28 اکتوبر 2025

سٹاف رپورٹ


وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے قومی ورثہ حذیفہ رحمان نے کہا ہے کہ وفاق ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا اور ان کے خلاف آپریشن ہوگا۔

آج ٹی وی کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وفاقی کابینہ کے رکن حذیفہ رحمان نے واضح کیا کہ وزیرِ اعلیٰ کی “آپریشن نہ کرنے” والی بات کی کوئی وقعت نہیں ہے اور اگر وہ اپنی حد سے تجاوز کریں گے تو وہی سیکشن آفیسر جن کے دستخط کے ذریعے وہ منصب پر بیٹھے تھے، اسی آفیسر کے دستخط سے اس منصب سے ہٹائے بھی جا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کو ملٹری آپریشن کرنے سے روکا اور ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات پر مجبور کیا تو وفاق گورنر راج لگانے کا آپشن بھی استعمال کر سکتا ہے۔

پروگرام میں شریک تحریکِ انصاف کی رہنما مینا خان نے اس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر وفاقی حکومت آپریشن کرنا چاہتی ہے تو خیبر پختونخواہ کی صوبائی اسمبلی میں موجود لیڈرِ آف دی اپوزیشن سے صرف ایک بیان بھی دلوا کر دکھا دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر کے پی حکومت اور قبائلی عمائدین کو مذاکرات میں شامل کیا جاتا ہے تو اس کے دور رس نتائج ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کسی صوبے میں گورنر راج آئین کے آرٹیکل دو سو چونتیس کے تحت صرف اُس وقت نافذ کیا جا سکتا ہے جب صوبائی حکومت آئین کے مطابق کام کرنے میں ناکام ہو جائے یا صوبے میں آئینی یا انتظامی بحران پیدا ہو جائے۔ اس صورت میں گورنر صدرِ مملکت کو رپورٹ بھیجتا ہے کہ صوبائی مشینری مفلوج ہو گئی ہے۔ صدر، گورنر کی رپورٹ یا اپنے اطمینان کی بنیاد پر ایک اعلامیہ جاری کرتا ہے جس کے ذریعے صوبائی اسمبلی کو معطل یا تحلیل کیا جا سکتا ہے اور گورنر صوبے کا انتظام صدر کی جانب سے سنبھال لیتا ہے۔ اس دوران پارلیمنٹ کو صوبے کے لیے قانون سازی کا اختیار حاصل ہو جاتا ہے۔ یہ اعلامیہ دس دن کے اندر قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کیا جاتا ہے اور پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد چھ ماہ تک نافذ رہ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ اس وقت خیبر پختونخواہ کی گورنر شپ پاکستان پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی کے پاس ہے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے، پروگرام میں شریک پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق سپیکر سندھ اسمبلی نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی گورنر راج کے حق میں نہیں ہے اور اگر ہماری ایسی ذہنیت ہوتی تو ہم وزیرِ اعلیٰ سے حلف کیوں لیتے؟

‘تحریکِ لبیک پر پابندی ریورس نہیں ہوگی’

پروگرام میں تحریکِ لبیک پر پابندی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے قومی ورثہ حذیفہ رحمان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے کبھی ٹی ایل پی کے لیے نرم گوشہ نہیں رکھا۔ اس جماعت پر پابندی کے لیے جو بھی اقدام کرنا ہوگا وہ کیا جائے گا اور یہ فیصلہ ریورس نہیں ہوگا۔

تاہم تحریکِ انصاف کی رہنما مینا خان نے تحریکِ لبیک پر پابندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں ایسی جماعتیں بنانی نہیں چاہیے، لیکن اگر بن جائیں تو انہیں ایسے غیر جمہوری طریقے سے ختم نہیں کرنا چاہیے۔ تحریکِ لبیک ہمیشہ سے تحریکِ انصاف کو کاؤنٹر کرتی رہی ہے۔

نثار کھوڑو نے بھی کہا کہ اگر کوئی جماعت بن جائے تو پھر اس پر پابندی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرا خیال ہے تحریکِ انصاف کو بھی ان کا انتخابی نشان واپس ملنا چاہیے تاکہ وہ سیاست کر سکیں۔ اس طرح کرنے سے پارٹیاں ختم نہیں ہوتیں۔

جس پر حذیفہ رحمان نے جواب دیا کہ ہمیں لگتا ہے تحریکِ انصاف کو بلے کا نشان نہ دینے کا ہمیں نقصان ہوا ہے۔ اس سے لوگوں کے غصّے میں اضافہ ہوا اور انہوں نے انتقاماً تحریکِ انصاف کو زیادہ ووٹ دیے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here