہا کہ “تقریباً دس برسوں سے بنوں بدامنی کی لپیٹ میں ہے۔ عوام پر ہر معاملے میں ٹیکس لگایا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود نظام بری طرح متاثر ہے اور روزمرہ زندگی اجیرن بن چکی ہے

جرگہ میں شریک دیگر شہریوں نے کہا کہ حالات اتنے خراب ہو چکے ہیں کہ والدین اپنے بچوں کی جان کو غیر محفوظ سمجھنے لگے ہیں۔ جب ہمارے بچے صبح کالج جاتے ہیں تو ان کے بیگ چیک کیے جاتے ہیں تاکہ کہیں ان میں بارودی مواد نہ رکھا گیا ہو۔ اس کے علاوہ سب سے بڑا مسئلہ سڑکوں کی مسلسل بندش ہے جس نے معمولات زندگی کو مفلوج کر دیا ہے

یہ تمام خدشات اور بیانات اس امر کی غمازی کرتے ہیں کہ ضلع بنوں میں امن و امان کی بحالی اب فوری اور ریاستی ترجیح ہونی چاہیے، کیونکہ عوامی اعتماد بحال کیے بغیر حالات میں بہتری ممکن نہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here