15 دسمبر 2025

رپورٹ: اسد ممتاز


جامشورو میں واقع ایم ایچ پنھور انسٹیٹیوٹ آف سندھ اسٹڈیز میں ایک روزہ واٹر فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس نے پانی کے بحران پر ایک سنجیدہ، جامع اور بامعنی مکالمے کو جنم دیا۔

واٹر فیسٹیول میں ماہرینِ ماحولیات، محققین، اساتذہ، طلبہ، ماہی گیر برادری کے نمائندوں اور سماجی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فیسٹیول کا بنیادی مقصد پانی کی قلت، دریائے سندھ کی بگڑتی حالت، ڈیلٹا کی تباہی، مینگرووز کے خاتمے اور آبی وسائل کے غیر منصفانہ استعمال کے خلاف اجتماعی آواز بلند کرنا تھا۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ دریا محض قدرتی وسائل نہیں بلکہ زندگی کے ضامن ہیں، اس لیے ان کا تحفظ محض ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی حقوق کا سوال بھی ہے۔

جس طرح صاف پانی تک رسائی کو بنیادی انسانی حق تسلیم کیا جاتا ہے، اسی طرح دریاؤں کے فطری بہاؤ، ان کی بقا اور ان کے ماحولیاتی نظام کا تحفظ بھی ریاست کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ اگر دریا زندہ نہیں رہیں گے تو نہ زراعت بچے گی، نہ ماہی گیری اور نہ ہی انسانی زندگی کا تسلسل ممکن ہوگا۔

دریائے سندھ میں پانی کے مسلسل کم بہاؤ کی وجہ سے انڈس ڈیلٹا تیزی سے سکڑ رہا ہے، جس کے نتیجے میں سمندر کی مداخلت بڑھ گئی ہے، زمینیں بنجر ہو رہی ہیں اور ہزاروں ماہی گیر خاندان بے روزگاری اور نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔ مینگرووز کے جنگلات، جو سمندری طوفانوں کے خلاف قدرتی حفاظتی دیوار سمجھے جاتے ہیں، تیزی سے ختم ہو رہے ہیں، جس سے ساحلی آبادیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

پاکستان میں ایسی کوئی جامع واٹر پالیسی موجود ہے جس میں پانی اور دریاؤں کو حقوق حاصل ہوں؟ شرکاء کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر کئی ممالک نے دریاؤں کو قانونی اور انسانی حقوق دیے ہیں۔ کولمبیا، نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش اور بھارت میں گنگا اور جمنا جیسی ندیاں قانونی طور پر انسانی حقوق رکھتی ہیں، مگر پاکستان میں اس حوالے سے کوئی واضح پیش رفت نظر نہیں آتی۔ ہمارے ہاں دریا مر رہے ہیں، جھیلیں زہریلی ہو چکی ہیں اور ایشیا کی بڑی جھیلوں میں شمار ہونے والی کینجھر اور منچھر جھیل کا پانی پینے کے قابل نہیں رہا۔

واٹر فیسٹیول نے اس امر کو بھی نمایاں کیا کہ پانی کا بحران صرف ماحولیاتی نہیں بلکہ سماجی اور معاشی مسئلہ بھی ہے۔ غیر منصفانہ آبی تقسیم اور ناقص پالیسیوں نے سندھ کو شدید ماحولیاتی بحران سے دوچار کر دیا ہے، جس کے اثرات براہِ راست عام شہری کی زندگی پر پڑ رہے ہیں۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ دریائے سندھ کو بنیادی انسانی حق تسلیم کرتے ہوئے اس کے تحفظ، منصفانہ تقسیم اور بحالی کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔

سنجیدہ مباحث کے ساتھ ساتھ فیسٹیول میں ثقافتی سرگرمیوں کو بھی نمایاں مقام دیا گیا۔ تصویری نمائش، تھیٹر پرفارمنس اور موسیقی کے ذریعے پانی کے مسئلے کو عام فہم اور مؤثر انداز میں پیش کیا گیا، تاکہ یہ پیغام ہر طبقے تک پہنچ سکے۔ فن اور ثقافت کے ذریعے یہ باور کرایا گیا کہ پانی صرف ایک وسیلہ نہیں بلکہ زندگی، شناخت اور مستقبل کا سوال ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here