09 اکتوبر 2025

رپورٹ: رانا مالہی


‎اسلام آباد: جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت آٹھ رکنی آئینی بینچ نے کی۔ بینچ کی سربراہی امین الدین خان کر رہے ہیں۔ سماعت کو سپریم کورٹ کے یوٹیوب چینل پر براہ راست نشر کیا گیا۔ گزشتہ روز وکیل حامد خان نے فل کورٹ تشکیل دینے سے متعلق دلائل مکمل کیے تھے۔

‎سماعت کے آغاز پر بلوچستان بار کے وکیل منیر اے ملک روسٹرم پر آئے۔

‎جسٹس امین الدین نے ان سے کہا کہ وہ کل کراچی سے ویڈیو لنک پر کچھ کہنا چاہ رہے تھے مگر واضح طور پر سنائی نہیں دے رہا تھا۔ منیر اے ملک نے بتایا کہ ان کی درخواست لائیو اسٹریمنگ سے متعلق تھی، جس پر اب فیصلہ آ چکا ہے اور وہ غیر مؤثر ہو گئی ہے۔

‎منیر اے ملک نے کہا کہ وہ حامد خان کے دلائل کو اپناتے ہیں اور مزید دلائل بھی دیں گے۔

‎جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ حامد خان نے 26 ویں آئینی ترمیم کے نکات کو سائڈ پر رکھنے کی بات کی تھی، کیا آپ بھی ان دلائل کو اپناتے ہیں؟

‎جسٹس محمد علی مظہر نے یاد دلایا کہ حامد خان نے آرٹیکل 191 اے کو نظرانداز کرنے کا کہا تھا۔

‎انہوں نے کہا کہ فل کورٹ یا لارجر بینچ تشکیل دینے کے لیے موجودہ بینچ سے ہی ڈائریکشن کی استدعا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے اندر آئینی بینچ قائم ہے اور تمام ججز پر مشتمل بینچ درخواستوں پر سماعت کرے۔

‎جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ کیا فل کورٹ تشکیل دینے میں کوئی رکاوٹ ہے؟

‎جسٹس محمد علی نے پوچھا کہ کیا موجودہ آٹھ رکنی بینچ فل کورٹ تشکیل دینے کا دائرہ اختیار رکھتا ہے؟

‎منیر اے ملک نے جواب دیا کہ موجودہ بینچ ریگولر ہو یا آئینی، کوئی فرق نہیں پڑتا، یہ بینچ فیصلہ کر سکتا ہے۔

‎جسٹس محمد علی نے سوال اٹھایا کہ اگر ہم جوڈیشل آرڈر جاری کریں تو کیا آپ اسے ایڈمنسٹریٹیو آرڈر کہیں گے؟ کیا ایسے آرٹیکل 191 اے کی خلاف ورزی نہیں ہوگی؟

‎منیر اے ملک نے جواب دیا کہ کوئی خلاف ورزی نہیں ہوگی کیونکہ آئینی بینچ کے پاس جوڈیشل اختیارات ہیں۔

‎جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ آپ چاہتے ہیں کہ آئینی بینچ جوڈیشل اختیارات کا استعمال کرکے فل کورٹ تشکیل دے؟ انہوں نے کہا کہ عدالت نے کئی بار ترمیم کی بجائے آئین پر انحصار کیا ہے۔

‎جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ ہم آرٹیکل 191 اے کو کیسے بائی پاس کریں۔

‎جسٹس عائشہ ملک نے منیر اے ملک سے کہا کہ آپ 26 ویں ترمیم کا دفاع اسی کے ذریعے نہیں کر سکتے، آئین پر انحصار کریں۔

‎جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کہ کیا آرٹیکل 191 اے نے دائرہ اختیار واپس نہیں لے لیا؟

‎منیر اے ملک نے جواب دیا کہ دائرہ اختیار ختم ہو سکتا ہے لیکن جوڈیشل اختیارات موجود ہیں اور آئینی بینچ دائرہ اختیار کا فیصلہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فل کورٹ کے بجائے سپریم کونسل کورٹ کہنا چاہیے۔

‎منیر اے ملک نے مزید کہا کہ بینچ سب سے پہلے شریعت کورٹ میں تشکیل دیا گیا تھا اور سپریم کورٹ کا دائرہ اختیار نہیں لیا گیا۔ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کسی بھی جج کو نامزد کر سکتا ہے اور سینیئر ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن کوئی بھی بینچ تشکیل دے سکتا ہے۔

‎جسٹس مسرت ہلالی نے سوال اٹھایا کہ نئے ججز جنہیں 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد ترقی ملی، کیا انہیں بینچ میں بیٹھنا چاہیے؟

‎ جسٹس جمال مندوخیل نے جواب دیا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم سے نئے ججز کا تعلق نہیں اور ججز کی تعداد میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

‎جسٹس محمد علی نے کہا کہ چار حالیہ ترقی پانے والے ججز ہائیکورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں۔

‎جسٹس مسرت ہلالی نے وضاحت کی کہ ان کا مطلب غلط نہیں لیا جائے، ایسا تاثر دیا جا رہا ہے جیسے انہوں نے غلط سوچ کے ساتھ بات کی ہے۔

‎جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ججز عزت مآب ہیں، انہیں رگڑا نہ دیا جائے۔

‎جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے ہر اجلاس میں انہوں نے اور چیف جسٹس نے مطالبہ کیا کہ آئینی بینچ میں تمام ججز کو شامل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دائرہ اختیار کو چھوڑیں، ایسا راستہ بتائیں جس میں تمام ججز بینچ میں بیٹھ جائیں۔

‎منیر اے ملک نے کہا کہ صرف وہ ججز شامل ہوں جو 26 ویں ترمیم سے پہلے والے ہیں۔

‎جسٹس جمال مندوخیل نے جواب دیا کہ ہم اپنے دوسرے ساتھی ججز کو کیسے چھوڑ سکتے ہیں۔

‎جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ اگر صرف 8 ججز رہ جائیں تو باقی ریٹائر ہو جائیں گے؟ جسٹس امین الدین نے کہا کہ یہ تو فیصلہ ہونے کے بعد پتہ چلے گا۔

‎جسٹس جمال مندوخیل نے سوال کیا کہ اگر 26 ویں ترمیم کے بعد والے ججز کو بینچ سے نکال دیا جائے تو بینچ کی سربراہی کون سا چیف جسٹس کرے گا؟ انہوں نے کہا کہ کبھی ایسا ہوا ہے کہ کوئی جج سپریم کورٹ میں آیا ہو اور پھر واپس چلا گیا ہو؟

‎جسٹس امین الدین نے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے آپ کو موجودہ آئینی بینچ کے ججز پر اعتماد نہیں۔

‎جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ ججز نے چاہتے یا نہ چاہتے ہوئے 26 ویں آئینی ترمیم کو تسلیم کر لیا ہے۔

‎منیر اے ملک نے اپنے دلائل مکمل کیے جس کے بعد سابق سپریم کورٹ بار کے چھ صدور کے وکیل عابد زبیری نے اپنے دلائل کا آغاز کیا۔

‎عدالت نے سماعت سوموار تک ملتوی کر دی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here