18 نومبر 2025

سٹاف رپورٹ


سپریم کورٹ بار کے سابق صدر اور پاکستان کے سابق اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے کہا ہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم کے بعد مجھے لگتا ہے کہ ہم جنرل ضیاء الحق کے دور والی عدلیہ دیکھ رہے ہیں، اور اسی وجہ سے ہم نے جسٹس منصور جیسے جج کو کھو دیا جو صدیوں میں پیدا ہوتا ہے۔

آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے، ایک اور ممکنہ وکلا تحریک کے حوالے سے منیر اے ملک کا کہنا تھا کہ 2007 کے حالات مختلف تھے اور اُس وقت سیاسی قوتیں چیف جسٹس کی بحالی چاہتی تھیں، جو نسبتاً ایک آسان مقصد تھا۔ لیکن آج ہم ایک آئینی ترمیم کا خاتمہ چاہتے ہیں جس کے امکانات کم ہیں، تاہم ایک مؤثر احتجاج کے لیے حالات موجود ہیں۔

سابق صدر سپریم کورٹ بار کا مزید کہنا تھا کہ احتجاج اتنا مؤثر ہونا چاہیے کہ رہی سہی عدلیہ بھی 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم کو کالعدم قرار دے۔

لاہور ہائی کورٹ سے 2024 میں مستعفی ہونے والے جج جسٹس (ر) شاہد جمیل کا کہنا تھا کہ عوامی رائے عامہ کا عدلیہ پر اثر ہوتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ “جس طرح کورٹ پیکنگ کی گئی ہے اور جس طرح ٹرانسفر والی شق لائی گئی ہے، اس سے لگتا ہے کہ کچھ ججز نے ٹارگٹ ہونا ہی ہونا ہے۔ اس لیے ان کی طرف سے آواز اٹھنی چاہیے، وہ یا استعفیٰ دیں یا بولیں لیکن اس وقت قیادت کی کمی ہے۔”

واضح رہے کہ ستائیسویں آئینی ترمیم آنے کے بعد اب تین ججز مستعفی ہو چکے ہیں، جن میں سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ، جبکہ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا شامل ہیں۔

تاہم سپریم کورٹ بار کے صدر ہارون الرشید نے آئینی ترمیم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ آئینی عدالت کے بننے سے فیصلے جلد ہوں گے اور سپریم کورٹ میں لوگوں کی درخواستیں فوری سنی جائیں گی۔

‘پارلیمنٹ آئین کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی نہیں لا سکتی’

منیر اے ملک کا کہنا تھا کہ عوام سب سے زیادہ مقدمے ریاست کے خلاف کرتے ہیں، اور یہ مقدمات آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت ہائی کورٹ سنتی تھی، جس کی اپیل سپریم کورٹ میں آتی تھی۔ لیکن اب یہ مقدمات آئینی عدالت میں جائیں گے جہاں حکومت اپنی مرضی کے ججز لگا دے گی، اور کوئی نہیں کہہ سکتا کہ یہ ایک آزاد عدالت ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا پارلیمنٹ کو آئین سازی کے لامحدود اختیارات حاصل ہیں، منیر اے ملک کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ آئین کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی نہیں لا سکتی کیونکہ یہ کوئی آئین ساز اسمبلی نہیں ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ 27ویں آئینی ترمیم کے خلاف کیس کون سنے گا، جسٹس (ر) شاہد جمیل کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف مقدمہ تو سپریم کورٹ ہی سنے گی کیونکہ وہ وہیں دائر ہوا تھا اور اسے کہیں ٹرانسفر نہیں کیا جا سکتا۔ جبکہ 27ویں آئینی ترمیم کو بھی سپریم کورٹ میں ہی چیلنج کیا جائے گا، کیونکہ آئینی عدالت کا قیام خود آئینی ترمیم کے ذریعے ہوا ہے، اس لیے وہ اپنے خلاف فیصلہ نہیں دے سکتی۔

تاہم سپریم کورٹ بار کے صدر ہارون الرشید کے مطابق 26ویں اور 27ویں آئینی ترامیم آئینی عدالت میں ہی چیلنج ہوں گی کیونکہ اب یہ آئین کا حصہ ہیں۔

27ویں آئینی ترمیم میں صدر اور فیلڈ مارشل کو دی جانے والی تاحیات استثنیٰ کے حوالے سے منیر اے ملک نے کہا کہ یہ تاحیات استثنیٰ قانون کی حکمرانی اور آئین کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف ہے۔

جبکہ جسٹس (ر) شاہد جمیل نے تاحیات استثنیٰ کا تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ تصور بادشاہت کے دور کا تھا، جب بادشاہ ہی ریاست سمجھا جاتا تھا اور اس کے خلاف کوئی فوجداری مقدمہ نہیں چل سکتا تھا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here