05 نومبر 2025

رپورٹ: شوکت کورائی


کراچی میں دو ہفتوں کے قلیل عرصے میں دو نوجوانوں کی موت کے واقعات نے پولیس تشدد اور ماوراۓ عدالت قتل کے سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

خیرپور کے رہائشی مہمیر تنیو، جو پیشے کے لحاظ سے میڈیکل ٹیکنیشن تھے، کراچی میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ وہ ڈکیت تھا، لیکن ان کے اہلِ خانہ اسے جعلی مقابلہ قرار دے رہے ہیں۔

مہمیر کے بھائی تعمیر حسن تنیو نے وائس پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مہمیر پڑھا لکھا نوجوان تھا اور اپنے پیشہ ورانہ کام کے سلسلے میں کراچی آیا تھا۔ “اس کے پاس 15 لاکھ روپے تھے جو کلینک کا سامان خریدنے کے لیے تھے۔ ہمارا الزام ہے کہ پولیس نے یہ رقم ہتھیانے کے لیے جعلی مقابلہ ترتیب دیا،” انہوں نے کہا۔

مہمیر کی لاش ادھی فاؤنڈیشن کے حوالے کی گئی تھی، جہاں سے اہلِ خانہ کو اطلاع ملی۔ خاندان کا کہنا ہے کہ وہ شفاف عدالتی انکوائری چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں ہائی کورٹ سے بھی رجوع کریں گے۔

ایک ہفتہ قبل عرفان بلوچ کی موت کا الزام بھی پولیس پر عائد کیا گیا۔ بہاولپور سے تعلق رکھنے والے عرفان اپنے والد سے ملنے کراچی آئے تھے۔

عرفان کے ماموں مختار گوپنگ کے مطابق، عرفان عائشہ منزل پل پر دو دوستوں کے ساتھ سیلفی بنا رہے تھے کہ پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا اور سی آئی اے سینٹر پہنچایا، جہاں مبینہ طور پر تشدد کے دوران ان کی موت واقع ہوئی۔

عدالتی کارروائی

عدالت نے عرفان کے قتل کیس کی تحقیقات پولیس سے ایف آئی اے کو منتقل کر دی ہے۔ کیس میں گرفتار دو اہلکار ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں۔ ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر عادل خان جدون کا کہنا ہے کہ چونکہ الزامات پولیس پر ہیں، اس لیے قانون کے مطابق پولیس تحقیقات نہیں کر سکتی۔

عرفان کے اہلِ خانہ کی جانب سے وکیل جبران ناصر ایڈووکیٹ نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ سی آئی اے پولیس نے تینوں نوجوانوں کو عائشہ منزل پل سے گرفتار کیا اور سارا دن موبائل میں گھمانے کے بعد شام کو سی آئی اے سینٹر لے گئے، جہاں عرفان پر تشدد کیا گیا۔

“جس کمرے میں عرفان پر تشدد ہوا، ایس ایچ او اسے سی سی ٹی وی کے ذریعے مانیٹر کر رہے تھے۔ ہم نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ سی سی ٹی وی ریکارڈنگ تحویل میں لی جائے اور ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کو سرچ وارنٹ کی اجازت دی جائے،” جبران ناصر نے بتایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے عرفان کی حالت دیکھ کر پہلے ایک نجی کلینک پر چیک کرایا، بعد میں جناح اسپتال لے گئے جہاں اسپتال والوں نے بتایا کہ وہ زندہ نہیں ہے۔

ماورائے عدالت اور پولیس کسٹڈی میں قتل کے الزامات کراچی پولیس پر نئے نہیں۔ سابق پولیس ایس ایس پی راؤ انوار اور اسلم چودھری پر بھی سینکڑوں نوجوانوں کے قتل کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ یہ واقعات پولیس کے طریقۂ کار اور احتساب کے نظام پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here