16 اکتوبر 2025

تحریر

اسلام گل


لنڈی کوتل: پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث طورخم سمیت تمام سرحدی گزرگاہوں کی بندش سے ہزاروں افراد بے روزگار ہو گئے ہیں۔ اگرچہ دونوں ممالک نے عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، تاہم صورتحال ابھی تک معمول پر نہیں آسکی۔

گیارہ اور بارہ اکتوبر کی درمیانی شب افغان طالبان کی جانب سے پاکستان کی سیکیورٹی چوکیوں پر حملے اور اس کے جواب میں پاکستانی کارروائیوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔ اس کے نتیجے میں طورخم کے علاوہ خرلاچی، غلام خان، انگور اڈہ اور چمن کی سرحدی گزرگاہیں ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دی گئیں۔

ڈرائیوروں کی مشکلات

پاک افغان شاہراہ پر جمرود اور لنڈی کوتل کے مقامات پر افغانستان جانے والی مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔ ڈرائیور وقاص، جو پاکستان سے سیمنٹ لے کر افغانستان جا رہا تھا، گزشتہ پانچ روز سے لنڈی کوتل میں سڑک کے کنارے کھڑا ہے۔

“یہاں کسی قسم کی سہولت نہیں ہے، بھاری وزن کی وجہ سے گاڑی کو نقصان پہنچ رہا ہے اور مال خراب ہونے کا خدشہ بھی ہے،” وقاص نے بتایا۔ ان کے مطابق سرحد کب کھلے گی، اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی۔

معاشی اثرات

تقریباً دس ہزار مقامی افراد کا روزگار طورخم سرحد سے وابستہ ہے۔ لنڈی کوتل تاجر یونین کے نائب صدر فیصل ملوک نے بتایا کہ جب طورخم سرحد بند ہو جاتی ہے تو علاقے میں تجارتی سرگرمیاں تقریباً ختم ہو جاتی ہیں۔ “مقامی لوگوں کی آمدنی کا بڑا ذریعہ سرحدی تجارت ہے، لیکن موجودہ وقت میں بازاروں میں گاہک نہ ہونے کے برابر ہیں۔ زیادہ تر غریب مزدور صبح سویرے طورخم کمائی کے لیے جاتے تھے اور شام کو گھر کے لیے خریداری کرتے تھے، مگر سرحد کی بندش نے ان کے گھروں کے چولہے بجھا دیے ہیں،” فیصل ملوک نے کہا۔ سرحدی حکام کے مطابق طورخم کے راستے روزانہ تقریباً دس ہزار افراد اور پانچ سو سے زیادہ گاڑیاں آتی جاتی تھیں۔

اس وقت افغانستان سے ٹماٹر، پیاز، سیب، انگور اور انار درآمد کیے جاتے تھے، لیکن سرحد بند ہونے کی وجہ سے ان اشیا کی قیمتوں میں پاکستان میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔

ٹرک مالکان کی پریشانی

رحمان اللہ، جو ایک ٹرک مالک ہیں، لنڈی کوتل میں اپنے ساتھی کے ساتھ سرحد کھلنے کے انتظار میں ہیں۔ “دونوں ممالک کے درمیان خراب تعلقات کے باعث مال بردار گاڑیوں کے مالکان کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ مالکان کی جانب سے کوئی اضافی ادائیگی نہیں کی جاتی اور تمام خرچے خود برداشت کرنے پڑتے ہیں،” انہوں نے کہا۔

افغان مہاجرین کا انخلا متاثر

طورخم سرحد کی بندش کے باعث پاکستان سے افغان مہاجرین کے انخلا کا عمل بھی متاثر ہوا ہے۔ دوسری جانب سندھ اور پنجاب کے وزرائے اعلیٰ نے مہاجرین کے انخلا کے عمل کو تیز کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کابل اور اسلام آباد کے درمیان حالیہ کشیدگی کو کم کرنے اور طورخم سمیت دیگر سرحدی گزرگاہیں کھولنے کے لیے تاحال بات چیت کا آغاز نہیں ہو سکا۔

خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنی پہلی تقریر میں افغانستان کے ساتھ تعلقات کی بہتری اور قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مرکزی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون پر زور دیا ہے۔

تاجروں اور ٹرک مالکان نے دونوں ممالک کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کر کے سرحدی گزرگاہوں کو جلد از جلد آمدورفت کے لیے کھول دیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here