05 دسمبر 2025

رپورٹ: کلیم اللہ


لاہور میں قائم پنجاب یونیورسٹی میں ہر سال کی طرح پشتون طلبہ نے کلچر ڈے منایا، جس میں بڑی تعداد میں طلبہ، اساتذہ اور شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر طلبہ نے موسیقی کی دھنوں پر روایتی رقص پیش کیا، جبکہ خواتین اور بچوں نے روایتی ملبوسات زیب تن کرکے ریمپ واک کا شاندار مظاہرہ کیا۔

پروگرام میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے معروف میوزک بینڈ ژوند‌پرست نے بھی شرکت کی۔ بینڈ نے اپنی لائیو موسیقی کے ذریعے امن، زندگی سے محبت اور پشتون معاشرے میں ترقی کی سوچ کو اُجاگر کرنے والے نغمے پیش کیے، جنہیں شرکا کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف اسٹالز بھی لگائے گئے جن میں علاقائی اشیا، کتابیں، موسیقی کے ساز اور ثقافتی نمائشی مواد شامل تھا۔

پشتون ایجوکیشن ڈویلپمنٹ مومنٹ (پی ڈی ای ایم) کے وائس چیئرمین عبداللہ شاہ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد پاکستان کی دیگر قومیتوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ پشتون ایک زندہ دل، امن پسند اور ترقی کے خواہاں قوم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ “ہمارے اس ایونٹ کا مقصد امن، بھائی چارہ اور محبت کو فروغ دینا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب سمیت دیگر قوموں تک یہ پیغام جائے کہ پشتون معاشرے میں یہ صرف ایک دن کا تہوار نہیں بلکہ ہماری روزمرہ روایات کا حصہ ہے۔ پشتون ثقافت میں پگڑی، جرگہ اور موسیقی کی اہم جگہ ہے۔”

عبداللہ شاہ نے مطالبہ کیا کہ پشتون علاقوں میں امن قائم کیا جائے اور نئی نسل کو بہتر تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر قومیتیں بھی اس پیغام کی حمایت کریں گی۔

جامعہ پنجاب کے شعبہ صحافت کے طالب علم فہد یوسفزئی نے بتایا کہ تقریب کی تقریباً تمام سرگرمیوں میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ شریک ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ “تقریب کا آغاز ڈھول کی تھاپ پر کلچرل واک سے کیا گیا۔ سرائیکی، بلوچ، پشتون، پنجابی اور گلگت سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے اپنے علاقائی رقص پیش کیے، جبکہ ریمپ واک اس ایونٹ کا دلکش حصہ تھی۔ آخر میں موسیقی کا پروگرام ہوا جس میں پنجابی موسیقاروں کے ساتھ پختونخوا کے ژوند‌پرست بینڈ نے بھی پرفارم کیا۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ کتابوں کے اسٹالز، رباب اور دیگر روایتی آلاتِ موسیقی، اور پشتون قوم کے تاریخی کرداروں کی تصاویر بھی نمائش کا حصہ تھیں۔

پروگرام میں خواتین کی بھرپور شرکت رہی۔ جامعہ پنجاب میں آرٹ کی طالبہ مناہل فیض نے اپنے فن پارے نمائش کے لیے رکھے۔ ملک میں جتھوں کے ہاتھوں سر عام تشدد اور قتل کے عام ہوتے ہوئے کلچر کے موضوع پر بنائی گئی اپنی پینٹنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا “اس پینٹنگ کا مقصد لوگوں کو اس مسئلے پر آگاہی دینا ہے کیونکہ سماج میں عدم برداشت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ جب بھی کوئی واقعہ ہوتا ہے تو لوگ مدد کرنے کے بجائے ویڈیوز بناتے رہتے ہیں، جو معاشرے کے لیے تشویشناک ہے۔”

ایونٹ کا اختتام پشتون ثقافت کے مشہور “خٹک ڈانس” اور ژوند‌پرست بینڈ کی موسیقی سے ہوا، جس پر شرکا نے بھرپور داد دی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here