12 نومبر 2025

رپورٹ: اعتزاز ابراہیم


‎ خانیوال کے نواحی علاقے کچاہ کھوہ میں مبینہ طور پر سسر نے اپنی بہو پر تیزاب پھینک دیا۔ تیزاب گردی کے اس واقعے میں شادی شدہ خاتون، جو ایک بچی کی ماں ہے، بری طرح جھلس گئی۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم شوکت حیات کو گرفتار کرلیا ہے۔ متاثرہ خاتون کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال خانیوال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

‎، واقعہ کی ایف آئی آر متاثرہ خاتون کے والد صابر حسین کی مدعیت میں تھانہ کچاہ کھوہ میں درج کی گئی ہے۔ مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 336-بی شامل کی گئی ہے، جو تیزاب پھینکنے یا جسمانی طور پر نقصان پہنچانے کے واقعات سے متعلق ہے۔

‎ایف آئی آر کے مطابق، متاثرہ خاتون کی شادی تقریباً سات سال قبل احمد حیات کے ساتھ ہوئی تھی۔ درخواست دہندہ صابر حسین نے پولیس کو بتایا کہ اس کے داماد احمد حیات کا والد، شوکت حیات، ایک بدمعاش مزاج کا شخص ہے جو اس کی بیٹی پر بری نظر رکھتا تھا۔ درخواست کے مطابق، متاثرہ خاتون نے ملزم کے غیر اخلاقی رویے کی مزاحمت کی، جس پر ملزم نے رنج میں آ کر 11 نومبر کو اس پر تیزاب پھینک دیا۔ ایف آئی آر کے متن میں درج ہے کہ تیزاب پھینکنے کے نتیجے میں خاتون کا جسم بری طرح جھلس گیا، جبکہ ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔

‎واقعہ کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم شوکت حیات کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے۔

‎متاثرہ خاتون کی ساس نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے وقت اس کا بیٹا احمد حیات کام کے سلسلے میں گھر پر موجود نہیں تھا۔ گھر میں صرف اس کی بہو اور پوتی تھیں۔ ساس کے مطابق، اس کے شوہر شوکت حیات نے اپنی بہو پر نازیبا مطالبات کے لیے دباؤ ڈالا جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ جھگڑے کے دوران شوکت حیات نے اپنی بہو پر تیزاب پھینک دیا۔ ساس نے دعویٰ کیا کہ اس کے شوہر نے اسے بھی دھمکیاں دیں کہ اگر اس نے واقعہ کے بارے میں کسی کو بتایا تو وہ اسے طلاق دے دے گا۔ خاتون نے مزید کہا کہ شوکت حیات ماضی میں بھی اس پر تشدد کرتا رہا ہے۔

‎متاثرہ خاتون کے والد صابر حسین نے وائس پی کے سے گفتگو میں الزام لگایا کہ شوکت حیات نے اس کی بیٹی کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا اور ارادہ تھا کہ اسے جان سے مار دے۔ ان کے مطابق، شوکت کی بیوی نے بھی اس واقعے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ شوکت کی اپنی بہو پر بری نظر تھی۔ صابر حسین کا کہنا تھا کہ ملزم نہ صرف اپنی بہو بلکہ اپنی بیوی پر بھی تشدد کرتا ہے، اور اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔

‎یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب پنجاب حکومت نے خواتین پر تیزاب گردی جیسے سنگین جرائم کے تدارک کے لیے ایک اہم قانون منظور کیا ہے۔ صوبائی اسمبلی نے حال ہی میں “پنجاب ایسڈ کنٹرول ایکٹ 2025” کی منظوری دی ہے، جس کا مقصد تیزاب کی فروخت، خریداری اور ذخیرہ کو سخت قانونی ضابطے کے تحت لانا ہے۔ اس قانون کے تحت بغیر لائسنس تیزاب کی فروخت کرنے والے افراد کو تین سال تک قید یا پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے، جبکہ تیزاب ذخیرہ کرنے والوں کو دو سے پانچ سال قید یا کم از کم دو لاکھ روپے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here