22 نومبر 2025
رپورٹ: شوکت کورائی
کراچی میں عالمی فشریز ڈے کی تقریبات اس سال بھی سندھ بھر کے ماہیگیروں کو ابراہیم حیدری کے علاقے میں ایک جگہ اکٹھا لے آئیں اور وہ لوگ جو پورا سال سمندر کے رحم و کرم پر رہتے ہیں، مگر آج اپنی شناخت، اپنے تجربات اور اپنے مسائل کے ساتھ نمایاں نظر آئے۔ پاکستان فشر فوک فورم کے زیرِ اہتمام ہونے والی اس تقریب میں جہاں بزرگ ماہیگیر اپنی بات رکھتے دکھائی دیے، وہیں نوجوانوں اور بچوں کے ٹیبلوز نے ماحول کو ایک میلے میں بدل دیا
یہ صرف ایک تقریب نہیں تھی—یہ سمندر سے جڑے ان خاندانوں کا وہ سالانہ میلہ ہے جسے وہ اپنی “عید” کہتے ہیں۔
فشر فوک کی سینئر رہنما یاسمین شاہ کے مطابق یہ روایت 27 برس پہلے شروع ہوئی، جب بھارت میں عالمی فورم کی ایک میٹنگ میں فیصلہ ہوا کہ ہر سال ورلڈ فشریز ڈے دنیا بھر کے ماہیگیروں کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے منایا جائے گا۔ “ہم خوشیاں بھی بانٹتے ہیں اور دکھ بھی،” یاسمین نے مسکراتے ہوئے کہا، “یہ دن ہمیں ایک دوسرے کا سہارا بناتا ہے۔”
لیکن خوشیوں کے اس میلے کے پیچھے ایک تلخ حقیقت بھی چھپی ہے اور وہ ہے گہرے سمندر میں ماہیگیروں کی گرفتاریاں۔
یہ وہ زخم ہے جو ہر ماہیگیر کے دل میں ہے، اور جس کی تکلیف تقریب میں شریک تقریباً ہر شخص کی گفتگو میں جھلکتی تھی۔
فشر فوک فورم کے چیئرمین مہران شاہ نے بتایا کہ جب کوئی پاکستانی ماہیگیر غلطی سے بھارتی حدود میں داخل ہو جاتا ہے تو اس کے بعد اس کی زندگی کئی برسوں تک جیل کی تاریکیوں میں گم ہو جاتی ہے۔ “نہ شناخت کا نظام، نہ قانونی مدد، نہ پیسے۔” وہ بولے۔ “ہم نے ایسے ماہیگیر دیکھے ہیں جو واپس آکر ٹوٹے ہوئے انسان لگتے ہیں۔ ان پر تشدد کیا جاتا ہے، مہینوں تک سخت رویہ برداشت کرنا پڑتا ہے۔”
وہ خاموش ہو کر چند لمحے رکے، پھر دھیرے سے بولے: “یہی حال بھارت کے ماہیگیروں کا بھی ہے۔ سمندر سرحد نہیں مانتا، مگر ریاستیں مان لیتی ہیں۔ اور سب سے زیادہ سزا ماہیگیر بھگتتے ہیں۔”
تقریب میں شریک دیگر ماہیگیروں نے بھی اپنی مشکلات کے ڈھیر کھول دیے۔ سندھ کے ساحل پر بڑھتی آلودگی نے انہیں گہرے پانی تک دھکیل دیا ہے جہاں گرفتاری کا خطرہ ہمیشہ منڈلاتا رہتا ہے۔ ایک بوڑھے ماہیگیر نے کہا، “دنیا کو ہماری مچھلی چاہیے، مگر ہمارے سمندر کو ہماری فکر کسی کو نہیں۔”
اسی دوران اسٹیج پر چھوٹے بچے ٹیبلوز پیش کرتے نظر آئے—کچھ سمندر میں طوفان کی اداکاری کر رہے تھے، کچھ ماں کے انتظار کو۔ ان کے چہروں پر چمک تھی، جیسے وہ جانتے ہوں کہ وہ اپنے والدین کی کہانی دنیا تک پہنچانے آئے ہیں۔
تقریب کے آخر میں ایک قرارداد منظور کی گئی جس میں ماہیگیر کارڈ کے اجرا اور ماہیگیروں کو صنعتی ورکر کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا، تاکہ وہ بھی کم از کم بنیادی تحفظات حاصل کر سکیں۔