07 اکتوبر 2025

تحریر

الله داد اظہر


تربت: طالب علم رہنما شبیر بلوچ کی مبینہ جبری گمشدگی کے نو سال مکمل ہونے پر بلوچ ویمن فورم اور شبیر کے خاندان نے تربت میں احتجاجی ریلی نکالی۔ تربت شہر کے مین چوک پر منعقدہ سیمینار میں بلوچ ویمن فورم کی سربراہ ڈاکٹر محترمہ شیلا بلوچ، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے ریجنل صدر پروفیسر غنی پرواز، بلوچستان یوتھ کونسل کیچ کی رہنما محترمہ سید بی بی بلوچ، تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

خاندان کی کرب ناک داستان

لاپتہ شبیر بلوچ کی بہن سیما بلوچ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد، کوئٹہ سمیت ملک کے بڑے شہروں میں احتجاج کے باوجود انہیں ابھی تک انصاف نہیں ملا۔ سیما بلوچ نے کہا: “4 اکتوبر 2016 کو میرے بھائی کو جبری گمشدگی کا شکار بنایا گیا۔ آج نو سال مکمل ہو گئے لیکن ابھی تک میرے بھائی کا کوئی پتہ نہیں کہ وہ کہاں ہے اور کس حال میں ہے۔” انہوں نے مزید کہا: “ان نو سالوں میں میں نے ہر دروازہ کھٹکھٹایا، ہر اُس شخص کے پاس گئی جو انصاف دلا سکتا تھا، لیکن آج تک مجھے انصاف نہیں ملا۔ ہم اسلام آباد، کراچی، کوئٹہ — ہر جگہ اس امید کے ساتھ گئے کہ شاید ہمیں سنا جائے۔”

سیما بلوچ نے کہا کہ وہ تربت اس لیے آئی ہیں کیونکہ یہاں گورکوپ کے علاقے سے ان کے بھائی کو اٹھایا گیا تھا۔ “اگر میرے بھائی نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے، سزا دی جائے — ہمیں قبول ہے۔ لیکن اس طرح نو سال گزر جانا — یہ کہنا آسان ہے مگر اس اذیت اور درد کو ہم ہی جانتے ہیں۔”

اپنی والدہ کی کیفیت بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا: “مائیں اپنے بچوں کو نو مہینے پیٹ میں رکھ کر جنم دیتی ہیں اور اس امید سے پالتی ہیں کہ وہ ان کا سہارا بنیں گے، لیکن میری والدہ نے نو سالوں سے شبیر کو نہیں دیکھا۔ وہ ہر روز اس امید پر زندہ ہیں کہ آج نہیں تو کل میرا بیٹا واپس آئے گا۔”

سیما نے کہا: “لوگ کہتے ہیں کہ آگے قیامت ہے، لیکن ہمیں تو اس دنیا میں ہی قیامت کا سامنا ہے۔ ہم قیامت سے بھی بدتر زندگی گزار رہے ہیں۔”

انسداد دہشت گردی ایکٹ پر تنقید

تربت سول سوسائٹی کے کنوینر گلزار دوست نے بلوچستان میں نافذ انسداد دہشت گردی ایکٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا: “یہ قانون لانے سے پہلے بھی یہی سلسلہ جاری تھا۔ زاکر مجید کو دیکھیں — کتنے سال ہو گئے؛ ڈاکٹر دین محمد کو دیکھیں، اور جس شخص کے لیے ہم احتجاج کر رہے ہیں، اسے بھی نو سال ہو گئے۔”

انہوں نے کہا: “ریاست نے یہ ایکٹ پاس کروا کر اور آئین میں ترمیم کر کے، میرے خیال میں بلوچ، سندھی اور پشتون نسل کشی کو دوام بخشنے کے لیے ایسے ہتھکنڈے استعمال کیے ہیں۔ اس ایکٹ کے بغیر بھی پہلے کی طرح لوگوں کو اٹھایا جا رہا تھا اور آج بھی اٹھایا جا رہا ہے۔”

مسلسل جاری جبری گمشدگیاں

بلوچستان یوتھ کونسل کی رہنما فوزیہ بلوچ نے کہا: “کچھ لوگ بازیاب کر دیے جاتے ہیں مگر اسی دوران مزید افراد لاپتہ کیے جا رہے ہیں۔ لوگوں کو چھوڑ بھی رہے ہیں، بازیاب بھی کر رہے ہیں، لیکن دوسری طرف مزید لوگوں کو اٹھا رہے ہیں تاکہ لوگ بھول جائیں کہ کتنے افراد لاپتہ ہیں۔”

انہوں نے کہا: “ہم ریاست سے پوچھتے ہیں کہ آپ نے ہمارے لوگوں کو کیوں اٹھایا ہے؟ جب تک جبری گمشدگیوں میں اضافہ ہوتا رہے گا، ہماری مزاحمت اور تحریک بھی جاری رہے گی۔”

فوزیہ بلوچ نے مزید کہا: “جب تک بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور ‘کِل اینڈ ڈمپ’ کی پالیسی جاری رہے گی، بلوچستان یوتھ کونسل اور دیگر تنظیمیں اپنا احتجاج جاری رکھیں گی۔ اگر ایک بلوچ بھی زندہ ہے تو ہماری تحریک دبائی نہیں جا سکتی۔”

انصاف کی اپیل

شبیر بلوچ کی بہن سیما بلوچ نے آخر میں ریاستی اداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا: “ہم پھر بھی ان ریاستی اداروں سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں سنیں، ہمیں انصاف دیں، ہمیں جینے کا حق دیں۔ ہمیں اور کچھ نہیں چاہیے۔”

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here