۱۰ نومبر ۲۰۲۵

تحریر : عصمت اللہ نیازی


پاکستان میں ملکی غیر ملکی ناقدین ہمیشہ کہتے آئے ہیں کہ ملک کی اشرافیہ چاہے وہ سیاسی ہو یا فوجی آمریت کے دوران ، عوام کے فلاح کے بجائے فیصلے طاقتور گروپوں کے لئے اور انہی کے اشاروں اور دباؤ پر یا پھر اپنے مفاد کے لئے کرتے ہیں اور مقصد کے حصول کے لئے پارلیمان کے استعمال اور اسکی بالادستی پر کمپرومائز سے گریزنہیں کرتے۔

وکلاء تحریک کے ذریعہ جنرل پرویز مشرف کی آمریت کے خاتمے اور پھر 2008 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران اٹھارھویں ترمیم کو 1973 کے آئین کو اصل شکل میں نہ صرف بحالی کی طرف ایک قدم کہا گیا بلکہ صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ کے ذریعہ مالی طور پر مبینہ استحکام ملا۔ تاہم آج 27 ویں ترمیم کا جو مسودہ سینیٹ پیش گیا اسکے مطابق ہم کہہ سکتے ہیں کہ اب ہمیں 73 کے آئین جسے پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیوں نے متفقہ طور پر منظور کیا تھا اب اسکو ہمیشہ کے لئے لائبریری کی ذینت بنانے کا انتظام ہو چکا ہے۔ اس میں وہی پیپلز پارٹی جس کے پہلے دور میں ملک کو متفقہ آئین ملا اس نے اپنی نوے کی دہائی کی بد ترین حریف مسلم لیگ نواز کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے مدفن کرنے کا نہ صرف بندوبست کر لیا ہے بلکہ شاید اب اپنی نوجوان قیادت کو وزیر اعظم بنوانے کے لئے اس بھی آگے جائے۔

حد تو یہ ہے کہ جب 26 ویں آئینی ترمیم کی جا رہی تھی تب بھی پاکستان پیپلز پارٹی کو اچانک میثاق جمہوریت اچانک 18 سال بعد محبت جاگ اٹھی تھی، کہ اس میں آئینی عدالت کے قیام کی شق موجود ہے جس پر اب عمل کرنا ہے۔ تاہم پچھلے سال شدید عوامی اور قانون اور آئین کے ماہرین کی تنقید کے بعد آئینی بینچ کے قیام پر ہی گزارہ کرنا پڑا۔ ناقدین کے خدشات کے عین مطابق یہ تجربہ بری طرح ناکام ہوا اور سپریم کورٹ کے جج نہ صرف گروپوں میں تقسیم ہوئے بلکہ کئی مقدمات میں آئینی بینچ کو عملی طور پر بند گلی میں پایا گیا جس کی تازہ ترین مثال 26 ویں ترمیم کے زیر سماعت کیس کی ہے۔ میثاق جمہوریت جس پر مئی 2006 میں تمام پارٹیوں نے لندن میں دستخط کئے تھے لیکن چھبیسویں آئینی کے بعد صرف ایک سال میں اب ستائیسویں آئنی ترمیم سے پہلے پیپلز پارٹی کو پھر اچانک میثاق جمہوریت پر عمل کرنا یاد آگیا۔ پچھلے سال ماہرین چیخ کر کہہ رہے تھے کہ ان ممالک کے قانونی نظام اور تاریخ کو سمجھیں جہاں مخصوص ‏آئینی عدالتیں ہیں، ‏وہ پاکستان سے بہت مختلف ہیں۔ پاکستانی نظام کی بنیاد کامن لا ہے۔ ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ بااختیار آئینی عدالتوں کے طور پر موجود ہیں۔ ‏ہمارے تناظر میں عدالتی نظام میں اس ریڈیکل تبدیلی کا کیا مقصد ہے؟

  ان کا یہ بھی کہنا تھا؛ “بہت سے ممالک میں ٹرانزیشن کے دوران اتھاریٹیرنیزم کا مقابلہ کے لیے آئینی عدالتیں قائم کی گئیں کیونکہ عام عدالتیں کمزورتھیں۔ ‏پاکستان میں جہاں عدالتیں پہلے ہی بااختیار ہیں ہم سپریم کورٹ کو کمزور کرنے اوراتھاریٹیرینزم کی سہولت کاری کے لیے آئینی عدالت قائم کر رہے ہیں”۔خیر اسکا بھی بندوبست 27 ویں آئینی ترمیم میں کر لیا گیا ہے کہ آئینی عدالت میں مقدمات کی سماعت کے دوران ماضی کے فیصلوں پر انحصار نہیں کیا جاسکے گا۔ آئینی معاملات کے حل کے لئے آئینی عدالت میں بھارت، برطانیہ، امریکہ اور دوسرے ممالک کی عدالتوں کے فیصلوں پر انحصار کیا جائے گا۔

میثاق جمہوریت کی 36 شقیں ہیں جو سب کی سب انتہائی اہم ہیں۔ ان میں فوجی قیادت سے ساز باز کر کے اقتدار حاصل کرنے سے گریز کرنا بھی شامل تھا لیکن میثاق جمہوریت کی چند ماہ بعد ہی بی بی شہید نے اس وقت کے خفیہ ایجنسی کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کے ساتھ دبئی میں بات چیت کر نے کے بعد پاکستان آگئی لیکن آتے ہی ان پر حملے ہوے اور آخر کار 2007 میں انتخابات سے صرف ایک دن پہلے راولپنڈی کے لیاقت باغ کے پاس خود کش حملے میں ہلاک کر دی گیں۔ پیپلز پارٹی کو 2008 میں ا قتدار مل گیا لیکن پانچ سال حکومت کرنے کے باوجود انکے قاتلوں کو گرفتار نہ کر سکے نہ میثاق جمہوریت پر عملدرآمد ہوا۔

 میثاق جمہوریت میں تو ٹرتھ ایند ری کنسیلیشن کمیشن کا قیام اور خفیہ ایجنسیوں کا حکومت کے سامنے جوابدہ کرنا اور دوسرے اہم ترین نکات شامل تھے لیکن کسی بھی حکومت کو کبھی اسکا خیال ہی نہ آیا کہ مکمل نہیں تو میثاق جمہوریت کے چند اہم نکات پر ہی عمل کر لیں۔

اُس وقت کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے آئی ایس آئی کو 2008 میں وزارت داخلہ کے ماتحت کرنے کی ناکام کوشش کی تھی جسکے بعد انکے خلاف متعدد محاذ کھُل گئے جن میں میمو گیٹ کیس جس میں میاں محمد نواز شریف جو میثاق جمہوریت کے محرک تھے خود کالا کوٹ پہن کر عدالت پہنچ گئے اور مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم کو گھر بھیجا جائے۔ ساتھ ہی پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کے سوئس اکاونٹس کیس کو اس وقت کے چیف جسٹس افتخارچودھری نے کھول دیا اور سوئٹزرلینڈ کی حکومت کو خط نہ لکھنے کے جرم میں گیلانی کو نا اہل قرار دیکر گھر بھیج دیا گیا۔ قصہ مختصر، یہ کہ پیپلز پارٹی آج ستائسویں ترمیم کے ذریعہ آئین کا حلیہ بدلنے اور بگاڑنے میں پیش پیش ہے اور نون لیگ کے ساتھ گٹھ جوڑ کر رکھا ہے۔

ترمیم کے دستیاب مسودے کے مطابق اس کے تحت پاکستان کی مسلح افواج کے بارے میں آرٹیکل 243 میں ترمیم کے ذریعے آرمی چیف کو چیف آف ڈیفینس فورسز بنانے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ وفاقی آئینی عدالت کے قیام سے آئین کی 40 شقوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ موجودہ چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ 27 نومبر 2025 کو ختم ہو جائے گا۔ چیف آف آرمی سٹاف جو چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے، وزیر اعظم کی مشاورت سے نیشنل سٹرٹیجک کمانڈ کے سربراہ مقرر کریں گے اور نیشنل سٹرٹیجک کمانڈ کے سربراہ کا تعلق پاکستانی فوج سے ہو گا۔سوال یہ کہ ایک ہی شخص کے پاس نہ صرف دو عہدے ہونگے بلکہ فضائیہ اور نیوی کے سربراہ بھی ماتحت ہونگےاور غیر معمولی صورتحال میں فیصلہ سازی کے لئے کُلی طور پر بااختیار ہوگا تو کیا یہ فیصلہ کسی بھی صورت صائب فیصلہ ہے؟ حکومت مسلح افواج سے تعلق رکھنے والے افراد کو فیلڈ مارشل، مارشل آف ایئر فورس اور ایڈمرل آف(نیوی) فلیٹ کے عہدے پر ترقی دے سکے گی۔ فیلڈ مارشل کا رینک اور مراعات تاحیات ہوں گی۔

وزیر قانون کا سینیٹ میں کہنا تھا کہ ’فیلڈ مارشل کا خطاب اور رینک ہے، کوئی تعیناتی نہیں۔ آرمی چیف ایک تعیناتی ہے جس کی مدت پانچ سال ہے۔ مدت ختم ہونے پر وہ عہدہ چھوڑ دیتے ہیں، اگر انھیں توسیع نہ دی جائے۔ آئینی ترمیم میں فیلڈ مارشل، مارشل آف دی ایئر فورس یا فلیٹ ایڈمرل کا ذکر کیا گیا۔ یہ قومی ہیروز ہوں گے، ساری دنیا میں یہ خطاب تاحیات ہے۔ان عہد وں اور خطاب کو آئینی تحفظ دیا گیا ہے ۔ اس (عہدے) کا مواخذہ یا واپسی وزیر اعظم کا اختیار نہیں ہوگا بلکہ پارلیمان کا اختیار ہو گا کیونکہ وہ ساری قوم کا ہیرو ہے، کسی ایک وزیر اعظم یا ایگزیکٹو کا ہیرو نہیں۔

مسودے کے الفاظ بتاتے ہیں کہ کہیں کسی بھی وقت عمران خان یا انکی جماعت یا کسی اور جماعت کو اگر حکومت مل گئی تو یہ عہدے یا اعزاز ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعہ نہ ختم کر دیں۔ تاہم دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ نیا عہدہ اس سال مئی میں بھارتی حملے کے بعد کی صورتحال کی وجہ سے نکالا گیا ہے کیوں اب جنگ کی جہتیں بدل گئی ہیں اور چیف آف ڈیفینس سروسز کے ہیڈ کوارٹر سے ملک کی دفاعی صلاحیت بڑھے گی۔

بھارت میں چیف آف ڈیفینس فورسز کا عہدہ 2020 میں نکالا گیا اور اسکے باوجود مبینہ طور پر اور عالمی دفاعی ماہرین تجزیوں کے مطابق پاکستان کو حالیہ جنگ میں بھارت پر ہر میدان میں برتری رہی . مسلہ شخصیات کو عہدوں سے نوازنے یا ان عہدوں اعزازات کو آئینی قانونی تحفظ دینے کا نہیں بلکہ ادارے کے تربیتی اور جدید جنگی ٹیکنالوجی، بری، بحری اور فضائی جنگ کی مہارت کے ساتھ ساتھ سائیبر وار پر بھی برتری کا ہے۔ ادارہ مستحکم اور کسی بھی جارحیت کا مستتعدی اور مہارت سے دفاع کا اہل ہے تو شخصیات کی کوئی اہمیت نہیں رہتی۔ اس بات کو بار بار ایکسٹنشنز اور عہدوں کے حصول کے لئے یہ ثابت نہ کیا جائے کہ ادارے نہیں شخصیات اہم ہیں۔

مسودے کے مطابق اب وفاقی آئینی عدالت قائم کی جائے گی جسکا سربراہ اس کا چیف جسٹس ہو گا جبکہ اس میں تمام صوبوں سے برابر تعداد میں ججز تعینات کیے جائیں گے۔ بطور آئینی عدالت جج تعیناتی کی یہ شرائط رکھی گئی ہیں کہ وہ سپریم کورٹ میں بطور جج کام کر چکے ہوں، ہائیکورٹ میں کم از کم سات سال جج رہے ہوں، 20 سال تک ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں بطور ایڈووکیٹ کام کیا ہو اور سینیارٹی حاصل ہو۔

مسودے کے مطابق آئینی عدالت کو دو یا اس سے زیادہ حکومتوں کے درمیان اختلافات میں اصل جیورسڈکشن حاصل ہو گی جبکہ وفاقی آئینی عدالت کے جج کی ریٹائرمنٹ کی عمر 68 برس ہو گی. آئینی ترمیم کے مسودے کے مطابق سپریم کورٹ کی اصل حدود اور ازخود نوٹس کا اختیارات سے متعلق آرٹیکل 184 ختم کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ آرٹیکل 184 (3) کے تحت سپریم کورٹ کے پاس عوامی اہمیت کے حامل مسائل پر ازخود نوٹس لینے کا اختیار تھا جبکہ آرٹیکل 186 کے ذریعے وفاقی آئینی عدالت یا سپریم کورٹ کو انصاف کے تقاضوں کے مطابق کسی بھی کیس کو اپنے پاس ٹرانسفر کرنے کا اختیار دیا گیا ہے. مطلب اب کسی بھی عوامی اہمیت کے مسلے کے حل لئے کوئی فورم نہیں رہے گا، نہ رہے گا بانس نہ بجے گی بانسری۔

میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ ترمیم میں این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے وفاق کو صوبوں کے شیئر سے مزید دس فیصد حصہ دینے کی تجویز شامل کی جانی تھی جبکہ تعلیم اور صحت کے شعبے دوبارہ وفاق کو دیے جانے کا امکان تھا ۔ لیکن ترمیم کے چھبیس صفحات اور 40 شقوں میں اسکا کوئی ذکر نہیں . تاہم کسی پارٹی کی حمایت کے بغیر منتخب ہونے والے اسٹبلشمنٹ کے غیر اعلانیہ ترجمان سنیٹر فیصل واڈا ٹی وی شوز میں کہہ چکے ہیں کہ 27ویں آئینی ترمیم تو منظور ہو چکی اب 28ویں کی تیاری کریں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو اور انکی موروثی یا غیر موروثی قیادت کو سمجھ لینا چاہیے کہ وہ 27ویں ترمیم کو منظور کرتے وقت یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ اقتدار اور طاقت کے حصول کے لئے آئین کے ساتھ اس کھلواڑ کا الزام کسی جرنیل پر نہیں بلکہ پوری سیاسی اشرافیہ پر ہمیشہ ہمیشہ کے لئے رہے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here