23 دسمبر 2025

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور کے علاقے جنوبی کینٹونمنٹ میں واقع الفیصل ٹاؤن میں دو نوجوان بہنیں اپنے کرایہ کے رہائشی مکان میں مردہ پائی گئیں، جس کے بعد پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ مقتولہ لڑکیوں کے والد کو بھی شک کی بنیاد پر تفتیش میں شامل کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور فرانزک شواہد کی روشنی میں اموات کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

واقع کی ایف آئی آر تھانہ نارتھ کینٹ پولیس کی مدعیت میں درج کی گئی ۔ایف ائی آر کے مطابق پیر کے روز پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ الفیصل ٹاؤن میں محمد لطیف کے کرایہ کے مکان میں دو نوجوان لڑکیوں کی لاشیں موجود ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ابتدائی قانونی کارروائی کا آغاز کیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت کرن اور مریم کے نام سے کی گئی، جن کی عمریں سترہ سے اٹھارہ سال اور بیس سال کے قریب بتائی گئی ہیں۔

ایف آئی آر میں مزید لکھا گیا کہ موقع پر موجود اہلِ خانہ لڑکیوں کی اموات کے حوالے سے کوئی واضح اور تسلی بخش جواب فراہم نہ کر سکے۔ اہلِ خانہ کی جانب سے ابتدائی طور پر یہ مؤقف اختیار کیا گیا کہ دونوں لڑکیوں نے زہریلی چیز نگل کر اپنی جانیں لی ہیں، تاہم پولیس حکام کے مطابق واقعے کے حالات، اہلِ خانہ کے بیانات اور دیگر شواہد کی بنیاد پر اس مؤقف کی فوری تصدیق ممکن نہ ہو سکی، جس کے باعث معاملے کو مشکوک قرار دیا گیا۔ اور نامعلوم افراد پر قتل کی ایف آئی آر درج کی گئی۔

تھانہ نارتھ کینٹ کے اہلکار نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اہل خانہ کے بیانات مشکوک ہونے پر لڑکیوں کے والد محمد لطیف کو شامل تفتیش کیا گیا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ محمد لطیف نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اس کی پچیس سالہ بڑی بیٹی سمیرا نے چند سال قبل ضلع قصور کے ایک شخص سے شادی کی تھی۔ بعد ازاں اس کے سسرال والوں نے محمد لطیف کو بتایا کہ اس کی بیٹی نے کچھ گھریلو پریشانیوں کے باعث خودکشی کرلی ہے۔ اسی صدمے کے باعث ان دونوں بیٹیوں نے بھی خود کشی کرلی ہے۔ پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ قصور واقع پر تحقیقات جاری ہیں۔

خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم

خواتین کے حقوق کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ساحل کی جانب سے جاری کردہ صنفی بنیاد پر تشدد کی تازہ رپورٹ میں ملک بھر میں خواتین کے خلاف تشدد کے واقعات میں نمایاں اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جنوری سے نومبر 2025 کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 6,543 کیسز رپورٹ ہوئے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں سامنے آنے والے 5,253 واقعات کے مقابلے میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان گیارہ ماہ کے دوران 1,414 قتل، 1,144 اغوا، 1,060 جسمانی تشدد، 649 خودکشیاں اور 585 ریپ کے مقدمات رپورٹ ہوئے۔ ریپ کے 32 فیصد واقعات میں ملزمان متاثرہ کے واقف کار تھے، 17 فیصد واقعات میں اجنبی افراد ملوث پائے گئے، جبکہ 21 فیصد واقعات میں ملزم کی شناخت رپورٹ نہیں ہوئی۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 60 فیصد واقعات متاثرہ خواتین کے اپنے گھروں کے اندر ہوئے، جبکہ 13 فیصد ملزمان کے گھروں میں پیش آئے۔ صوبائی تقسیم کے مطابق پنجاب میں 78 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد سندھ 14 فیصد، خیبر پختونخوا 6 فیصد اور بلوچستان، اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سے مجموعی طور پر 2 فیصد کیسز رپورٹ ہوئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here