20 دسمبر 2025
تحریر : ماہ پارہ
“میں جائے وقوعہ پر پہنچا تو دونوں اطراف سے فائرنگ جاری تھی۔ جان کو براہِ راست خطرہ تھا اور کسی قسم کا تحفظ موجود نہیں تھا”۔ یہ الفاظ ہیں فرقہ وارانہ تصادم کی رپورٹنگ کرنے والے فری لانس جرنلسٹ فیصل شہزاد کے۔
انہوں نے میانوالی کے علاقے کالاباغ میں 26 اگست 2024 کو چہلم (امام حسینؓ اور واقعۂ کربلا کے شہداء)کے موقع پر پیش آنے والے فرقہ وارانہ تصادم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ فائرنگ کے دوران جائے وقوعہ پر موجود تھے تو ان کے والد نے بار بار فون کر کے گھر واپس آنے کی التجا کی۔ ان کی آواز میں خوف صاف محسوس ہو رہا تھا۔ فائرنگ کے شور، آنسو گیس اور افراتفری کے دوران وہ لمحے ایسے تھے جن میں پیشہ ورانہ فرائض اور جان کے خوف کے درمیان توازن قائم رکھنا سب سے بڑا امتحان تھا۔
یہ ایک مثال ہے امن وامان کی کشیدہ صورتحال، خاص طور پر فرقہ وارانہ فسادات کی رپورٹنگ کرنے والے صحافیوں کو درپیش حالات کی کہ کس طرح ایک واقعہ نہ صرف عوام میں خوف و ہراس کا باعث بنتا ہے بلکہ اُس کی کوریج کرنے والے صحافیوں کے لیے بھی یہ ایک کڑا امتحان بن جاتا ہے۔ ایسا ہی کچھ اس روز میانوالی کے علاقے کالاباغ میں بھی ہوا جسمیں دو افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے جبکہ چھ گھنٹے تک دونوں گروہوں کے درمیان فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی اور ضلع بھر میں تین دن کے لیے موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔
رپورٹنگ کے دوران خطرات
میانوالی کے علاقے کالاباغ فسادات کی کوریج کرنے والے اے آر وائی نیوز کے رپورٹر جنید خان کا کہنا تھا کہ مقامی ہونے کے باعث دونوں مسلک کے افراد ان پر دباؤ ڈالتے رہے کہ وہ ان کے حق میں رپورٹنگ کریں۔ ان کے مطابق، “خاندان والوں نے بھی تنبیہ کی کہ رپورٹنگ میں توازن رکھنا ورنہ بعد میں کسی ایک کی جانب سے رد عمل بھگتنا پڑ سکتا ہے۔”
پریس کلب میانوالی کے صدر اختر مجاذ کے مطابق ایسے حساس واقعات کی رپورٹنگ کرتے وقت صحافیوں پر اکثر تعصب کا الزام لگتا ہے اور انہیں ہراسانی کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
بھکر کے صحافی رانا زاہد شریف کا کہنا تھا کہ دھمکیوں کی صورت میں صرف صحافی ہی نہیں بلکہ ان کے اہلِ خانہ بھی شدید دباؤ اور خوف میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ اکثر گھر والے انہیں صحافت چھوڑنے کا مشورہ دیتے ہیں جس سے صحافی خود کو تنہا محسوس کرتا ہے۔ 23 اپریل2024کو ان کے خلاف ایک مقامی سرکاری ہسپتال کے خلاف وڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے پر تھانہ کلورکوٹ ضلع بھکر میں ایک ایف آئ آر درج کی گئی۔ زاہد شریف کے اہلِ خانہ نے بتایا کہ جب ان پر مقدمہ درج ہوا تو محلے والوں نے ان کے گھر آنا چھوڑ دیا۔ ان کی بیٹی کہتی ہے، “ابّو کو جب بھی فون آتا ہے تو ہم سب سہم جاتے ہیں، ڈر لگتا ہے کہیں پھر کوئی نئی مشکل نہ کھڑی ہو جائے۔‘‘
ایسے حالات میں خاندان اور پیشے کے درمیان لکیر دھندلا جاتی ہے، اور ہر خبر صرف فیلڈ سے نہیں بلکہ گھر کی دہلیز سے جڑی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔ یہی وہ انسانی پہلو ہے جو بتاتا ہے کہ فرقہ وارانہ فسادات کی رپورٹنگ محض ایک پیشہ نہیں بلکہ مسلسل خوف، قربانی اور حوصلے کی کہانی ہے۔
میانوالی کے مقامی اخبار نوائے شرر کے چیف ایڈیٹر رانا امجد اقبال نے فرقہ وارانہ مسائل کو متوازن انداز میں رپورٹ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “ہماری ذمہ داری ہے کہ ایسی صورتحال میں سنسنی پھیلانے کے بجائے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کریں تاکہ مزید انتشار سے بچا جا سکے۔” جبکہ ریٹائرڈ ڈائریکٹر انفارمیشن، ڈی جی پی آر، سرگودھا، تنویر خالد کے مطابق صحافیوں کے لیے تربیت اور حفاظتی سامان جیسے بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس ناگزیر ہیں۔
تجاویز اور حل
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کے مطابق، خطرات کم کرنے کے لیے صحافیوں کو پیشہ ورانہ تربیت، حفاظتی سازوسامان، قانونی معاونت اور ذہنی صحت کی سہولتیں فراہم کی جانی چاہییں۔ رپورٹنگ کے دوران پولیس و انتظامیہ کے ساتھ رابطہ، غیر جانبدار زبان کا استعمال، اور سوشل میڈیا پر ذاتی معلومات کے انکشاف سے گریز ضروری ہے۔ اگر حالات قابو سے باہر ہوں جیسے فائرنگ جاری ہو یا جان کو خطرہ لاحق ہو، تو فوراً رپورٹنگ روک دینا چاہیے۔
پریس کلبز کا کردار
ایسے بحرانوں میں پریس کلب صحافیوں کے لیے سب سے مؤثر سہارا بن سکتے ہیں۔ انہیں کوارڈی نیشن سینٹرز قائم کرنے چاہییں جہاں رپورٹرز معلومات اور خطرات شیئر کر سکیں تاکہ رپورٹنگ متوازن رہے۔
مزید برآں، قانونی معاونت کے لیے وکلاء کے ساتھ شراکت داری، ضلعی انتظامیہ سے رابطہ میکانزم اور ذہنی صحت کی کونسلنگ جیسے اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔
اگر پریس کلبز ان تین محاذوں پر فعال کردار ادا کریں، تو وہ نہ صرف صحافیوں کی حفاظت بلکہ ذمہ دارانہ اور غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کو بھی فروغ دے سکتے ہیں۔