04 دسمبر 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ایڈووکیٹ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف متنازعہ ٹویٹس کیس جمعرات کو ایک بار پھر حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا، جہاں ہونے والی کارروائی نے کیس کو نئے رخ پر ڈال دیا۔ ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے سماعت کی، جس میں دونوں ملزمان ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر جج نے 342 کے سوالنامے سے متعلق استفسار کیا۔ ہادی علی چٹھہ نے کہا کہ انہیں 342 کا بیان ابھی تک موصول نہیں ہوا۔ جج افضل مجوکہ نے جواب دیا کہ وہ 342 کا بیان ٹائپ کروا کر صبح دس بجے عدالت میں جمع کرا دیں گے۔ اس کے بعد عدالت نے کارروائی میں دس بجے تک وقفہ کر دیا۔
وقفے کے بعد ایک اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے صدر نعیم علی گجر نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی وکالت کا فیصلہ کرتے ہوئے اپنا وکالت نامہ عدالت میں جمع کرا دیا۔ عدالت میں پیش ہو کر انہوں نے جج سے گفتگو کی، جبکہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ بھی موجود تھے۔
مزید سماعت کے دوران ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ نے جرح کا حق بحال کرنے کی درخواست دائر کی۔ نعیم علی گجر نے عدالت سے کہا کہ انہیں اس سلسلے میں معاونت کے لیے کچھ وقت دیا جائے۔ جج افضل مجوکہ نے اس موقع پر ریمارکس دیے کہ مشرف کیس میں سپریم کورٹ پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ اگر ملزم بار بار پیش نہ ہو تو عدالت ان کی غیر موجودگی میں ٹرائل آگے بڑھا سکتی ہے۔ ہادی علی چٹھہ نے عدالت کو بتایا کہ وہ کیس ٹرانسفر کرنے کی درخواست بھی دائر کرنا چاہتے ہیں۔ عدالت نے سماعت میں گیارہ بجے تک وقفہ کر دیا۔
کارروائی کے بعد مقدمے میں زیر سماعت تین درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیا گیا۔ ان درخواستوں میں ایمان مزاری کی بریت کی درخواست، دوبارہ جرح کے لیے دائر درخواست اور اسٹیٹ کونسل کی تعیناتی کے خلاف درخواست شامل تھیں۔ فیصلہ سنانے کے لیے ڈیڑھ بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔
جمعرات کی دوپہر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے تینوں درخواستیں خارج کر دیں۔ عدالت نے ایمان مزاری کی بریت، دوبارہ جرح کے حق اور اسٹیٹ کونسل سے متعلق درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے کارروائی کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔
بعد ازاں سماعت کے دوران جج افضل مجوکہ نے بتایا کہ اسٹیٹ کونسل ملزمان کی جانب سے دفعہ 342 کا بیان جمع کرا چکی ہے۔ اس موقع پر شیر افضل مروت نے عدالت سے کہا کہ چونکہ سوالنامہ جمع ہو گیا ہے، اس لیے انہیں اگلی تاریخ دی جائے۔ جج نے ہدایت کی کہ جواب وہ اسی وقت لکھوا دیں اور تاریخ کل کی مقرر کر دی جائے۔ شیر افضل مروت نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں مشورہ کرنے کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔ عدالت نے مزید دس منٹ کا وقفہ دے دیا۔
سماعت کے اختتام پر عدالت نے کیس میں حتمی دلائل کے لیے اگلی تاریخ مقرر کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج افضل مجوکہ نے واضح کیا کہ تمام بیانات جمع ہونے کے بعد آئندہ سماعت پر فریقین سے حتمی دلائل طلب کیے جائیں گے۔ سماعت کل تک ملتوی۔
ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف جاری ٹرائل روکنے کے کیس میں ایمان مزاری نے سپریم کورٹ میں جلد سماعت کی درخواست دائر کر دی۔
درخواست کے مطابق جس رفتار سے ٹرائل چل رہا ہے، شاید رواں ہفتے ہی فیصلہ ہو جائے۔ ٹرائل کورٹ نے سزا سنا دی تو اعلیٰ عدلیہ میں زیرالتواء اپیلیں غیر مؤثر ہو جائیں گی۔ ہائی کورٹ نے بھی ریلیف دینے کے بجائے دو ہفتے کی تاریخ دی۔ انصاف کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیس فوری طور پر سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی یہ درخواست دائر کی گئی تھی، منظور نہ کی گئی۔
یہ مقدمہ اس وقت شروع ہوا جب ایمان مزاری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر کچھ ٹویٹس پوسٹ کیے جنہیں حکام نے متنازعہ اور ریاست مخالف قرار دیا۔ ان ٹویٹس کی بنیاد پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ان کے خلاف پی ای سی اے (PECA) کے تحت مقدمہ درج کیا۔ بعد میں ہادی علی چٹھہ کو بھی کیس میں شامل کیا گیا کیونکہ انہوں نے انہی پوسٹس کو ری ٹویٹ کیا تھا۔ استغاثہ کا مؤقف ہے کہ ان آن لائن پوسٹس سے ریاستی اداروں کی ساکھ متاثر ہوئی، جبکہ دونوں ملزمان نے عدالت میں پیش ہو کر الزامات سے انکار کیا اور کہا کہ یہ کارروائی سیاسی نوعیت کی ہے۔
مقدمے کے دوران عدالت نے دونوں کے خلاف فردِ جرم عائد کی، استغاثہ کے گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے اور کئی مرتبہ ناقابلِ ضمانت وارنٹ بھی جاری ہوئے جب ملزمان پیش نہ ہو سکے۔ ہادی علی چٹھہ کو ایک موقع پر عدالت کے باہر سے گرفتار کیا گیا، جبکہ ایمان مزاری نے اپنے وکلاء کے ذریعے کارروائی کو غیر شفاف قرار دیتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بعض گواہوں کے بیانات ان کی غیر موجودگی میں ریکارڈ ہوئے، جو منصفانہ ٹرائل کے اصولوں کے خلاف ہے۔
ایچ آر سی پی نے وکلاء ایمان مزاری حاضر اور ہادی چٹھہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سائبر کرائم، دہشت گردی اور عدالتی کارروائیوں کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال کے ذریعے جائز اختلاف رائے کو دبایا جا رہا ہے۔ این سی آئی اے کی جانب سے پی ای سی اے کے تحت درج کی گئی ایف آئی آر دراصل فوج کے طرز عمل پر کی گئی تنقید کو جرم قرار دیتی ہے، جو اظہارِ رائے اور منصفانہ ٹرائل سے متعلق آئینی و بین الاقوامی تحفظات کی خلاف ورزی ہے۔
ایچ آر سی پی کے مطابق ایمان مزاری اور ہادی چٹھہ پر دباؤ، عدالت میں پیشی کے باوجود ان کی گرفتاری، اور مرضی کے وکیل سے محرومی کی رپورٹس اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ ریاستی تشدد کے متاثرین کا دفاع کرنے والی آوازوں کو خاموش اور تھکا دینے کے لیے ایک منظم طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ تنظیم نے بے بنیاد الزامات واپس لینے اور اس طرح کی ہراسانی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔