23 دسمبر 2025
تحریر: عصمت اللہ نیازی
پاکستان میں خواتین کے ساتھ زیادتی یعنی جنسی تشدد جیسے بھیانک جرائم ماضی کی طرح آج کے جدید ڈیجیٹل دور میں بھی جاری ہیں۔ اس کی ایک بنیادی وجہ یہ ہے کہ قوانین موجود ہونے کے باوجود نہ صرف ان پر مؤثر عمل درآمد میں بااثر معاشرتی طبقات رکاوٹ بنتے ہیں، بلکہ بعض اوقات عدالتی نظام میں بھی ایسے رویے سامنے آتے ہیں جو انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے میں مشکلات پیدا کرتے ہیں۔
حال ہی میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 376 کے تحت سنائی گئی بیس سال قید بامشقت کی سزا کو کم کر دیا۔ اس فیصلے کی بنیاد ایف آئی آر کے اندراج میں سات ماہ کی تاخیر اور متاثرہ خاتون کے جسم پر تشدد کے نشانات کا موجود نہ ہونا قرار دی گئی۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان، جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس صلاح الدین پنہوار پر مشتمل تین رکنی بینچ نے دو ایک کی اکثریت سے یہ فیصلہ سنایا، تاہم جسٹس صلاح الدین پنہوار نے اس فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے ایک مفصل اختلافی نوٹ تحریر کیا۔
اختلافی نوٹ میں جسٹس پنہوار نے واضح کیا کہ جنسی تشدد اور زیادتی کے واقعات اکثر رپورٹ ہی نہیں ہو پاتے کیونکہ متاثرین کو سماجی دباؤ اور ممکنہ نتائج کا شدید خوف لاحق ہوتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ رپورٹ میں تاخیر کو استغاثہ کے لیے مہلک قرار دینا مناسب نہیں، کیونکہ ہمارے معاشرتی حالات میں تاخیر ایک فطری امر بن چکی ہے۔ انہوں نے اس دلیل سے بھی اختلاف کیا کہ جسم پر تشدد کے نشانات نہ ہونے کی بنیاد پر ملزم کو فائدہ پہنچایا جائے، اور کہا کہ جب ملزم کے پاس ہتھیار ہو تو متاثرہ لڑکی مزاحمت سے گریز کر سکتی ہے۔
اس کیس میں ٹرائل کورٹ نے 2017 میں بیس سال قید بامشقت کی سزا سنائی تھی، جسے لاہور ہائی کورٹ نے برقرار رکھا، تاہم سپریم کورٹ میں سزا کو کم کر دیا گیا۔ ان فیصلوں اور ایف آئی آر میں درج تفصیلات کے باوجود اس قسم کا فیصلہ آنے سے یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا ایسے معاملات میں تکنینی خامیوں اور ایف آئی آر میں موجود نقائص پر غیر معمولی انحصار متاثرہ خواتین کے لیے انصاف کے حصول کو مزید مشکل تو نہیں بنا دیتا؟
پاکستان کی تاریخ خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات سے داغدار رہی ہے، جن میں اکثر بااثر اور طاقتور طبقات ملوث رہے ہیں۔ 1980 کی دہائی میں جنوبی پنجاب کے علاقے نواب پور میں پیش آنے والا واقعہ اس کی ایک مثال ہے، جہاں انتقامی کارروائی کے طور پر خواتین کے ایک گروہ کو سرعام برہنہ کر کے گھمایا گیا۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ ایسے واقعات وقت کے ساتھ ختم ہونے کے بجائے مختلف شکلوں میں سامنے آتے رہے ہیں، اور اب سوشل میڈیا کی بدولت ان میں سے کئی کیسز منظر عام پر آ رہے ہیں۔
عدالت ہو، پارلیمان ہو یا معاشرے کے دیگر بااثر طبقات، یہ سوال بار بار اٹھتا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث افراد کس طرح نظام کے اندر مختلف قانونی راستے تلاش کر لیتے ہیں۔ 2008 میں سندھ سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی میر ہزار خان بجارانی پر ‘کارو کاری’ کے ایک مقدمے میں الزام تھا کہ انہوں نے جیکب آباد میں قتل کے تنازعے کو حل کرنے کے لیے پانچ کم سن لڑکیوں کو بطور ‘ونی’ دوسرے خاندان کے حوالے کیا۔ بعد کے واقعات اور انجام نے اس کیس کو مزید سنگین بنا دیا۔
اسی طرح 2002 میں جنوبی پنجاب کے علاقے میر والا میں ایک پنچایت کے حکم پر مختاراں مائی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ عالمی سطح پر شدید ردعمل کے باوجود، بعد ازاں عدالتی فیصلوں میں کئی ملزمان کو بری کر دیا گیا اور ایک ملزم کی سزا میں کمی کی گئی۔ مختاراں مائی نے اپریل 2011 میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اب عدالتی نظام پر بھروسہ نہیں رہا۔
حالیہ برسوں میں نور مقدم قتل کیس اور شاہنواز امیر کیس جیسے واقعات بھی عوامی توجہ کا مرکز رہے ہیں۔ اگرچہ ان کیسز میں عدالتی فیصلے سامنے آ چکے ہیں، لیکن اپیلوں اور قانونی پیچیدگیوں کے باعث انصاف کے فوری نفاذ پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔
اس سال جنوری کے آخر میں لاہور ہائی کورٹ میں ایک سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے بتایا کہ اینٹی ریپ ایکٹ 2021 کے بعد ڈیڑھ لاکھ کے قریب کیسز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ اسی تناظر میں عدالت میں یہ بات بھی زیر بحث آئی کہ صوبے میں ہر پندرہ منٹ بعد ایک ریپ کا واقعہ رپورٹ ہو رہا ہے۔ اگرچہ یہ ممکن ہے کہ ان میں بعض کیسز جھوٹے یا غلط رپورٹنگ کا نتیجہ ہوں، تاہم مجموعی صورتحال کی سنگینی سے انکار ممکن نہیں۔
پاکستان نے گزشتہ دو دہائیوں میں خواتین کے تحفظ سے متعلق کئی قوانین منظور کیے ہیں، لیکن صنفی بنیاد پر تشدد کے مقدمات میں سزا کی شرح اب بھی نہایت کم بتائی جاتی ہے۔ مختلف رپورٹس کے مطابق یہ شرح محض ایک سے ڈھائی فیصد کے درمیان ہے، جو انصاف کے نظام پر سنجیدہ سوالات اٹھاتی ہے۔
خواتین کے لیے انصاف تک رسائی میں رکاوٹوں میں پیچیدہ عدالتی طریقہ کار، معاشرتی رویے، صنفی طور پر حساس بنیادی ڈھانچے کی کمی اور تفتیشی نظام کی کمزوریاں شامل ہیں۔ قانون سازی اپنی جگہ اہم ہے، لیکن جب تک عدالتی رویوں میں حساسیت، قانون کے درست اطلاق اور متاثرہ فریق کے حالات کو سمجھنے کی صلاحیت پیدا نہیں ہوتی، اس وقت تک معاشرے کو ایسے سنگین جرائم سے محفوظ بنانا ممکن نہیں ہو سکے گا۔