16 دسمبر 2025

رپورٹ: دانیال عزیز

پشاور


پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے شہر کی عدالتی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے شام کی عدالتوں کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس اقدام کے بعد ان عدالتوں میں باقاعدہ کیسز کی سماعت کا آغاز ہو چکا ہے، جو زیرِ التواء مقدمات میں کمی اور سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی کی سمت ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز ایک خصوصی تقریب میں چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے پشاور میں سیکنڈ شفٹ عدالتوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ محمد زیب، پرنسپل سیکریٹری ٹو چیف جسٹس عادل مجید، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پشاور انعام اللہ وزیر، سینئر سول جج ارشد علی مہمند سمیت متعدد جوڈیشل افسران موجود تھے۔

افتتاح کے بعد چیف جسٹس نے شام کی عدالتوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر تعینات ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج سے مختلف عدالتی امور پر مفصل بات چیت کی۔ انہوں نے ججز کو ہدایت دی کہ وہ سائلین کو فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں تاکہ زیرِ التواء مقدمات کو جلد از جلد نمٹایا جا سکے۔

شام کی عدالتوں کا بنیادی تصور

رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ محمد زیب نے بتایا کہ شام کی عدالتوں کا آغاز سب سے پہلے ایبٹ آباد میں کیا گیا تھا، جبکہ اب پشاور میں سیکنڈ شفٹ کی دو عدالتیں فعال ہو گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شام کی عدالتوں کا بنیادی مقصد جلد انصاف کی فراہمی ہے۔ “یہ خاص طور پر ان افراد کے لیے سہولت ہے جو دن کے اوقات میں اپنی ذمہ داریوں کی وجہ سے عدالتوں میں پیش نہیں ہو سکتے۔ اب وہ شام کے وقت اپنے مقدمات کی پیروی کر سکیں گے۔”

رجسٹرار کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف سائلین کو سہولت ملے گی بلکہ مقدمات نمٹانے کے عمل میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کوہاٹ اور مردان سے بھی شام کی عدالتیں قائم کرنے کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جن پر غور جاری ہے۔

عدالتوں کے قیام سے امید ہے کہ مقدمات نمٹانے کی رفتار تیز ہوگی: وکلاء

پشاور بار ایسوسی ایشن کے پریس سیکریٹری عمران اورکزئی نے کہا کہ زیرِ التواء مقدمات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے سبب سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ “شام کی عدالتوں کے قیام سے امید ہے کہ مقدمات نمٹانے کی رفتار تیز ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔”

تاہم وکلاء برادری میں اس اقدام پر مختلف آراء بھی موجود ہیں۔ ایڈووکیٹ سمیر خان کا کہنا ہے کہ اگرچہ شام کی عدالتوں کا قیام خوش آئند ہے اور اس سے زیرِ التواء مقدمات میں کمی کی توقع ہے، لیکن ججز اور وکلاء کو کیسز کی مؤثر تیاری کے لیے مناسب وقت کی ضرورت ہوتی ہے۔

“اس پہلو کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے تاکہ انصاف کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔ عدالتی عمل میں جلد بازی کی بجائے توازن ضروری ہے،” انہوں نے مزید کہا۔

بار اور بینچ کا تعاون

رجسٹرار محمد زیب نے تسلیم کیا کہ وکلاء کی جانب سے شام کی عدالتوں سے متعلق کچھ تحفظات سامنے آئے ہیں۔ “ہم ان تحفظات کو دور کرنے کے لیے پرعزم ہیں کیونکہ بار اور بینچ کے درمیان مثالی تعلقات موجود ہیں اور ہمارا مقصد مل کر بہتر نتائج حاصل کرنا ہے۔”

قانونی ماہرین کے مطابق شام کی عدالتیں اگر مؤثر منصوبہ بندی، مناسب افرادی قوت اور بار و بینچ کے باہمی تعاون کے ساتھ چلائی گئیں تو عدالتی نظام پر بوجھ کم کرنے اور سائلین کو بروقت انصاف فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اقدام کی کامیابی کے لیے چند اہم عوامل کو یقینی بنانا ہوگا، جن میں عدالتوں کے لیے بہتر انفراسٹرکچر، ججز اور عملے کی تربیت، اور وکلاء کی مکمل شرکت شامل ہے۔

آنے والے دنوں میں یہ واضح ہوگا کہ شام کی عدالتیں عدالتی نظام میں کس حد تک مثبت تبدیلی لاتی ہیں۔ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو اسے صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی نافذ کیا جا سکتا ہے، جس سے انصاف تک رسائی میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔

پشاور کی شام کی عدالتیں نہ صرف عدالتی نظام میں اصلاحات کی ایک مثال ہیں بلکہ یہ عوام کی خدمت کے لیے حکومتی اداروں کی عزم کا بھی اظہار ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ یہ اقدام عملی طور پر کتنے مؤثر نتائج برآمد کرتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here