22 نومبر 2025
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
پنجاب کے ضلع بہاولنگر کی تحصیل چشتیاں کے علاقے بستی ٹبہ میں نئی نویلی دلہن کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 19 سالہ مقتولہ مہناز کی شادی ڈیڑھ ماہ قبل غلام مصطفیٰ نامی شخص سے ہوئی تھی، جس کے بعد سسرالیوں نے اس کے کردار پر شبہ کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے قتل کر دیا۔ چشتیاں پولیس نے واقعہ کے بعد شوہر، والدِ شوہر، بھائیِ شوہر (دیور) کو حراست میں لے لیا، جبکہ مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ صدر چشتیاں میں درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 اور دفعہ 34 شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن میں مقتولہ کے والد نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی بیٹی کی شادی ایک ماہ چودہ روز قبل غلام مصطفیٰ سے ہوئی تھی، تاہم شادی کے بعد سسرالیوں کا رویہ اس کے ساتھ ٹھیک نہیں تھا۔ والد کے مطابق ان کی بیٹی نے انہیں بتایا تھا کہ اس کا شوہر غلام مصطفیٰ، جیٹھ غلام مجتبیٰ، دیور مبشر اور سسر غلام مرتضیٰ اسے اکثر تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور اس پر الزام لگاتے ہیں کہ اس کا تعلق کسی اور شخص سے ہے، جس کے باعث وہ اسے اپنے گھر میں رکھنے کے لیے تیار نہیں تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق والد نے اس معاملے کے حل کے لیے سسرال جا کر فریقین کو سمجھانے کی کوشش کی، جہاں بقول ان کے سسرالیوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ مہناز پر تشدد نہیں کریں گے اور نہ ہی اس پر کسی قسم کا الزام عائد کریں گے۔ والد کے مطابق اس یقین دہانی کے بعد وہ واپس گھر آ گئے۔ تاہم 19 نومبر کو انہیں سسرالی گھر سے فون آیا کہ ان کی بیٹی فوت ہو گئی ہے، اور وہ آ کر اس کی میت لے جائیں۔
والد نے ایف آئی آر میں مؤقف اپنایا ہے کہ جب وہ گھر پہنچے تو مہناز کی لاش پر تشدد کے نشانات واضح تھے جبکہ اس کی گردن پر پھندے کے نشانات بھی موجود تھے۔ ان کے مطابق مہناز کو سسرال والوں نے مبینہ طور پر مل کر قتل کیا، جس پر انہوں نے پولیس کو رپورٹ درج کروائی۔
واقعہ سامنے آنے کے بعد چیئرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی پنجاب حنا پرویز بٹ نے اس کا نوٹس لیا تھا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) بہاولنگر سے رپورٹ طلب کی تھی۔ حکام کے مطابق ڈی پی او کامران اصغر نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایک اسپیشل پولیس یونٹ تشکیل دیا، جس نے 21 نومبر کو تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب خواتین کے خلاف تشدد کے حوالے سے غیر سرکاری تنظیم سسٹیین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (SSDO) کی حالیہ رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں پنجاب بھر میں غیرت کے نام پر 89 قتل کے مقدمات رجسٹر کیے گئے، جن میں سے 80 مقدمات کا چالان عدالتوں میں پیش کیا گیا ہے، تاہم کسی بھی مقدمے میں سزا نہیں ہو سکی جبکہ تین کیسز میں ملزمان بری ہوئے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صوبے میں غیرت کے نام پر قتل کے سب سے زیادہ واقعات لاہور اور میانوالی میں رپورٹ کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب میں خواتین کے خلاف تشدد کے مجموعی رجحانات میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ غیرت کے نام پر قتل کے واقعات سماجی اور خاندانی دباؤ کے باوجود بڑی تعداد میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔