۲۳ اکتوبر ۲۰۲۵
سٹاف رپورٹ
لاہور
پاکستان تحریکِ انصاف خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر جنید اکبر خان نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی میں ان کی جماعت سے غلطیاں ہوئیں اور اسی لیے آج وہ ان کا خمیازہ بھگت رہی ہے، کیونکہ اُس وقت ان کی سوچ محدود تھی۔ انہوں نے کہا ہم چیزوں کو اسی طرح دیکھتے تھے جیسے ہمیں دکھایا جاتا تھا، لیکن اب ہم ان غلطیوں کا ازالہ کریں گے۔
آج نیوز کے پروگرام “اسپاٹ لائٹ” میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر خان نے کہا کہ “ہمیں بتایا گیا تھا کہ منظور پشتین اور علی وزیر اینٹی اسٹیٹ ہیں اور یہ ’را‘ سے پیسے لیتے ہیں، لیکن بعد میں انہی دونوں سے ووٹ لے کر ہماری حکومت گرائی گئی۔”
’ایکشن ان ایڈ آف سول پاور‘ کا قانون ختم کر دیں گے’
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا خیبر پختونخوا کی نئی حکومت “ایکشن ان ایڈ آف سول پاور” کا قانون ختم کرے گی، تو جنید اکبر خان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی کابینہ بنے گی، وزیرِاعلیٰ اس قانون کے خاتمے سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت فوج کو طلب کرنے کے نوٹیفکیشن کو بھی واپس لے لے گی۔
انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ سہیل آفریدی کا نام بطور وزیرِاعلیٰ واپس لینے کے لیے دباؤ تھا، اور انہیں اور دیگر پارٹی رہنماؤں کو تجویز دی گئی تھی کہ سہیل آفریدی کی جگہ کسی اور کو لے آئیں، لیکن “ہم نے واضح کر دیا کہ عمران خان کے فیصلے کو واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔”
کابینہ میں تاخیر سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وزیرِاعلیٰ سہیل آفریدی کو بانیِ تحریک انصاف عمران خان سے جیل میں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر ملاقات نہ بھی ہو سکے تو سہیل آفریدی آٹھ رکنی کابینہ بنا کر حکومت مکمل کر سکتے ہیں، اور بعد ازاں عمران خان سے ملاقات کے بعد کابینہ میں توسیع کی جا سکتی ہے۔
بیرسٹر سیف سے متعلق سوال پر جنید اکبر خان نے کہا کہ انہیں کابینہ میں شامل کرنا یا نہ کرنا وزیرِاعلیٰ کا صوابدیدی اختیار ہے۔
تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ ماضی میں تو وہ خود اور دیگر رہنما کہہ چکے ہیں کہ بیرسٹر سیف کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، تو ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں شامل ہر شخص کا پارٹی سے تعلق ہونا ضروری نہیں۔
’تحریک انصاف عدالتوں کے بائیکاٹ پر غور کر رہی ہے‘
احتجاج سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جب بھی عمران خان کا حکم آئے گا، وہ 24 گھنٹے کے نوٹس پر احتجاج کے لیے تیار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ “ہم جمہوری لوگ ہیں، اسی لیے عدالتوں سمیت تمام فورمز کو استعمال کر رہے ہیں۔”
تاہم انہوں نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف سنجیدگی سے عدالتوں کے بائیکاٹ پر غور کر رہی ہے، “کیونکہ ہمیں ان سے انصاف کی توقع نہیں۔ جس طرح تحریک انصاف کے رہنماؤں کی نااہلیاں ہو رہی ہیں اور سزائیں دی جا رہی ہیں، اس سے لگتا ہے کہ یہ راستہ بند ہو چکا ہے۔”
عشقِ عمران یا عشقِ عوام؛ کے پی حکومت کی ترجیح کیا ہوگی؟
میزبان منیزے جہانگیر نے وزیرِاعلیٰ کی پہلی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھا کہ “کیا حکومت کی ترجیح عشقِ عمران ہوگی یا عشقِ عوام؟”
اس پر جنید اکبر خان نے کہا کہ “اس الیکشن میں عوام نے ہمیں ووٹ عمران خان کے نام پر دیا۔ ہمارا ووٹر ہم سے ذاتی مسائل پر بات نہیں کرتا، صرف عمران خان کی رہائی کے بارے میں سوال کرتا ہے، اس لیے ہماری ترجیح بھی یہی ہے۔”
’طالبان کو واپس بسانے کا فیصلہ ریاست کا تھا‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ کے پی حکومت ملٹری آپریشن کے خلاف کیوں ہے، تو جنید اکبر خان کا کہنا تھا کہ “پی ٹی آئی اقتدار میں آنے سے پہلے بھی ملٹری آپریشنز کے خلاف تھی، کیونکہ بڑے آپریشنز کے باوجود دہشت گردی میں کمی کے بجائے اضافہ ہوا۔”
تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ ماضی میں تحریک انصاف کے دور میں طالبان کو واپس لا کر بسانے کا فیصلہ کیوں کیا گیا، تو انہوں نے کہا کہ “یہ فیصلہ تحریک انصاف کی حکومت کا نہیں بلکہ ریاست کا تھا۔ اُس وقت کے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی ہمیں بریفنگ دیتے تھے اور بتایا جاتا تھا کہ طالبان ہمارے اپنے لوگ ہیں، ہم ان کے خلاف جنگ نہیں لڑ سکتے۔ اس لیے انہیں واپس لا کر بسایا جائے اور روزگار دیا جائے۔”
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس پالیسی کے لیے آرمی چیف نے دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی تعاون مانگا تھا، “اور انہی میٹنگز کے ذریعے اپوزیشن کے اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات بحال ہوئے، جس کے بعد تحریک انصاف کی حکومت گرائی گئی۔”