12 دسمبر 2025

رپورٹ: شوکت کورائی

کراچی


کراچی میں قتل ہونے والی خاتون فریال اشرف کے والد محمد اشرف اور ان کے بچوں کا کہنا ہے کہ انہیں انصاف فراہمی میں تاخیر ہو رہی ہے۔ 2022 سے یہ کیس ملیر کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں زیر سماعت ہے، اب تک 93 تاریخیں پڑ چکی ہیں لیکن تاحال صرف دو گواہوں کے بیان ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

محمد اشرف نے وائس آف پاکستان کو بتایا کہ اس کیس میں ڈاکٹر ایمن خورشید نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کرانا ہے جو اب ریٹائر ہو چکی ہیں۔ ڈاکٹر ایمن فی الوقت برطانیہ میں مقیم ہیں اور واپس نہیں آسکتیں، ان کا بیان صرف ویڈیو لنک کے ذریعے ہی ممکن ہے، لیکن انتظامیہ ان کا بیان ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کرنے کے انتظامات نہیں کر رہی۔ محمد اشرف کا کہنا ہے کہ انہیں صرف تاریخ پر تاریخ مل رہی ہے اور وہ کیس کی جلد تکمیل کا مطالبہ کرتے ہیں۔

گھریلو تشدد کی داستان

فریال کے والد اور ان کی بیٹی دعا نے بتایا کہ فریال اشرف گھریلو تشدد کا شکار رہیں۔ ایک رات ان کے شوہر وسیم نے ان پر چھریوں سے وار کیے اور انہیں شدید زخمی کر دیا۔ بچوں کی چیخوں پر بھی ان کے گھر والے نہیں آئے، باوجود اس کے کہ تمام گھر والے ایک ساتھ ہی رہتے تھے۔

محمد اشرف کا کہنا ہے کہ وسیم فریال پر تشدد کے علاوہ بلیک میل بھی کرتے تھے۔ “شادی سے قبل انہوں نے دبئی میں کاروبار کا جھوٹ بولا تھا۔ بعد میں وہ میری بیٹی کے ذریعے مجھ سے گاڑی اور رقم کی مانگ کرتے تھے، جو نہ ملنے پر وہ فریال پر تشدد کرتے تھے۔”

انہوں نے بچوں کے سامنے مئی 2022 میں فریال کا قتل کیا۔ ان کی بیٹی دعا کا کہنا ہے کہ “میرے والد، والدہ پر تشدد کرتے تھے۔ کوشش کے باوجود ہم انہیں نہیں بچا سکے۔ ہم صرف عدالت سے التجا کرتے ہیں کہ ہمیں جلد انصاف دیا جائے۔”

دعا نے مزید بتایا کہ ملزم اور اس کے چچا دھمکیاں دیتے ہیں کہ وہ انہیں بھی نقصان پہنچائیں گے۔ ملزم وسیم اس وقت جیل میں ہے۔

عدالتی کارروائی میں سست روی کی شکایات

کیس میں اب تک مدعی اور دو گواہوں کے بیان ریکارڈ ہو چکے ہیں۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اگر عدالت اور پولیس سنجیدگی سے اقدامات کریں تو کیس جلد مکمل ہو سکتا ہے۔

عورت مارچ کی رہنما ماہم کا کہنا ہے کہ “اس ملک میں انصاف فراہمی بہت دشوار ہے، خصوصاً جب عورت کا کیس ہو تو وہ مزید مشکل بن جاتا ہے۔ جب مقدمے کے اندراج کا وقت تھا تو اس وقت بھی تنگ کیا جا رہا تھا، اب کیس عدالت میں ہے تو سست روی کا شکار ہے۔” انہوں نے کہا کہ “ہم چاہتے ہیں کہ مقتولہ فریال اشرف کے والد اور بچوں کی پکار حکام تک پہنچے تاکہ انہیں انصاف مل سکے۔”

خاموش تکلیف

فریال اشرف کی چھوٹی بہن عائشہ اشرف نے بتایا کہ “وہ گھر میں ہونے والے تشدد کا ذکر نہیں کرتی تھیں، بچوں کو بھی منع کرتی تھیں۔ لیکن بچے ہمیں بتاتے تھے۔ انہیں ڈر تھا کہ علیحدگی ہوئی تو اس سے ان کے بچے متاثر ہوں گے۔ ایک بار ہم نے انہیں خلع کا کہا تھا لیکن انہوں نے انکار کیا تھا۔” عائشہ نے کہا کہ “اب ہم صرف انصاف کے منتظر ہیں، انصاف صرف عدالت ہی دے سکتی ہے۔”

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here