دسمبر ۱

اسلام  گل آفریدی


پشاور

دو بچوں کی ماں خالدہ گل (فرضی نام) اپنے والد کے ساتھ گاؤں سے تین گھنٹے کا سفر طے کر کے پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں قائم ایچ آئی وی ایڈز مرکز میں ٹیسٹ اور ادویات کے حصول کے لیے پہنچی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پانچ سال پہلے گاؤں میں ایک نجی صحت مرکز میں جب پہلی بچی کی پیدائش کے دوران خون کی ضرورت پیش آئی تو باہر سے پیسوں پر خون خریدا گیا اور بغیر ٹیسٹ کے لگایا گیا۔ ان کے بقول وہ خون ایڈز سے متاثر مریض کا تھا جس کی وجہ سے وہ اس موذی مرض کا شکار ہوئیں۔ بروقت ادویات کے استعمال اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے شوہر اور دوسرا بچہ ایڈز سے محفوظ ہیں۔

خالدہ گل کے والد ساٹھ سالہ محمد مسکین عباسی ریٹائرڈ سرکاری ملازم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بیٹی کو اس موذی مرض میں مبتلا ہونے کی وجہ سے پہلے ہم بہت زیادہ پریشان اور خوف کا شکار تھے، تاہم ایچ آئی وی ایڈز پروگرام کے عملے کی بہتر رہنمائی کے سبب زندگی آسان ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ داماد کراچی میں محنت مزدوری کرتا ہے جبکہ بیٹی کے ہر چھ ماہ بعد معائنے اور ادویات لانے میں مدد فراہم کرتا ہوں، تاہم مالی اخراجات اور معاشرتی رویہ وہ عوامل ہیں جو پریشان کن ہیں۔

صوبے میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ

ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس اور تھیلیسیمیا کنٹرول پروگرام خیبر پختونخوا کے مطابق رواں سال 25 نومبر تک 1276 نئے مریض رجسٹرڈ ہونے کے ساتھ صوبے میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 9 ہزار 749 تک پہنچ چکی ہے جن میں 2 ہزار 454 خواتین ہیں۔ پچھلے سال 1265 مریض رجسٹرڈ ہو چکے تھے۔

ادارے کے سربراہ ڈاکٹر طارق حیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں متاثرہ مریضوں میں ستر فیصد مرد جبکہ باقی خواتین، بچے اور خواجہ سرا شامل ہیں۔ ان کے بقول مرد اپنے علاقے یا ملک سے باہر دیگر ممالک میں محنت مزدوری کی غرض سے زندگی گزارتے ہیں، تاہم لمبے عرصے تک گھر سے دور رہنے کی وجہ سے وہ غیر فطری جنسی تعلقات کی طرف مائل ہونے کے باعث متاثر ہو کر بیرونی ممالک سے ڈی پورٹ کر دیے جاتے ہیں لیکن وہ گھر میں اپنی بیوی کو بتائے بغیر اس سے جسمانی تعلقات جاری رکھنے کی وجہ سے انہیں بھی بیماری منتقل کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص اور ادویات کے استعمال نہ کرنے کی وجہ سے یہ اندیشہ ہوتا ہے کہ جنم لینے والا بچہ بھی ایڈز سے متاثر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عموماً اور خیبر پختونخوا میں بالخصوص اس بیماری کو لوگ چھپاتے ہیں، تاہم یہ عام ہیپاٹائٹس یا دیگر بیماری کی طرح ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر ایک سے دوسرے شخص کو منتقل ہوتی ہے۔ انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ ایڈز کی بیماری صرف غیر فطری جنسی تعلقات ہی سے پھیلتی ہے۔

بیس سال سے ادویات کا استعمال

پلوشہ خان (فرضی نام) تیس سال پہلے بیماری کے دوران بغیر ٹیسٹ کے انتقال خون سے ایچ آئی وی ایڈز سے متاثر ہوئیں، تاہم وہ بیس سال سے بغیر کسی وقفے کے نہ صرف ادویات کا استعمال کر رہی ہیں بلکہ صوبے، ملک اور بیرونی ممالک میں مقیم مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے ساتھ انہیں علاج کے حوالے سے رہنمائی بھی فراہم کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیماری کی تشخیص کے بعد ان کے دو بچے ایڈز سے محفوظ پیدا ہوئے جبکہ شوہر کو بھی یہ بیماری منتقل نہیں ہوئی، جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ ادویات کے بروقت استعمال سے انسان عام لوگوں کی طرح زندگی گزار سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب معاشرے میں کسی کو ایڈز کا پتہ چل جاتا ہے تو مریض کو نفرت انگیز رویے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

خواتین مریضوں کے خصوصی مسائل

ان کے بقول مردوں کے مقابلے میں خواتین مریضوں کے مسائل زیادہ اور مختلف ہیں، جن میں بیماری کی تشخیص کے لیے بروقت ٹیسٹ کا نہ ہونا، ادویات کے حصول میں مسائل، گھر میں کھانے پینے کے برتن الگ کرنا، گھر میں صرف صفائی کا کام کروانا اور یہاں تک کہ اپنے بچے بھی گود میں نہیں دیے جاتے۔ انہوں نے بتایا کہ جب کسی مریض کے بارے میں معلومات مل جاتی ہیں تو ان کے گھر والوں کے ساتھ آگاہی سیشن لینے کے بعد گھر والوں کا رویہ تبدیل ہو کر مریض کی زندگی آسان ہو جاتی ہے۔

ڈاکٹر انم حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور لیڈی ریڈنگ میں قائم مراکز کی کوآرڈینیٹر ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خواتین شرم، خوف اور سخت معاشرتی روایات کی وجہ سے کھل کر اپنے علاج کے لیے سامنے نہیں آتیں، جس کی وجہ سے انہیں کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مریض کو چھ مہینے میں ایک بار معائنے اور ٹیسٹ کے لیے صوبے میں قائم تیرہ مراکز میں سے کسی بھی مرکز پر آنا ضروری ہوتا ہے تاکہ پتہ چل سکے کہ ایڈز کے وائرس مریض کے جسم میں اپنی حدود میں ہیں یا بڑھ چکے ہیں، اور اس کے ساتھ کئی مہینوں کی ادویات بھی ساتھ لے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرد مریض تو آتے ہیں لیکن وہ اپنی بیویوں کو طبی مراکز میں نہیں لاتے اور صرف ان کے دستاویزات کی بنیاد پر ادویات ہی لے جاتے ہیں۔

علاج کے بعد معمول کی زندگی گزار رہا ہوں: متاثرہ مرد

پشاور کے تیس سالہ ساجد خان (فرضی نام) چھ سال تک دبئی میں ٹیلی کمیونیکیشن کی کمپنی میں ملازم رہے لیکن دو سال پہلے جب ویزے کی مدت بڑھانے کے لیے وہاں طبی معائنہ کرایا گیا تو انہیں بتایا گیا کہ انہیں ایچ آئی وی ایڈز کی بیماری ہو چکی ہے، لہٰذا وہ دبئی میں مزید اپنی نوکری جاری نہیں رکھ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ جب واپس پاکستان آیا تو کافی زیادہ ذہنی دباؤ کا شکار تھا کیونکہ ایک طرف نوکری چلی گئی اور دوسری طرف ایسی خطرناک بیماری۔ ان کے بقول وہ تشخیص اور ادویات کے حصول کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں قائم ایڈز کے مرکز آئے اور یہاں انہیں تمام سہولیات مل گئیں۔ انہوں نے بیماری کی وجوہات پر کسی بھی قسم کی بات سے گریز کیا لیکن علاج کے بعد وہ موبائل کی مرمت کا بڑا کاروبار خود چلا رہے ہیں۔

ساجد خان شادی شدہ ہیں اور ان کے بقول ابتداء میں گھر والوں سے بیماری چھپائی لیکن جب ایڈز کنٹرول پروگرام کے عملے نے رہنمائی کی تو انہیں اپنی بیماری کے بارے میں بتایا اور پہلے کی نسبت کافی زیادہ بہتر محسوس کر رہے ہیں۔

انفیکشن کی وجوہات

صوبائی ایڈز کنٹرول کے مطابق صوبے میں سب سے زیادہ 6 ہزار 108 افراد غیر فطری جنسی تعلقات، استعمال شدہ سوئی یا انجکشن کی وجہ سے 180، متاثرہ فرد کے انتقال خون سے 1 ہزار 19، سرجری کے دوران متاثرہ مریض کے آلات کے استعمال سے 48، متاثرہ مریض کے علاج کے دوران 21 طبی عملہ، متاثرہ ماں سے 324 بچوں کو منتقل اور نشہ آور انجکشن کے بار بار استعمال سے 1088 لوگ ایچ آئی وی ایڈز سے متاثر ہو چکے ہیں۔

صوبے کے پینتیس اضلاع میں تیرہ مراکز کام کر رہے ہیں جن میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، ڈسٹرکٹ ہسپتال کوہاٹ، تدریسی ہسپتال بنوں، ڈسٹرکٹ ہسپتال بٹ خیلہ، مفتی محمود میموریل ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان، ایوب تدریسی ہسپتال ایبٹ آباد، سیدو تدریسی ہسپتال سوات، باچا خان میڈیکل کمپلیکس صوابی، ڈسٹرکٹ ہسپتال مردان جبکہ تین مراکز سابقہ قبائلی اضلاع باجوڑ، کرم اور شمالی وزیرستان میں ٹیسٹ، آگاہی اور ادویات مریضوں کو مفت فراہم کرتے ہیں۔

آگاہی کی اہمیت

جلال خان ایڈز کنٹرول پروگرام میں مانیٹرنگ اینڈ ایولیویشن آفیسر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز کے حوالے سے جب میڈیا پر خبر آتی ہے تو یہی کہا جاتا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں خطرناک اضافہ ہو چکا ہے جو بالکل غلط ہے۔ ان کے بقول آگاہی اور موثر اقدامات کی بنا پر لوگ طبی مراکز آ رہے ہیں اور اپنے آپ کو علاج کے عمل میں شامل کر رہے ہیں جو کہ خوش آئند اقدام ہے کیونکہ اس سے نہ صرف مریض کی جان بچ سکتی ہے بلکہ دیگر لوگوں کو تحفظ مل جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اندازے کے مطابق رواں سال صوبے میں ایڈز سے متاثر مریضوں کی تعداد 29 ہزار 702 ہے جو آنے والے سال میں چالیس ہزار تک پہنچ جائے گی اور مذکورہ لوگ علاج کے عمل میں شامل نہیں ہیں۔ ان کے بقول ان لوگوں کو ٹیسٹ، باقاعدہ معائنہ، بروقت ادویات کے حصول کی طرف لانا انتہائی اہم ہے اور اس سلسلے میں ادارے کے ساتھ مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کا تعاون ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈز سے بچاؤ کے لیے آگاہی، تشخیص اور ادویات کی مد میں گلوبل فنڈ کی جانب سے مالی معاونت پر تیس فیصد کٹ لگ چکا ہے جو 2030 تک مکمل بند ہو جائے گا، تاہم محکمہ صحت خیبر پختونخوا کی ہدایت کے مطابق دو ارب 60 کروڑ کا پی سی ون تیار کر کے جمع کر دیا گیا ہے جس میں چالیس کروڑ روپے مختلف سطح پر آگاہی کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں۔ ان کے بقول پچھلے سال اڑتالیس کروڑ کا پی سی ون تھا۔

خاندانی رویوں میں تبدیلی کی ضرورت

ساجدہ (فرضی نام) نے کہا کہ ان کے شوہر ایک محنت کش ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پانچ سال پہلے جب انہوں نے سعودی عرب جانے کے لیے میڈیکل ٹیسٹ کرائے تو اس میں پتہ چلا کہ انہیں ایڈز کی بیماری ہو چکی ہے۔ ان کے بقول ایچ ایم سی میں قائم مرکز میں آنے کے بعد عملے نے بتایا کہ اپنی بیوی اور دو بچوں کے ٹیسٹ بھی کرائیں۔ انہوں نے بتایا کہ جب ہمارے ٹیسٹ ہوئے تو شکر ہے دونوں بچے متاثر نہیں تھے البتہ مجھے ایڈز کی بیماری ہوئی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ تشخیص سے پہلے جلدی بخار اور جسم میں کمزوری محسوس ہو رہی تھی لیکن باقاعدہ ادویات کے استعمال سے اپنی صحت کو کافی بہتر محسوس کر رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مالی مسائل کی بنا پر باقاعدگی سے ہسپتال آنا اور ادویات حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے جبکہ دوسری طرف خاندان والوں کو بیماری کے بارے میں پتہ چل گیا ہے تو انتہائی قریبی لوگوں کے رویے کافی تبدیل ہو چکے ہیں اور یہاں تک کہ کوئی ایک ساتھ کھانا بھی نہیں کھاتا، لیکن ان سب میں میرا صبر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سسرال والے بچوں کو گود لینے نہیں دیتے اور کہتے ہیں کہ ایسا نہ ہو کہ انہیں بیماری ہو جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیماری کے حوالے سے آگاہی سے گھر کے لوگوں کی سوچ میں پہلے کی نسبت کافی فرق آ چکا ہے۔

پلوشہ کا کہنا ہے کہ بہت سی خواتین مالی مسائل اور کرایہ کے پیسے نہ ہونے کی وجہ سے باقاعدگی سے طبی مراکز معائنے اور ادویات کے حصول کے لیے نہیں آتیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ایسی خواتین بھی ہیں جن کو ان کے علاقے میں کسی دکان کے پتے پر اشیائے خورد نوش میں ادویات کو چھپا کر بھیج دیتے ہیں تاکہ کسی کو پتہ نہ چلے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خواتین کے شوہر دوسری شادی کر لیتے ہیں اور گھر میں نامناسب رویہ اپنا لیتے ہیں جس کی وجہ سے مریض کو علاج کے ساتھ ذہنی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے بقول بروقت ادویات کے استعمال سے نہ صرف مریض عام لوگوں کی طرح زندگی گزار سکتا ہے بلکہ خواتین شوہر کے ساتھ محفوظ جنسی تعلقات اور ایڈز سے محفوظ بچے بھی پیدا کر سکتی ہیں۔

کیا ایڈز بیماری صرف غیر فطری جنسی تعلقات سے پھیلتی ہے؟

میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر رضا محمد خان کا کہنا ہے کہ ایڈز کی بیماری صرف مرد یا عورت کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنے سے نہیں لگتی بلکہ یہ باقی عام بیماریوں کی طرح ایک انسان سے دوسرے انسان کو مختلف طریقوں سے منتقل ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاج معالجے میں استعمال شدہ آلات کا کئی مریضوں کے لیے استعمال، ناک یا کان چھیدنے کے لیے ڈسپوزل سوئی، حجامت کے لیے نئے بلیڈ کا استعمال نہ کرنا، غیر محفوظ اور غیر فطری جنسی تعلقات، ہم جنس پرستی اور مریض کو متاثرہ افراد کے خون کے انتقال سے ایڈز کی بیماری ایک صحت مند فرد کو متاثر کر سکتی ہے۔ ان کے بقول اگر کوئی شخص عورت اور مرد دونوں یا مرد کے دوسرے مرد کے ساتھ جنسی تعلقات کی وجہ سے ایچ آئی وی سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

کیا ایڈز لاعلاج ہے؟

ڈاکٹر طارق حیات کا کہنا ہے کہ کسی بھی بیماری سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے اور ایچ آئی وی ایڈز بھی ان بیماریوں میں شامل ہے جس کے حوالے سے ماضی میں مختلف قسم کے پروپیگنڈے کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے مریض یا متاثرہ فرد خوف کی وجہ سے موت کے منہ میں چلا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے احتیاط ضروری ہے تاکہ کوئی اس بیماری سے متاثر نہ ہو سکے لیکن اگر خدا نخواستہ کسی کو یہ مسئلہ ہو جاتا ہے تو اسے چھپانے کے بجائے صوبے بھر میں قائم مراکز کے ساتھ اپنے آپ کو رجسٹرڈ کر کے باقاعدگی سے وہاں سے مفت معائنہ اور ادویات حاصل کر کے عام لوگوں کی طرح زندگی گزاری جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایڈز سے متاثرہ افراد کی بڑی تعداد اپنا کام کاج کرتی ہے اور اپنی سماجی زندگی سکون کے ساتھ گزارتی ہے لیکن ادویات کے استعمال میں غفلت کی بالکل بھی گنجائش موجود نہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here