14 نومبر 2025

کلیم اللہ اور عمر فاروق


‎بنوں شہر سے شمالی وزیرستان کی طرف جاتے ہوئے آپ کو بکاخیل کے مقام پر سڑک کے دائیں جانب سبز رنگ کے خیموں سے بھری ایک وسیع آبادی نظر آتی ہے،

‎خیموں کی اس آبادی کو بکاخیل آئی ڈی پیز کیمپ کہا جاتا ہے، جہاں 2014 میں آپریشن ضربِ عضب کے دوران نقل مکانی کرنے والے شمالی وزیرستان کے متاثرین رہائش پذیر ہیں۔ گیارہ سال بعد بھی یہاں شمالی وزیرستان کے علاقوں مداخیل اور سیدگئی سے تعلق رکھنے والے متاثرین مقیم ہیں، جن کے علاقوں کو عسکری حکام نے ابھی تک دہشت گردی سے پاک یا کلیئر قرار نہیں دیا ہے۔

‎اس کیمپ میں رہنے والے متاثرین نے گزشتہ ایک ہفتے سے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے، جس کے باعث بنوں–میرانشاہ سڑک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے، اور متاثرین روایتی انداز میں ڈھول کی تھاپ پر احتجاجی کیمپ لگائے بیٹھے ہیں۔

‎یہ احتجاج اُس وقت شروع ہوا جب پروونشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کی جانب سے متاثرین کو دی جانے والی ماہانہ نقد امداد گزشتہ دس مہینوں سے بند کر دی گئی۔ اس کے علاوہ کیمپ کے اندر فورسز کی جانب سے ان آئی ڈی پیز کے خیموں پر چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔

‎ان متاثرین کا مطالبہ ہے کہ ان کے لیے مختص امدادی رقم کو فوری طور پر بحال کیا جائے، کیمپ پر چھاپوں کا سلسلہ بند کیا جائے، اور ان کی واپسی کو یقینی بنایا جائے۔

‎آپریشن ضربِ عضب سے متاثرہ مداخیل قوم سے تعلق رکھنے والے ایک آئی ڈی پی، ملک نثار، کا کہنا ہے کہ وہ ایک طویل عرصے سے متاثرین کی حیثیت سے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

‎انہوں نے کہا، “ہم گیارہ سال سے آئی ڈی پیز کی زندگی گزار رہے ہیں۔ یہ دنیا کی تاریخ میں سب سے طویل ہجرت ہوگی ۔ ہماری واپسی کے انتظامات نہ کرنے پر صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے رویے پر ہمیں افسوس ہے۔ ایک طرف ہم اپنے گھروں سے بے گھر ہیں جبکہ دوسری طرف ہمیں ملنے والی امداد کو بھی گزشتہ دس مہینوں سے بند کر دیاگیا ہے۔ اس لیے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اسے فوری طور پر بحال کیا جائے، کیمپ کے اندر ہمارے گھروں پر چھاپوں کو روکا جائے، اور ہمیں اپنے علاقوں میں پرامن طریقے سے واپس بھیجا جائے۔” ملک نثار نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ”اگر ہمارے مطالبات یہاں تسلیم نہ کیے گئے تو ہم اپنا احتجاج اسلام آباد منتقل کر سکتے ہیں۔”

‎دھرنے میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہیں۔ ان میں جمعیت علمائے اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے میڈیا کوآرڈینیٹر فدا محمد بھی شامل ہیں، جنہوں نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ “پہلے ان لوگوں کو ریاست نے بے گھر کیا، مگر اب ان کے لیے امداد بھی بند کر دی گئی ہے۔ ریاست ظلم بھی کر رہی ہے، لیکن ہماری مظلومیت کو اجاگر بھی نہیں ہونے دے رہی۔” انہوں نے مطالبہ کیا کہ “اگر ریاست ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کر سکتی تو ان متاثرین کے علاقوں کو کلیئر قرار دے کر گھروں کا سروے کروایا جائے اور انہیں باعزت طور پر واپس بھیجا جائے۔”

‎دھرنے میں شامل عوامی نیشنل پارٹی کے سرکردہ رہنما ملک نثار علی خان نے کہا کہ “یہ متاثرین بہت برے حالات میں یہاں رہ رہے ہیں۔ ان کی واپسی کو پُرامن طریقے سے یقینی بنایا جائے کیونکہ وہ یہاں محفوظ نہیں ہیں۔”

‎نومبر کی 10 تاریخ کو کمشنر بنوں ڈویژن خالد محمود کی سربراہی میں اتمانزئی مشیران کے ہمراہ آئی ڈی پیز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کمشنر آفس میں ایک جرگہ منعقد ہوا۔ انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر بنوں محمد فہیم اور ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان یوسف کریم بھی موجود تھے۔ جرگے کے دوران متاثرین کی نمائندگی کرنے والے شمالی وزیرستان کے اتمانزئی جرگے کے ترجمان مفتی بیت اللہ نے کمشنر بنوں ڈویژن کو متاثرین کے مسائل اور مشکلات سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔

‎کمشنر خالد محمود نے تمام نکات بغور سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ آئی ڈی پیز کے مسائل کے حل میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ تاہم کچھ امور، جیسے کہ متاثرین کی واپسی کے بارے میں کمشنر بنوں نے سیکیورٹی فورسز سے مشاورت کی ضرورت ظاہر کی، جس کے بعد مذاکرات ناکام ہوگئے۔ اس کے نتیجے میں اعلان کیا گیا کہ دھرنا بدستور جاری رہے گا۔

دوسری جانب، سابق صوبائی ریلیف منسٹر ملک نیک محمد خان داوڑ نے وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کی، جنہوں نے آئی ڈی پیز کی امدادی رقم کی فوری فراہمی کی یقین دہانی کروائی۔

‎تاہم احتجاج پر بیٹھے متاثرین کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کا کوئی منتخب نمائندہ اب تک نہ تو مذاکرات میں شریک ہوا اور نہ ہی متاثرین کے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here