28 اکتوبر 2025
تحریر
شوکت کورائی
کراچی: پاکستان کی پسماندہ شیدی کمیونٹی نے طویل عرصے بعد اپنے کلچر سے جڑا ایک روزہ شیدی فیسٹیول منعقد کیا۔ کراچی کے علاقے منگھوپیر میں منعقدہ اس فیسٹیول میں سندھ کے مختلف علاقوں سے شیدی کمیونٹی کے لوگ شریک ہوئے۔
روایتی رقص اور مگرمچھ کو گوشت کھلانے کی رسم
فیسٹیول کا آغاز شیدی کمیونٹی کے روایتی رقص سے ہوا۔ برادری کے افراد دھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے منگھوپیر کے تالاب پر پہنچے، جہاں تقریباً 200 مگرمچھ رہتے ہیں۔
روایت کے مطابق شرکا نے تالاب میں موجود ایک بزرگ مگرمچھ کو، جسے “مور” کہا جاتا ہے، گوشت اور حلوہ کھلایا اور اس پر سندور کے ساتھ پھول نچھاور کیے۔ شرکا کا عقیدہ ہے کہ اگر مور گوشت قبول کر لے تو آنے والا سال خوشحالی کا پیغام ہوگا۔
اس کے بعد منگھوپیر کی مزار پر حاضری دی گئی۔ ننگے پاؤں دھمال ڈالتے ہوئے شرکا کے سر پر رومال اور ہاتھوں میں ڈنڈے ہوتے ہیں۔ رفتہ رفتہ ان پر وجد کی کیفیت طاری ہو جاتی ہے۔ ان کے نغموں اور ورد میں آبائی زبان کے الفاظ ہوتے ہیں جو نسل در نسل منتقل ہوتے آئے ہیں۔
دہشت گردی کے باعث فیسٹیول محدود
کمیونٹی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں شیدی فیسٹیول چار روز تک جاری رہتا تھا، لیکن ملک میں دہشت گردی کے باعث اسے ایک روز تک محدود کر دیا گیا۔ کئی برسوں بعد فیسٹیول کے شرکا نے منگھوپیر کے مزار کا رخ کیا ہے۔ دہشت گردی کے خدشات کی وجہ سے انہیں خوف تھا کہ کہیں ان پر حملہ نہ ہو جائے۔
تعلیم کی طرف بڑھتے قدم
کمیونٹی کے لوگوں کی شکایت ہے کہ انہیں وہ مواقع حاصل نہیں جن سے وہ ترقی کر سکیں۔ تاہم وہ اپنی برادری میں احساس محرومی کے خاتمے اور حصول تعلیم کے لیے کوشاں ہیں۔
شیدی گوٹھ کی مکین لائبا منصور اور صبا شیدی کا کہنا ہے کہ ان کی برادری کی نوجوان نسل تعلیم کو ترجیح تو دے رہی ہے لیکن انہیں ابھی وقت لگے گا۔ اب برادری بچیوں کو بھی اسکول بھیج رہی ہے جس سے بچیوں کی بڑی تعداد تعلیم حاصل کر رہی ہے۔
صبا شیدی کا کہنا ہے کہ مالی مشکلات کے باعث وہ اچھے اداروں میں تعلیم حاصل نہیں کر پائیں، لیکن وہ گریجویشن مکمل کر رہی ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ ٹیچر بنیں اور اپنی کمیونٹی کی بچیوں کو تعلیم دیں۔
افریقہ سے برصغیر تک کا سفر
شیدی کمیونٹی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے آباؤ اجداد مختلف ادوار میں افریقہ سے سندھ آئے اور یہاں آباد ہو گئے۔ منصور شیدی کا کہنا ہے کہ ان کی برادری نہ صرف پاکستان بلکہ برصغیر میں بھی آباد ہے۔ پاکستان کی نسبت دیگر علاقوں کے لوگ زیادہ تعلیم یافتہ اور خوشحال ہیں۔
ثقافتی ورثے کی تجدید
پاکستان کی شیدی کمیونٹی کے لیے یہ فیسٹیول نہ صرف ثقافتی ورثے کی تجدید ہے بلکہ اس کا مقصد کمیونٹی کی نوجوان نسل کو احساس محرومی سے نکالنا بھی ہے۔ مگرمچھ کو گوشت اور حلوہ کھلانے اور مزار پر حاضری کے بعد شرکا اسی مقام پر واپس آ جاتے ہیں جہاں سے انہوں نے اس ثقافتی روایت کا آغاز کیا تھا۔