26 دسمبر 2025
رپورٹ :اعتزاز ابراہیم
چکوال کی عدالت نے کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد کے تنازع میں ذہنی معذوری کا شکار بہن بھائی کو غیر قانونی طور پر قید رکھنے اور طویل عرصے تک بھوک کا شکار بنانے کے نتیجے میں خاتون کی ہلاکت کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے الزامات ثابت ہونے پر مرکزی ملزم عنصر عباس کو تین سال قیدِ بامشقت اور پچاس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے، جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں چھ ماہ مزید قید بھگتنا ہوگی۔
عدالتی فیصلے میں مرکزی ملزم پر اٹھانوے لاکھ اٹھائیس ہزار چھ سو ستر روپے بطور دیت عائد کرتے ہوئے حکم دیا گیا ہے کہ یہ رقم مقتولہ جبین بی بی کے قانونی ورثا کو ادا کی جائے۔ عدالت نے واضح کیا کہ دیت کی مکمل ادائیگی تک ملزم کو جیل سے رہا نہیں کیا جائے گا اور عدم ادائیگی کی صورت میں ملزم مسلسل قید میں رہے گا۔
عدالت نے ملزم کو دونوں بہن بھائی کو بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم رکھنے کے جرم میں مزید تین ماہ قید اور پانچ سو روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے، جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے پر دس دن اضافی قید بھگتنا ہوگی۔ اس مقدمے میں نامزد دیگر نو ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا گیا، جبکہ مرکزی ملزم عنصر عباس کو فیصلہ سنائے جانے کے فوراً بعد احاطۂ عدالت سے گرفتار کر کے جہلم جیل منتقل کر دیا گیا۔
یہ مقدمہ رواں سال فروری میں منظرِ عام پر آیا تھا، جب تھانہ نیلہ کی پولیس نے چکوال کے نواحی گاؤں گھگھ میں ایک گمنام خط موصول ہونے پر کارروائی کی۔ پولیس نے اطلاع کی بنیاد پر چھاپہ مارا تو ایک کمرے سے چھبیس سالہ جبین بی بی کی لاش برآمد ہوئی، جبکہ ان کے بتیس سالہ بھائی حسن رضا کو انتہائی کمزور اور لاغر حالت میں بازیاب کرایا گیا۔ پولیس کے مطابق دونوں بہن بھائی ذہنی طور پر معذور تھے اور والدین کے انتقال کے بعد گھر میں اکیلے رہ رہے تھے۔
مقتولہ کے ماموں رفاقت علی کے مطابق بہن بھائی کے والد کی تقریباً ساڑھے نو سو کنال زرعی اراضی تھی، جو ان کے ماموں زاد عنصر عباس کے زیرِ قبضہ تھی۔ ان کے مطابق بہن بھائی کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی عنصر عباس پر عائد ہوتی تھی، تاہم الزام ہے کہ جائیداد پر قبضے کی نیت سے دونوں کو ایک کمرے میں بند رکھا گیا اور انہیں مناسب خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔
پولیس کی جانب سے درج کی گئی مقدمہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ گمنام خط میں دعویٰ کیا گیا کہ کروڑوں روپے کی جائیداد ہتھیانے کے لیے دونوں بہن بھائی کو غیر قانونی طور پر قید رکھا گیا۔ رپورٹ کے مطابق انہیں مناسب خوراک نہ دی گئی، غلط ادویات دی جاتی رہیں اور شدید سردی میں گرم کپڑوں سے بھی محروم رکھا گیا۔ تاہم گاؤں کی ایک خاتون خفیہ طور پر دونوں کو کھانا پہنچاتی رہی۔
پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ عنصر عباس سمیت دس افراد کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات قتل، حبسِ بے جا، شواہد مٹانے، غیر قانونی قید اور اعانتِ جرم کے تحت درج کیا تھا، جن میں چھ خواتین بھی شامل تھیں۔ دورانِ تفتیش پولیس نے مرکزی ملزم عنصر عباس اور اس کے دو بھائیوں کو گرفتار کیا، جبکہ دیگر ملزمان نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر لی۔ بعد ازاں گرفتار ملزمان بھی ضمانت پر رہا ہو گئے تھے۔
عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران پیش کی گئی طبی رپورٹ کے مطابق جبین بی بی کی موت اور ان کے پوسٹ مارٹم کے درمیان چودہ سے پندرہ دن کا وقفہ تھا۔ طبی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ جبین بی بی کی موت طویل عرصے تک شدید بھوک کے باعث واقع ہوئی۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگرچہ براہِ راست قتل کے شواہد سامنے نہیں آ سکے، تاہم ملزم کے اقدامات مقتولہ کی موت کا سبب بنے۔
تیس دسمبر کو سنائے گئے فیصلے میں ایڈیشنل سیشنز جج امیر مختار گوندل نے لکھا کہ قتلِ عمد کا الزام ثابت نہیں ہو سکا، تاہم قتل بالسبب ثابت ہونے پر قتل کی دفعہ کو تبدیل کر کے متعلقہ دفعہ کے تحت سزا سنائی گئی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ سزا مکمل ہونے کے باوجود دیت کی ادائیگی تک ملزم کو جیل میں ہی رہنا ہوگا۔
یہ مقدمہ ابتدا میں ریاست کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں حسن رضا کے ماموں رفاقت علی نے اس کی پیروی کی۔ مقدمے کی قانونی پیروی ڈسٹرکٹ بار چکوال کے سینئر قانون دان اور سابق اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نئیر عباس اعوان نے کی۔