12 نومبر 2025

تحریر

دانیال عزیز


پشاور: دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور سیکیورٹی صورتحال کی خرابی کے بعد خیبرپختونخوا میں ایک تاریخی لمحہ دیکھنے کو ملا جب صوبے کی سیاسی قیادت نے اختلافات بھلا کر ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کا فیصلہ کیا۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کے ہال میں حکومت اور اپوزیشن، پشتون اور غیر پشتون، مذہبی اور سیکولر جماعتیں، قبائلی عمائدین، علما اور سول سوسائٹی کے نمائندے—سب ایک مقصد کے تحت اکٹھے ہوئے: صوبے میں امن کی بحالی۔

یہ “امن جرگہ” محض ایک روایتی اجلاس نہیں تھا بلکہ خیبرپختونخوا کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل تھا، جہاں 20 سے زائد سیاسی جماعتوں نے دہشتگردی کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور اسپیکر اسمبلی بابر سلیم سواتی کی میزبانی میں منعقد ہونے والے اس جرگے نے ثابت کیا کہ جب بات صوبے کے مستقبل اور عوام کی جانوں کی ہو تو سیاسی تفریقات کو ایک طرف رکھا جا سکتا ہے۔

وسیع شرکت اور سیکیورٹی انتظامات

اسمبلی ہال میں 400 سے زائد افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ جرگے میں اے این پی، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی، جماعت اسلامی، قومی وطن پارٹی، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ سمیت 20 سے زائد سیاسی جماعتوں نے شرکت کی۔

شرکاء کے لیے خصوصی پاسز جاری کیے گئے، جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے۔

بے گھر افراد آج بھی اپنے گھروں سے دور ہیں: اسپیکر اسمبلی

اس موقع پر اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے اپنے خطاب میں کہا: “آج ہم پارٹیوں اور قوموں سے بالا ہو کر امن کے لیے اکٹھے بیٹھے ہیں۔ دنیا کی بہادر ترین فوج ہماری ہے، مگر ابھی تک پائیدار امن قائم نہیں ہو سکا۔” انہوں نے مزید کہا: “نان مرجڈ اضلاع میں 33 ہزار پولیس اہلکار تعینات ہیں، مگر 2006 کے بے گھر ہونے والے آج بھی اپنے گھروں سے دور ہیں۔”

دہشتگردی کی وجوہات پر بات کرنی ضروری ہے: اپوزیشن لیڈر

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا: “آج اسپیکر جرگے کے دلہا ہیں، یہ خوش آئند لمحہ ہے کہ قومی میڈیا بھی خیبرپختونخوا کے امن بیانیے کو کور کر رہا ہے۔” انہوں نے زور دیا کہ “ہمیں دہشتگردی کے ساتھ ساتھ اس کی وجوہات پر بھی بات کرنی ہوگی۔”

تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل کمیٹی امن کے ایجنڈے پر کام کرے: گورنر

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے خطاب میں کہا: “ہمیں ماضی کو بھلا کر مستقبل کی طرف دیکھنا ہوگا۔ امن کے لیے وفاق، صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل بیٹھنے سے ہی حل ممکن ہے۔” انہوں نے تجویز دی کہ “تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو امن کے ایجنڈے پر کام کرے۔”

قبائلی اضلاع کے 100 ارب روپے نہیں ملے: وزیراعلیٰ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا: “آج کا جرگہ دہشتگردی کے خلاف پائیدار حل نکالنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔” انہوں نے صوبے کے مالی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا: “صوبے کا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔ ہمیں این ایف سی شیئر اور قبائلی اضلاع کے 100 ارب روپے نہیں مل رہے۔” ان کا کہنا تھا: “امن دینا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، جنگ آخری آپشن ہونا چاہیے۔”

آفتاب احمد خان شیرپاؤ (قومی وطن پارٹی) نے کہا: “کئی اضلاع میں حکومت کی رٹ قائم نہیں، اور یہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ امن کے لیے بیانیہ ایک کرنا ہوگا اور تمام اداروں کو ایک صفحے پر لانا ہوگا۔”

سراج الحق (سابق امیر جماعت اسلامی) نے کہا: “ایسے جرگے وقت کی ضرورت ہیں۔ افغانستان کا مسئلہ مذاکرات سے ہی حل ہو سکتا ہے، 20 سال کی جنگ نے کوئی نتیجہ نہیں دیا۔” انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا: “مرکزی اور صوبائی حکومت کی آپسی کشمکش میں خیبرپختونخوا کے عوام متاثر ہو رہے ہیں۔”

میاں افتخار حسین (اے این پی صوبائی صدر) نے کہا: “جرگے میں شرکاء کو محض چند منٹ دینا سنجیدگی نہیں۔” انہوں نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد، گڈ اور بیڈ طالبان کی تفریق ختم کرنے اور بلا تفریق کارروائیوں کا مطالبہ کیا۔ میاں افتخار نے مزید کہا: “ریاستی اداروں کو اپنے آئینی دائرہ کار میں رہنا چاہیے، ایکشن ان ایڈ آف سول پاور کا قانون ختم کیا جائے۔”

محمود خان (سابق وزیراعلیٰ) نے کہا: “اس صوبے میں امن کے علاوہ دیگر مسائل بھی سنگین ہیں۔ ہمیں وفاق سے اپنے حقوق کے لیے مل کر بات کرنی ہوگی۔” اخونزادہ چٹان (پیپلز پارٹی) نے کہا: “2021 کے بعد صوبہ دوبارہ بدامنی کی لپیٹ میں آ گیا ہے۔ مذاکرات مسائل کا حل ہیں، لیکن ان کے لیے صحیح وقت اور نیت ضروری ہے۔”

محسن داوڑ (نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے چیئرمین) نے کہا: “فال آف کابل کے وقت ہی خبردار کیا تھا کہ طالبان کی واپسی سے مسائل پیدا ہوں گے۔ کچھ لوگ خیبرپختونخوا میں امن نہیں چاہتے، ہمارا خطہ تجربہ گاہ بنایا جا چکا ہے۔”

جرگے کے فیصلے

جرگے کے اختتام پر تمام شرکاء نے اتفاق کیا کہ امن کے قیام کے لیے مشترکہ سفارشات وفاقی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کو ارسال کی جائیں گی۔ اعلامیہ اپیکس کمیٹی میں بھی پیش کیا جائے گا تاکہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here