30 اکتوبر 2025

رپورٹ: شوکت کورائی


کراچی: منگل کے روز طلبہ تنظیم کے مرکزی رہنما غنی امان چانڈیو کو نجی اسپتال کے احاطے سے سیکیورٹی اہلکار اٹھا کر لے گئے۔ ان کی بازیابی کے لیے اہلخانہ اور کارکنان نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ لگا رکھا ہے۔

جڑواں بیٹیوں کی عیادت کے لیے اسپتال آئے تھے: بہن

غنی امان چانڈیو کی بہن سندھو امان چانڈیو کے مطابق، ان کے بھائی کی جڑواں بیٹیاں کراچی کے میمونہ اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔ 28 اکتوبر کو رینجرز سمیت نقاب پوش افراد نے اسپتال کا محاصرہ کر دیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا نظام بھی اپنے کنٹرول میں لے لیا۔

سندھو امان کا کہنا ہے کہ “انہوں نے میرے بھائی غنی امان کو گرفتار کر لیا، ان کے ہاتھ باندھ دیے اور منہ پر کپڑا ڈال کر نامعلوم مقام پر لے گئے۔ اب تک ان کا کوئی پتا نہیں ہے۔”

عینی شاہدین کے مطابق، سادہ لباس میں ملبوس افراد نے وردی پوش قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ہمراہ غنی کو اغوا کیا، اسپتال میں موجود لوگوں کو ڈرایا اور خاندان کے تمام افراد کے موبائل فونز ضبط کر لیے۔ غنی امان کا شناختی کارڈ اور دیگر سامان بھی لے جایا گیا۔

غنی امان کون ہیں؟

غنی امان سندھین نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے چیف آرگنائزر ہیں اور سندھ میں ایک طالب علم رہنما کے طور پر برسوں سے ریاستی جبر اور سماجی ناانصافیوں کے مسائل پر بات کرتے رہے ہیں۔ وہ چولستان کینال پر مظاہروں کو منظم کرنے میں سرگرم رہے ہیں اور سندھ میں ماورائے عدالت قتل کے بارے میں مسلسل آواز اٹھاتے رہے ہیں۔

انہیں اس سے قبل ایک مقامی یونیورسٹی میں طالب علموں کے ایک لیکچر کے دوران “ریاست مخالف” نعرے لگانے کے الزام میں فوجداری مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔

سندھ ہائیکورٹ میں بازیابی کے لیے پٹیشن دائر

غنی امان کی بازیابی کے لیے سندھو امان کی جانب سے سندھ ہائیکورٹ میں آئینی پٹیشن دائر کر دی گئی ہے۔ سندھو امان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بھائی سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتی ہیں۔ “اگر کسی بھی شخص کے خلاف کوئی الزام ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے،” انہوں نے زور دیا۔

احتجاجی کیمپ

غنی امان کی بازیابی کے لیے اہلخانہ اور کارکنان نے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ لگا رکھا ہے۔ احتجاجی کیمپ میں سیاسی کارکنان، وکلا اور سول سوسائٹی کے نمائندے شریک ہوئے۔ سندھی نیشنل کانگریس کے رہنما سارنگ جویو نے کہا کہ “جنگ کی صورت میں بھی اسپتالوں کے اندر کارروائیاں نہیں کی جاتیں، لیکن غنی امان کو اسپتال کے اندر سے اٹھایا گیا اور وہاں خوف و ہراس پھیلایا گیا۔”

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں سے رجوع کیا گیا ہے اور ان سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غنی امان سمیت دیگر سیاسی کارکنان جو برسوں سے لاپتہ ہیں، ان کی بازیابی کے لیے آواز اٹھائیں۔

احتجاجی کیمپ میں شریک سورٹھ سندھو نے کہا: “الزام لگایا جاتا ہے کہ یہ لوگ پاکستان کے قانون کو نہیں مانتے۔ جس طرح غنی امان کو اٹھایا گیا ہے، کیا یہ ملک کا آئین و قانون اجازت دیتا ہے؟ اگر آپ اپنے ہی بنائے گئے آئین و قانون کو نہیں مانتے تو پھر دوسروں پر الزام لگانا درست نہیں ہے۔”

انہوں نے مزید کہا: “اگر غنی امان کی شاعری یا ان کا موقف آپ کو خلافِ آئین لگتا ہے تو انہیں عدالت میں پیش کرتے اور مقدمہ درج کرتے۔”

کیمپ میں موجود عائشہ سرگانی نے کہا کہ ان کے بیٹے کو اس لیے اٹھایا گیا ہے کیونکہ وہ لاپتہ افراد کی بازیابی اور ببرلو دھرنے میں متحرک تھے۔ “جب ان کے بیٹے کو اٹھایا گیا تو وہ بیمار تھے۔ انہیں کچھ نہیں بتایا جا رہا کہ وہ کہاں ہیں۔”

جبری گمشدگی قانون کی نفی: وکلا

وکیل خلیل انصاری نے کہا: “سندھ میں کوئی دہشت گردی کا واقعہ نہیں ہوا۔ کراچی میں 25 لاکھ غیر ملکی رہتے ہیں جو سٹریٹ کرائم سمیت دہشت گردی میں ملوث ہیں، انہیں کچھ بھی نہیں کہا جاتا۔” سیاسی و انسانی حقوق کے کارکنان سمیت وکلا کا کہنا ہے کہ لوگوں کو اٹھا کر غائب کر دینا ملکی آئین و قانون کی نفی ہے۔

مزید گرفتاریاں

سندھی نیشنل کانگریس کے رہنماؤں کے مطابق، گذشتہ دو روز کے دوران غنی امان سمیت فراز میرانی کو بھی اٹھایا گیا ہے، جبکہ اس سے قبل کئی نوجوان برسوں سے لاپتہ ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ غنی امان کے اغوا کے اگلے ہی دن (29 اکتوبر) اسلام آباد سے انسانی حقوق کے وکیل ایڈووکیٹ ہادی علی چٹھہ کو ایک سیشن عدالت سے الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (PECA) کے تحت “ریاست مخالف” اور “متنازعہ” ٹویٹس کے کیس کے سلسلے میں گرفتار کر لیا گیا۔ عدالت میں حاضری کے باوجود انہیں غیر معمولی طور پر گرفتار کیا گیا۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کی مذمت اور بازیابی کا مطالبہ

جوائنٹ ایکشن کمیٹی برائے عوامی حقوق (جے اے سی) نے بدھ کو کہا کہ کراچی میں غنی امان چانڈیو کا اغوا اور اسلام آباد سے ایڈووکیٹ ہادی علی چٹھہ کی گرفتاری ریاست کی طرف سے انتہائی جابرانہ فعل ہے۔

37 انسانی حقوق کی تنظیموں، انسانی حقوق کے محافظوں اور اجتماعی تنظیموں کے اتحاد کا بیان بدھ کو جاری کیا گیا، جس میں ملک میں اختلاف رائے کو خاموش کرنے کے انداز کی شدید مذمت کی گئی۔

پروگریسو سٹوڈنٹ کلیکٹو (PSC) سے تعلق رکھنے والے طالب علم کارکن علی رضا کا کہنا ہے: “غنی امان ایک پرامن سیاسی کارکن ہیں جن پر نہ تو کوئی الزام لگایا گیا ہے اور نہ ہی کوئی مقدمہ چلایا گیا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا: “درحقیقت سیکیورٹی اداروں کی جانب سے یہ اغوا ملک میں ‘خوف سے حکمرانی’ کی حکمت عملی کا حصہ لگتا ہے، وہی حکمت عملی جس کا آغاز ملک کو ایک نام نہاد ہارڈ اسٹیٹ بنانے کے خیال سے ہوا تھا۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ پاکستان جیسے ملک میں، جس کی مزاحمت کی تاریخ ہے، یہ حکمت عملی کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔”

PSC نے غنی امان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ “ہم یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ایسی کارروائیوں سے ہمارے حق سیاست، حق اظہار اور احتجاج کے حق پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔”

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی بدھ کو دونوں واقعات کی مذمت کرتے ہوئے بیان جاری کیا۔

تنظیم نے کہا: “28 اکتوبر کو کراچی کے میمونہ اسپتال سے مبینہ طور پر ریاستی فورسز کے ہاتھوں طالب علم کارکن غنی امان چانڈیو کا اغوا انتہائی پریشان کن ہے۔ اسپتال میں داخل اپنی شیرخوار بیٹی کی عیادت کرنے والے باپ کا اغوا نہ صرف ظالمانہ اور غیر انسانی بلکہ اس کی آزادی، وقار اور مناسب طریقہ کار کے حقوق پر بھی ایک صریح حملہ ہے۔”

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مزید کہا: “ہم غنی کی حفاظت کے بارے میں انتہائی فکر مند ہیں۔ ان کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جائے اور ان کے اغوا کی فوری، مکمل، غیر جانبدارانہ اور موثر تحقیقات کی جائے۔ تمام ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here