15 اکتوبر 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواستوں پر جمعرات کو آٹھ رکنی آئینی بینچ نے سماعت کی۔ سماعت امین الدین خان کی سربراہی میں ہونے والے آئینی بینچ نے کی۔ بینچ میں جمال مندوخیل، محمد علی مظہر، عائشہ ملک، حسن اظہر رضوی، مسرت ہلالی، نعیم اختر افغان اور شاہد بلال حسن شامل تھے۔ سماعت کو براہ راست نشر بھی کیا گیا۔

سماعت کے آغاز پر سپریم کورٹ بار کے سابق صدر وکیل عابد زبیری روسٹرم پر آئے تو جسٹس جمال مندوخیل نے کہا، “امید ہے آج آپ اپنے دلائل مکمل کر لیں گے۔” جس پر عابد زبیری نے جواب دیا کہ وہ آج ہی دلائل مکمل کر لیں گے۔

سینئر وکیل اکرم شیخ نے عدالت سے مختصر بات کرنے کی اجازت مانگی اور کہا کہ ججز اور وکلا کو تحمل سے کام لینا چاہیے اور تلخیاں ختم کرنے کے لیے سماعت اللہ کے نام سے شروع ہونی چاہیے۔ جسٹس جمال مندوخیل نے انہیں تسلی دیتے ہوئے کہا کہ کوئی سنجیدہ معاملہ نہیں ہے۔ اکرم شیخ نے اعتراض کیا کہ وکیل عابد زبیری تین چار دن سے دلائل دے رہے ہیں، ان کے وقت کا تعین کیا جائے۔ اس پر جسٹس امین الدین نے ریمارکس دیے، “آپ جب دلائل دیں گے تو آپ کا وقت بھی مقرر نہیں ہوگا۔”

آئینی بینچز کی تشکیل کا اختیار کہاں ہے؟

وکیل عابد زبیری نے اپنے دلائل میں کہا کہ آئینی بینچز کی تشکیل کا اختیار آئینی کمیٹی کے پاس ہے اور کمیٹی صرف آئینی بینچ میں شامل 15 ججز کو شامل کر سکتی ہے، دوسرے ججز کو شامل نہیں کیا جا سکتا۔ ریگولر بینچز کی تشکیل پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا اختیار ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ فل کورٹ اور آئینی بینچ میں فرق ہے اور اس حوالے سے مختلف عدالتی فیصلے بھی پیش کیے۔

بینچ کی جانب سے سخت سوالات

ججز نے عابد زبیری سے استفسار کیا کہ ان کی استدعا کیا ہے۔ عابد زبیری نے جواب دیا کہ ان کی استدعا فل کورٹ کی تشکیل ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ ان کے دلائل اس وقت کے فیصلوں پر مبنی ہیں جب آرٹیکل 191 اے نہیں تھا، آج کا آئینی بینچ اسی آرٹیکل کے تحت بنا ہے۔ انہوں نے پوچھا، “کیا آپ چاہتے ہیں کہ ہم آئینی بینچ میں رہتے ہوئے فل کورٹ بنانے کا حکم دے سکیں؟”

جسٹس محمد علی مظہر نے مزید کہا کہ “آئینی بینچ 26ویں آئینی ترمیم کا کیس سن سکتا ہے اور ضرورت پڑنے پر تمام آئینی بینچ کے ججز کو شامل کیا جا سکتا ہے، لیکن اگر آپ کہیں فلاں جج بیٹھے اور فلاں نہ بیٹھے تو یہ عجیب بات ہوگی۔”

چیف جسٹس کے اختیارات پر بحث

عابد زبیری نے مؤقف اختیار کیا کہ چیف جسٹس سے فل کورٹ کی تشکیل کی ہدایت جاری کی جا سکتی ہے۔ اس پر جسٹس امین الدین نے کہا کہ اگر فل کورٹ کا جوڈیشل آرڈر پاس کیا جائے تو یہ آئینی بینچ کے دائرہ اختیار سے باہر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کے پاس اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹو اختیارات نہیں۔

جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس مندوخیل کے اہم ریمارکس

جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ “کیا ہم جوڈیشل کمیشن کو حکم نہیں دے سکتے کہ وہ ان ججز کو شامل کرے؟” انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 191 اے آئینی بینچ کی تشکیل کا اختیار جوڈیشل کمیشن کو دیتا ہے اور عدالت متعلقہ اتھارٹی کو حکم دے سکتی ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ “کیا ہم مان لیں کہ جوڈیشل کمیشن سپریم کورٹ سے بالاتر ہے؟” اور خود ہی وضاحت کی کہ کمیشن کے اوپر عدالت کی جوڈیشل پاور ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “کمیشن کوئی غیر قانونی کام کرے تو ہم اس کا جائزہ لے سکتے ہیں۔”

بینچ اور فل کورٹ میں فرق

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ “آپ کی تعریف کے مطابق کمیٹی کے پاس فل کورٹ بنانے کا اختیار نہیں۔” عابد زبیری نے کہا کہ اگر چیف جسٹس آئینی بینچ کے سربراہ ہوں تو وہ فل کورٹ تشکیل دے سکتے ہیں۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ “پاکستان میں ابھی آئینی بینچز بنے ہیں، دیگر ممالک میں یہ بہت عرصے سے موجود ہیں۔ کیا کہیں ایسا ہوا کہ انہوں نے آئینی معاملہ غیر آئینی بینچ کو بھجوایا ہو؟” عابد زبیری نے جنوبی افریقہ کی مثال دی کہ وہاں آئینی بینچ ہے لیکن اپیل سپریم کورٹ میں ہوتی ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ بھارت میں چیف جسٹس کو آئینی بینچ بنانے کا اختیار دیا گیا ہے لیکن یہاں صورتحال مختلف ہے۔

16 رکنی بینچ کی استدعا اور تضادات

جسٹس امین الدین نے کہا کہ آپ کی درخواست فل کورٹ کی نہیں بلکہ 16 رکنی بینچ کی ہے۔ جسٹس عائشہ ملک نے سوال اٹھایا کہ “کیا آرٹیکل 191 اے کا مطلب ہے کہ اب فل کورٹ کبھی نہیں بیٹھ سکے گا؟” انہوں نے لارجر بینچ کے فیصلوں کے اوور ٹرن نہ ہونے پر بھی سوال کیا۔

جسٹس نعیم اختر افغان نے پوچھا کہ اگر آج عدالت جوڈیشل کمیشن کو تمام ججز نامزد کرنے کا حکم دیتی ہے اور ووٹنگ میں سب ججز شامل نہ ہو سکے تو کیا ہوگا؟ کیا عدالت اس ووٹنگ کے عمل کو روک سکتی ہے؟ عابد زبیری نے کہا کہ عدالت آئینی بینچ کے ججز کی تعداد بڑھانے کا حکم دے سکتی ہے لیکن یہ جوڈیشل کمیشن کا اختیار ہے کہ کون شامل ہوگا۔

چیف جسٹس کا ممکنہ کردار

جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ فل کورٹ کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھیجا جا سکتا ہے، کمیٹی کا دائرہ اختیار آئینی بینچ تک محدود ہے۔ جسٹس مندوخیل نے اشارہ دیا کہ ماضی میں کمیٹی نے کمیشن سے مزید ججز کی درخواست بھی کی تھی جس پر کمیشن نے کہا تھا کہ مخصوص نام نہ لیں بلکہ تعداد بتائیں۔

آئینی تضادات پر گفتگو

جسٹس امین الدین نے کہا کہ آج سپریم کورٹ میں 34 ججز کی گنجائش ہے، اگر 16 ججز کو سننے کا اختیار دے دیا جائے تو باقی کیا کریں گے؟ جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ چیف جسٹس اس ترمیم کے بینیفیشری ہیں جبکہ جسٹس منصور متاثرہ فریق ہیں، ایسے میں معاملہ واپس جسٹس امین الدین کے پاس آسکتا ہے۔

عابد زبیری نے کہا، “یہ صوابدید چیف جسٹس کی ہوگی، میں ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا کہ کون سا بینچ بنے۔ میرا مؤقف یہ ہے کہ ملک کے اس اہم کیس میں تمام ججز کی اجتماعی دانش سامنے آنی چاہیے۔”

طویل بحث کے بعد عدالت نے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

وکیل عابد زبیری کی میڈیا سے گفتگو

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عابد زبیری نے کہا کہ فیصلہ کرنا ججز کا کام ہے، ہمارا مدعا یہ ہے کہ پہلے والے ججز ہی کیس سنیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی جج پر جانبداری کا الزام نہیں لگا رہے، لیکن چونکہ یہ ترمیم چیلنج ہوئی ہے، اس لیے بعد میں آنے والے ججز کو کیس نہیں سننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ججز کے درمیان تلخ کلامی کو سنجیدہ نہ لیا جائے، یہ معمول کا معاملہ ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here