۶ دسمبر ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
قصور کی مقامی عدالت کی جانب سے زیادتی کیس کے تمام ملزمان کو بری کیے جانے کے بعد متاثرہ لڑکی نے اپنے جسم پر پٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگا لی۔ واقعہ قصور دیپالپور روڈ کے قریب پیش آیا، جس کے بعد لڑکی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 2022 میں گنڈا سنگھ والا پولیس اسٹیشن کی حدود کے گاؤں بگا ہیتھر میں پولیس اہلکار رفیق پر 13 سالہ لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ مقدمے میں ملزم کی دو خواتین رشتہ داروں کو بھی نامزد کیا گیا تھا، جن میں سے ایک پر مبینہ طور پر زیادتی میں مدد کرنے جبکہ دوسری پر لڑکی کو حمل ضائع کرنے کی دوا دینے کا الزام تھا۔
پراسیکیوشن نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ملزم نے متاثرہ لڑکی کو ایک خاتون شریکِ ملزمہ کے گھر لے جا کر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ حاملہ ہوئی۔ متاثرہ کے والد کی مدعیت میں درج مقدمے میں کہا گیا تھا کہ لڑکی نے دھمکیوں کی وجہ سے واقعے کی اطلاع فوری طور پر نہیں دی۔
ایڈیشنل سیشن جج محمد عظیم شیخ نے جمعہ کے روز مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پولیس اہلکار اور دونوں خواتین سمیت تینوں ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا۔
عدالتی فیصلہ سننے کے بعد متاثرہ لڑکی عدالت سے نکل کر دیپالپور روڈ کے قریب ٹریٹمنٹ پلانٹ کے پاس پہنچی جہاں اس نے اپنے جسم پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی۔ موقع پر موجود راہگیروں نے آگ بجھائی اور لڑکی کو شدید جھلسی ہوئی حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔ حالت تشویشناک ہونے پر اسے بعد ازاں جناح ہسپتال لاہور ریفر کر دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عیسیٰ خان سکھیرہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقدمے کی تفتیش کا جائزہ لیں اور یہ معلوم کریں کہ آیا تحقیقات میں کوئی خامی تو نہیں رہی جس کے باعث ملزمان بری ہوئے۔
قصور پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ رپورٹ ہونے کے بعد متعلقہ پولیس اہلکار کو محکمے نے داخلی انکوائری میں قصوروار پائے جانے پر نوکری سے برخاست کر دیا تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ عدالت نے ڈی این اے پروفائلنگ میچ نہ ہونے کی بنیاد پر ملزمان کو بری کیا ہے۔
خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم :
خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ساحل کی جانب سے جاری کردہ صنفی بنیاد پر تشدد کی تازہ رپورٹ میں ملک بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات میں نمایاں اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنوری سے نومبر 2025 کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 6,543 کیسز رپورٹ ہوئے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں سامنے آنے والے 5,253 واقعات کے مقابلے میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان گیارہ ماہ کے دوران 1,414 قتل، 1,144 اغوا، 1,060 جسمانی تشدد، 649 خودکشیاں اور 585 ریپ کے مقدمات رپورٹ ہوئے۔ ریپ کے 32 فیصد واقعات میں ملزمان متاثرہ کے واقف کار تھے، 17 فیصد واقعات میں اجنبی افراد ملوث پائے گئے، جبکہ 21 فیصد واقعات میں ملزم کی شناخت رپورٹ نہیں ہوئی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 60 فیصد واقعات متاثرہ خواتین کے اپنے گھروں کے اندر ہوئے، جبکہ 13 فیصد ملزمان کے گھروں میں پیش آئے۔ صوبائی تقسیم کے مطابق پنجاب میں 78 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد سندھ 14 فیصد، خیبر پختونخوا 6 فیصد اور بلوچستان، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے مجموعی طور پر 2 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے۔