29 دسمبر 2025

رپورٹ: رضوان عاجز


فیصل آباد: 21 دسمبر کی شام، فیصل آباد کے تھانہ روڑالہ روڈ کے علاقہ چک نمبر 368 گ ب میں ایک معصوم بچی کی زندگی کا المناک انجام ہوا۔ پانچ سالہ فضیلت، جو شام کے وقت اپنے گھر کے باہر کھیل رہی تھی، اسی گاؤں کے رہائشی احسان علی عرف شانی کی درندگی کا شکار ہو گئی۔ پولیس کے مطابق، ملزم نے شام چار بجے کے قریب بچی کو ورغلا کر قریبی مکئی کے کھیتوں میں لے جایا، جہاں اس کے ساتھ زیادتی کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا۔

تلاش اور دریافت

جب شام ڈھلنے کے بعد فضیلت گھر واپس نہیں لوٹی تو پورے گاؤں میں بے چینی پھیل گئی۔ اہلیانِ دیہہ نے فوری طور پر تلاش شروع کی۔ کھیتوں، راستوں اور گلیوں میں گھنٹوں کی تلاش کے بعد جو منظر سامنے آیا، اس نے پورے علاقے کو صدمے میں ڈال دیا۔

بچی کے والد نے شدید جذباتی کیفیت میں کہا: “میری بیٹی… میری ننھی پری… اس ظالم نے میری بچی کو مار دیا… میری بیٹی کا کیا قصور تھا؟”

ملزم کا پس منظر

متاثرہ خاندان اور علاقے کے لوگوں کے مطابق، ملزم احسان عرف شانی اس سے قبل بھی مشکوک حرکتوں میں ملوث رہا ہے۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ملزم کو پہلے بھی جانوروں کے ساتھ غیر فطری حرکات کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا، لیکن بروقت کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے معاملہ آگے نہیں بڑھایا گیا۔

پولیس کی کارروائی

ایس ایچ او روڑالہ روڈ احمد عمار نے بتایا: “ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ وہ خود بھی گاؤں والوں کے ساتھ بچی کی تلاش میں شامل رہا اور بدقسمتی سے سب سے پہلے لاش تک بھی وہی پہنچا۔ تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور ملزم سے تفتیش جاری ہے۔” پولیس نے کیس درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

یہ واقعہ نظامِ انصاف اور معاشرتی بیداری پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ اگر ملزم کے ماضی کو سنجیدگی سے لیا جاتا اور بروقت اقدامات کیے جاتے تو شاید یہ المیہ ٹل سکتا تھا۔ یہ واقعہ صرف ایک قتل نہیں بلکہ ہمارے نظام کی کمزوریوں اور معاشرتی غفلت کی عکاسی کرتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here