07 اکتوبر 2025

سٹاف رپورٹ


پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی علی موسیٰ گیلانی نے کہا ہے کہ انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں فوری طور پر اپوزیشن نشستوں پر بیٹھ جانا چاہیے۔

آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا نام لے کر تنقید کی جا رہی ہے، اس لیے اچھا نہیں لگتا کہ ہم اتحادی بن کر بیٹھے رہیں۔ اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں پنجاب کے ساتھ ساتھ وفاق میں بھی اپوزیشن میں بیٹھ جانا چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پیپلز پارٹی اپوزیشن میں بیٹھے گی تو بھرپور اپوزیشن کرے گی۔

واضح رہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید کی تھی، جس کے جواب میں وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے کہا تھا کہ وہ پنجاب کی طرف اٹھنے والی انگلی توڑ دیں گی۔

اس کے جواب میں پیپلز پارٹی نے مریم نواز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر کوئی پنجاب کے خلاف بات کرے گا تو بطور وزیرِ اعلیٰ میں اسے جواب ضرور دوں گی، صوبے کے عوام کا تحفظ کروں گی اور کسی سے معافی نہیں مانگوں گی۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان جاری لفظی جنگ کے بارے میں ایک تھیوری یہ بھی ہے کہ اب (ن) لیگ کے پاس نمبرز پورے ہیں، تو وہ چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی اب اپوزیشن میں بیٹھے اور ان کا کوئی رکن اپوزیشن لیڈر ہو، تاکہ دونوں جماعتیں باقی وقت سکون سے گزار سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دوسری تھیوری یہ ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان ایک غیر فطری اتحاد ہے، اور جب کوئی مقناطیسی قوت دور چلی جاتی ہے تو دونوں جماعتوں میں بھی دوریاں بڑھ جاتی ہیں۔

اس حوالے سے پروگرام میں شریک مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیرِ دفاع و خارجہ خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ میں یہ نہیں چاہوں گا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان کوئی تنازع ہو کیونکہ یہ جماعتیں ایک فاشزم کے خلاف اکٹھی ہیں اور دونوں نے آئینی بندوبست کو جاری رکھا ہوا ہے۔

تاہم علی موسیٰ گیلانی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے بیان دینے پر ان کے بھائی سے سیکیورٹی واپس لے لی ہے، اور ایسا تو ان کے ساتھ تحریکِ انصاف کے دور میں بھی نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے دور میں مریم نواز کا جلسہ کروانے پر مجھے گرفتار کر لیا گیا تھا لیکن انہوں نے پھر بھی میری سیکیورٹی واپس نہیں لی تھی۔

’انڈیا سے سیز فائر ہوا ہے، امن نہیں‘

انڈیا کی جانب سے آنے والے حالیہ دھمکی آمیز بیانات پر بات کرتے ہوئے خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ خطرہ گیارہ مئی کے بعد سے بدستور موجود ہے، کیونکہ دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر ہوا تھا، امن نہیں۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ اب بہت کچھ تبدیل ہو گیا ہے، اور سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاہدہ بھی انڈیا کو کسی اقدام سے باز رکھنے کے لیے اہم ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ منطق کے لحاظ سے لگتا ہے کہ انڈیا حملہ نہیں کرے گا، لیکن انڈیا میں ہندتوا حکومت ہے جو نفرت کی بنیاد پر سوچتی ہے، اس لیے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

حالیہ دنوں میں پاکستان اور دیگر ممالک، بالخصوص امریکا کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر بات کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے مطالبہ کیا کہ ان معاہدوں کو پارلیمنٹ کے سامنے پیش کیا جائے، اور اگر پارلیمان نے دوسرے ملکوں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی توثیق نہیں کی تو اس کا مطلب ہے کہ پاکستان کے عوام کا ان معاہدوں سے کوئی تعلق نہیں، اور عوام چاہیں تو ان معاہدوں سے پیچھے ہٹ سکتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here