04 دسمبر 2025

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


پنجاب بار کونسل کی کال پر ستائیسویں آئینی ترمیم اور وہاڑی سے تعلق رکھنے والے نوجوان وکیل ذیشان شبیر ڈھڈی کے مبینہ ماورائے عدالت قتل کے خلاف لاہور میں بھرپور احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی ایوانِ عدل سے شروع ہوئی اور چیئرنگ کراس تک پہنچی جہاں شرکا نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت اور پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ ذیشان ڈھڈی کے قتل میں ملوث اہلکاروں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

احتجاج میں شریک وکلا نے اس واقعے کو قانون کی حکمرانی اور عدالتی نظام کے لیے ایک سنگین دھچکا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایک وکیل کو دن دہاڑے مبینہ مقابلے میں قتل کیا جا سکتا ہے تو عام شہری کی جان و مال کے تحفظ کی کیا ضمانت باقی رہ جاتی ہے۔ وکلا نے اس واقعے کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور پولیس اختیارات کے ناجائز استعمال کی بدترین مثال قرار دیا۔

لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر مبشر رحمان نے وائس پی کے سے گفتگو میں حکومت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر چوبیس گھنٹوں کے اندر ذیشان ڈھڈی کے قتل میں ملوث اہلکاروں کو گرفتار نہ کیا گیا تو پنجاب بھر کی عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکلا برادری اس معاملے پر کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کرے گی اور انصاف کے حصول تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

ممبر پنجاب بار کونسل ضمیر احمد نے بھی اسی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ بار کونسل نے صوبے کی تمام عدالتوں میں پولیس کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے اور اگلے مرحلے میں آئی جی پنجاب کے دفتر کے باہر بھرپور دھرنا دینے کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وکلا برادری متحد ہے اور قاتلوں کی گرفتاری تک احتجاج کا سلسلہ روکنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔

ایڈووکیٹ عمران سید نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بے امنی اور ماورائے عدالت اقدامات نے شہریوں کا اعتماد متزلزل کر دیا ہے۔ “اگر وکلا تک محفوظ نہیں تو عام شہری کتنے خطرے میں ہوں گے؟” انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات پولیس اصلاحات کی فوری ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں اور ریاست کو جواب دہ ہونا ہوگا۔

یاد رہے کہ وہاڑی کے نوجوان وکیل ذیشان شبیر ڈھڈی کو 29 نومبر کو مبینہ طور پر پولیس مقابلے میں مارئے گئے تھے۔ پولیس حکام نے دعویٰ کیا کہ ذیشان ڈھڈی مختلف منشیات کے مقدمات میں مطلوب تھے اور مقابلے کے دوران اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔ اس واقعے میں ان کے کزن محمد حسنین بھی موجود تھے۔

دوسری جانب مقتول کے اہلِ خانہ اور وکلا برادری نے پولیس کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے اسے جعلی مقابلہ قرار دیا ہے اور اس کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

وکلا رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ذیشان ڈھڈی ایک نوجوان پریکٹسنگ وکیل تھے جن پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں اور پولیس نے انہیں ٹارگٹ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر واقعے کی آزادانہ تحقیقات نہ کروائی گئیں تو یہ مثال دیگر شہریوں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

احتجاج کے نتیجے میں ایوانِ عدل اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر رہی جبکہ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی۔ وکلا نے واضح کیا کہ ان کا احتجاج پرامن ہے مگر وہ کسی بھی قیمت پر اپنے ساتھی کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو نظرانداز نہیں کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here