10 اکتوبر 2025
تحریر: فرحان طارق
مظفرآباد: پانچ روزہ مسلسل ہڑتال اور شٹر ڈاؤن کے بعد آزاد جموں و کشمیر میں زندگی معمول کی جانب لوٹ رہی ہے۔ گزشتہ دو روز سے دارالحکومت مظفرآباد کی سڑکوں پر ٹریفک کا ہجوم معمول سے زیادہ نظر آ رہا ہے، جبکہ تعلیمی ادارے دوبارہ کھل چکے ہیں۔ تاہم 29 ستمبر کے احتجاج کے سیاسی و انتظامی آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔
وفاقی حکومت کی مصالحتی کمیٹی اور جموں کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے بعد عوام میں اطمینان کی کیفیت ہے۔ آزاد کشمیر کے تمام داخلی راستے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھل چکے ہیں۔
عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر فیصل جمیل کشمیری نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا، “معاہدوں پر دستخط ہو چکے ہیں، اب عملدرآمد ہونا باقی ہے۔”
عوامی ایکشن کمیٹی رہنماؤں کے خلاف ایف آئی آر درج
احتجاج کے اختتام کے باوجود، تھانہ صدر مظفرآباد سے عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبران سمیت سینکڑوں کارکنان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی آر ایس ایچ او تھانہ صدر نوید الحسن کی مدعیت میں درج کی گئی ہے، جس میں دفعات 147، 302، 137، 347، 149، 148، 337، 141، 353، 427، 123A اور 186 شامل ہیں۔
ایف آئی آر میں عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبران شوکت نواز میر، انجم زمان، راجہ صیب جاوید، خواجہ مجتبیٰ بانڈے، فیصل جمیل کشمیری، ندیم قریشی، اشتیاق مغل، شکیل مغل، طارق قریشی، راجہ مصطفیٰ اور صاحبزادہ وقاص سمیت درجنوں دیگر کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز مسلم کانفرنس کے مرکزی چیف آرگنائزر ثاقب مجید نے بھی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کے خلاف مقدمے کے اندراج کا اعلان کیا تھا۔
معاہدے کی خلاف ورزی کے خدشات
قابل ذکر ہے کہ وفاقی مصالحتی کمیٹی اور عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کے دوران تمام مقدمات کے خاتمے پر اتفاق ہو چکا ہے۔ تاہم تازہ ایف آئی آر کے اندراج سے ایک بار پھر سیاسی کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
انٹرنیٹ خدمات کی بحالی میں مشکلات
ہڑتال کے دوران انٹرنیٹ اور موبائل سروسز کی مکمل بندش سے لاکھوں شہری متاثر ہوئے۔ اگرچہ خدمات بحال ہو چکی ہیں، لیکن شہریوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہے اور فائر وال کی وجہ سے سوشل میڈیا ایپس استعمال نہیں ہو رہیں۔
سیاسی بحران
دوسری جانب، آزاد کشمیر میں سیاسی غیر یقینی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ گہری ہوتی جا رہی ہے۔ وزیراعظم چوہدری انوار الحق کی قیادت میں حکومت کے دونوں بڑے اتحادی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)، آئندہ انتخابات سے قبل اتحاد سے دستبردار ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی نے بدھ کو اسلام آباد میں علاقائی صدر چوہدری محمد یاسین کی زیر صدارت اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ پارٹی کو اپنی سیاسی ساکھ بچانے کے لیے جلد حکومت چھوڑ دینی چاہیے۔
مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کو پیشکش کی ہے کہ قائد ایوان کے نئے انتخاب میں ان کی حمایت کریں گے، لیکن خود اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کو ترجیح دیں گے۔
ذرائع کے مطابق، جب وزیراعظم شہباز شریف کو JAAC کے ساتھ حالیہ معاہدے کے بارے میں بریفنگ دی گئی تو انہیں بتایا گیا کہ ایسا لگتا ہے کہ وزیراعظم چوہدری انوار الحق خود تحریک کی حمایت کر رہے تھے۔
مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اشارہ دیا تھا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کو تبدیل کیا جا سکتا ہے، تاہم بعد میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ آزاد کشمیر کا اندرونی معاملہ ہے۔
عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ معاہدے کے مطابق، وزیراعظم چوہدری انوار الحق پر پاکستان میں مقیم مہاجرین کے 12 حلقوں سے منتخب ہونے والے 8 کابینہ ارکان کو ہٹانے کا شدید دباؤ ہے۔ ان وزراء کا تعلق تینوں اتحادی جماعتوں سے ہے۔
مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے دو وزراء نے سوشل میڈیا پر وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے انہیں خود مستعفی ہونے پر زور دیا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ابھی تک ان الزامات کا جواب نہیں دیا۔
پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی جمعے کی سہ پہر کراچی میں زرداری ہاؤس میں اجلاس کرے گی، جہاں پارٹی کی مرکزی قیادت حتمی فیصلہ کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار تنویر الیاس کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
مظفرآباد کی گلیوں میں اگرچہ زندگی واپس آ چکی ہے، لیکن عوامی ایکشن کمیٹی رہنماؤں کے خلاف مقدمات کی درجی اور حکومتی بحران کی صورت میں شہریوں کے ذہنوں میں سوالات برقرار ہیں — کیا یہ تبدیلی پائیدار ہوگی؟ فی الحال امید باقی ہے، اور شاید یہی امید اس خطے کی اصل طاقت ہے۔