12 نومبر 2025

رپورٹ: اعتزاز ابراہیم


سیالکوٹ کے تھانہ قلعہ کالر والہ کے ایس ایچ او نجم الحسن، چھ پولیس اہلکاروں اور دو پرائیویٹ افراد کے خلاف ایک خاتون کی مبینہ طور پر پولیس تشدد سے ہلاکت کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ واقعہ ضلع نارووال کے تھانہ ندوکے کی حدود میں پیش آیا، جہاں پولیس نے ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران مبینہ طور پر گھر میں داخل ہوکر خاتون پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ جان کی بازی ہار گئیں۔

ایف آئی آر کے مطابق، مقدمہ متاثرہ خاتون صفیہ بی بی کے شوہر ریاض احمد باجوہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جو نارووال کے گاؤں ڈھے کے رہائشی ہیں۔ مدعی کے بیان کے مطابق، گیارہ اور بارہ نومبر کی درمیانی شب تھانہ قلعہ کالر والہ، ضلع سیالکوٹ کے ایس ایچ او نجم الحسن اپنے چھ نامعلوم اہلکاروں کے ہمراہ ان کے گھر میں داخل ہوئے۔ پولیس پارٹی کے ساتھ دو پرائیویٹ افراد ضیاء اور وارث بھی موجود تھے۔

مدعی کے مطابق، پولیس اہلکاروں نے گھر کی چار دیواری پھلانگ کر اندر داخل ہو کر اہل خانہ کی حرمتِ خانہ کی خلاف ورزی کی۔ پولیس نے ان سے ان کے بیٹے امانت علی کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ جب مدعی کی بیوی صفیہ بی بی نے چھاپے کی وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کی تو ایس ایچ او نجم الحسن کے حکم پر ایک پولیس اہلکار نے بندوق کے بٹ سے خاتون کے کندھے پر ضرب لگائی اور انہیں دھکا دیا، جس کے نتیجے میں وہ زمین پر گر پڑیں اور ان کے منہ سے خون بہنے لگا۔

ریاض احمد باجوہ کے مطابق، پولیس ٹیم موقع سے اس وقت روانہ ہوئی جب صفیہ بی بی کی حالت تشویشناک ہوگئی۔ زخمی خاتون کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال نارووال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئیں۔ ۔ مدعی کے مطابق، اس کے بیٹے امانت علی نے وارث نامی شخص سے بھینس کی خرید و فروخت کے معاملے میں ایک لاکھ پانچ ہزار روپے طلب کیے تھے، جس پر وارث نے مبینہ طور پر پولیس کی مدد سے ان کے گھر پر چھاپہ مارنے کی منصوبہ بندی کی۔

واقعہ کے بعد تھانہ ندوکے پولیس نے مقدمہ نمبر درج کرتے ہوئے ایس ایچ او نجم الحسن، ضیاء، وارث اور چھ نامعلوم پولیس اہلکاروں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 148 اور 149 کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ادھر، سیالکوٹ کے ضلعی پولیس افسر فیصل شہزاد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او نجم الحسن اور چھاپے میں شامل تمام اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے اور ایک اعلیٰ سطح کی محکمانہ انکوائری کے احکامات جاری کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایس ایچ او تھانہ قلعہ کالر والہ نجم الحسن نے پولیس اہلکاروں کے ہمراہ تھانہ ندوکے نارووال کے گاؤں ڈھے میں اغوا کے ایک کیس میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مارا تھا۔ چھاپے کے دوران مبینہ طور پر خاتون زخمی ہونے کے بعد جان بحق ہوئی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here