31 اکتوبر 2025

تحریر

رانا ملہی


اسلام آباد: انسداد دہشت گردی عدالت میں سینئر صحافی مطیع اللہ جان کے خلاف منشیات اور دہشت گردی کے مقدمے میں فردِ جرم عائد کرنے کی سماعت پراسیکیوشن کی عدم موجودگی کے باعث 8 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی زیرِ صدارت ہونے والی سماعت میں بیرسٹر میاں علی اشفاق نے مطیع اللہ جان کی جانب سے وکالت نامہ جمع کرایا۔

دورانِ سماعت دفاعی وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مطیع اللہ جان کو ایک دہشت گرد کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، حالانکہ وہ ایک سینیئر صحافی ہیں۔ انہوں نے عدالت سے مقدمے سے متعلق مکمل دستاویزات فراہم کرنے کی استدعا کی۔

پراسیکیوشن کی عدم موجودگی پر عدالت نے انہیں نوٹس جاری کیے اور دفاع کی جانب سے دستاویزات فراہم کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 8 نومبر تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے دوران پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ، ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی شریک چیئرپرسن منیزہ جہانگیر، سینیئر صحافی ناصر زیدی اور دیگر صحافی بھی عدالت میں موجود تھے۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر میاں علی اشفاق نے کہا کہ عدالت میں جو چالان جمع کرایا گیا ہے، اس میں میٹیریل ایوی ڈینس موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی اور فرضی واقعے کے علاوہ اس کیس میں کچھ بھی نہیں ہے۔

وائس پی کے سے بات چیت میں مطیع اللہ جان نے کہا کہ انہیں کیس کے مکمل دستاویزات فراہم نہیں کیے گئے، جن کے بغیر فردِ جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے بتایا کہ پراسیکیوٹر پورے سال سماعت میں شریک نہیں ہوئے۔ مطیع اللہ جان نے یہ بھی بتایا کہ وہ کیس کی سماعت کو ویڈیو کے ذریعے براہِ راست نشر کرنے کی درخواست جمع کرا رہے ہیں۔

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی شریک چیئرپرسن منیزہ جہانگیر نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی اداروں نے مطیع اللہ جان پر جھوٹا اور گھناؤنا مقدمہ قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان جانتا ہے کہ یہ ڈرامہ ہے، منشیات اور بندوق تاننے جیسے الزامات سراسر جھوٹے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک نمایاں صحافی پر ایسا سنگین الزام لگایا گیا جس میں سزائے موت کی دفعات شامل ہیں، تو عام شہریوں کے ساتھ کیا سلوک ہوتا ہوگا۔

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ مطیع اللہ جان پر منشیات کا الزام جھوٹا اور بھونڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مقدمہ ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر اب بغیر مکمل چالان کے فردِ جرم عائد کی جا رہی ہے۔

سینئر صحافی مطیع اللہ جان کے خلاف یہ مقدمہ گزشتہ برس 28 نومبر کو تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here