20 دسمبر 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: قدیم تہذیبوں کا مرکز ٹیکسلا، جہاں بدھ مت، ہندو اور مسلم ادوار کی متعدد تاریخی نشانیاں موجود ہیں، آج ایک اور قیمتی ورثے کے زوال کی تصویر پیش کر رہا ہے۔ ٹیکسلا کے وسط میں واقع قبل از تقسیم ہندو شیو مندر، جسے مقامی طور پر رام رکھی مندر کہا جاتا ہے، رہائشی مکانات اور دیگر تعمیرات کے باعث اپنی اصل شناخت کھوتا جا رہا ہے اور شدید خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے۔
یہ مندر بیسویں صدی کے اوائل میں 15 دسمبر 1933 کو تعمیر کیا گیا تھا۔ مندر کی تعمیر رام رکھی نامی خاتون نے اپنے مرحوم شوہر بھگت لال چند کی یاد میں کروائی تھی۔ مندر کی عمارت پر کندہ تحریر آج بھی اس کی تعمیر کی تاریخ کی گواہی دیتی ہے، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مناسب دیکھ بھال نہ ہونے اور اطراف میں ہونے والی تعمیرات نے اس تاریخی عمارت کو نقصان پہنچایا ہے۔
مقامی شہریوں کے مطابق تقسیمِ ہند کے بعد علاقے میں ہندو آبادی نہ ہونے کے باعث یہ عبادت گاہ ویران ہو گئی۔ بعد ازاں ایویکیوئی ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ نے اس مندر کو ایک مہاجر خاندان کو الاٹ کیا، جس کے بعد یہاں رہائشی استعمال شروع ہو گیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ مندر کے اردگرد مزید مکانات اور عمارتیں تعمیر ہوتی گئیں، جس کے نتیجے میں مندر کا بیشتر حصہ نظروں سے اوجھل ہو چکا ہے۔
اس وقت صورتحال یہ ہے کہ رہائشی مکانات بننے کے باعث مندر کا صرف گنبد ہی نظر آتا ہے، جو خود بھی خستہ حالت میں ہے اور مقامی افراد کے مطابق کسی بھی وقت گر سکتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلسل تعمیرات اور عدم توجہی کے باعث مندر کی دیواریں کمزور ہو چکی ہیں، جس سے اس تاریخی عمارت کے منہدم ہونے کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے۔
تاریخ سے آگاہ اور ٹیکسلا کے سماجی کارکن افتخار الدین نے وائس پی کے سے گفتگو میں بتایا کہ ٹیکسلا میں ماضی میں کئی ہندو مندر موجود تھے، تاہم رام رکھی مندر کو خاص اہمیت حاصل تھی۔ ان کے مطابق یہ مندر اس وقت ہندو برادری کی مرکزی عبادت گاہ تھا، اسی لیے اسے مقامی سطح پر “بڑا مندر” بھی کہا جاتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے آج یہی مندر خستہ حالی کا شکار ہے اور اس کی تاریخی حیثیت کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔
سماجی کارکن سید حیدر علی شاہ نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی تاریخی عمارتوں کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کیے جاتے ہیں۔ ان کے مطابق ٹیکسلا ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہیریٹیج سٹی ہے، جہاں واقع بانوے سال پرانے رام رکھی مندر کا تحفظ بھی اسی اہمیت کا متقاضی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس مندر کو محفوظ بنا کر اس کی اصل شکل بحال کی جائے تاکہ آنے والی نسلیں بھی اس تاریخی ورثے سے آگاہ ہو سکیں۔
مقامی شہری نوازش علی کا کہنا ہے کہ 1990 تک یہ مندر دور سے واضح طور پر نظر آتا تھا، تاہم اب اطراف میں تعمیر ہونے والی عمارتوں نے اسے چاروں طرف سے گھیر لیا ہے۔ ان کے مطابق ٹیکسلا میں مغل اور ہندو ادوار سے تعلق رکھنے والی کئی تاریخی یادگاریں اسی طرح عدم توجہی کے باعث ختم ہوتی جا رہی ہیں۔
ماہرین اور شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو رام رکھی مندر کسی بھی وقت منہدم ہو سکتا ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف ایک تاریخی عمارت ضائع ہو جائے گی بلکہ خطے کے ثقافتی اور مذہبی ورثے کو بھی ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے مندر کے تحفظ اور مرمت کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ ٹیکسلا کی تاریخ کا یہ اہم باب محفوظ رہ سکے۔