30 دسمبر 2025

سٹاف رپورٹ:


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیرِ مملکت برائے مذہبی امور، کھیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ حکومت تحریکِ انصاف میں اسی شخص سے بات کرے گی جس کے پاس اصل اختیار ہوگا۔

آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے کھیل داس کوہستانی کا کہنا تھا کہ محمود خان اچکزئی کے پاس بات چیت کا اختیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نااہل اور مجرم ہیں، اس لیے ان سے مذاکرات نہیں ہو سکتے، تاہم بیرسٹر گوہر اور تحریکِ انصاف کے چیف وہپ کے لیے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔

پروگرام میں موجود صوبائی وزیرِ قانون خیبر پختونخوا آفتاب عالم نے کہا کہ عمران خان نے بات چیت کا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو دیا ہوا ہے، البتہ حکومت مذاکرات کی بات تو کرتی ہے مگر خود اس کے پاس اختیار نہیں ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ آیا حکومت عمران خان کے اہلِ خانہ اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کروائے گی، کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ بات چیت کا ماحول بنانے کے لیے حکومت نے عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ کی ان سے ملاقات کروائی تھی، تاہم انہوں نے حکومت کے ساتھ ہونے والی انڈر اسٹینڈنگ کی خلاف ورزی کی، اس لیے اب عمران خان کی کسی سے ملاقات نہیں ہوگی۔

مذاکرات سے متعلق آفتاب عالم کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں ان کا پہلا نکتہ یہ ہے کہ جن انتخابات کو چوری کیا گیا، اس پر معافی مانگی جائے، نتائج بحال کیے جائیں اور اس معاملے پر انکوائری کروائی جائے۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق ایڈووکیٹ جنرل سندھ، سینیٹر ضمیر گھمرو نے کہا کہ ان کا مؤقف ہے کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کیے جانے چاہئیں۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ سینیٹ میں تو پیپلز پارٹی کا چیئرمین موجود ہے، تو سینیٹر ضمیر گھمرو نے کہا کہ سینیٹ کا معاملہ حل ہو جائے گا کیونکہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اس حوالے سے پیش رفت شروع کر دی ہے۔

پروگرام کی میزبان منیزے جہانگیر کے اس سوال پر کہ کیا اسپیکر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر مقرر کریں گے، کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ جو شخص یہ کہے کہ پارلیمنٹ کو اڑا دیں گے، میرا نہیں خیال کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایسے شخص کو اپوزیشن لیڈر مقرر کریں گے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورۂ لاہور پر گفتگو کرتے ہوئے کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کے پی اور ان کے قافلے کو بالکل نہیں روکا گیا، تاہم جس طرح کی زبان انہوں نے ایک خاتون وزیرِ اعلیٰ کے خلاف استعمال کی، وہ پختون روایات کے مطابق نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام نے وزیرِ اعلیٰ کے پی کے فوج مخالف بیانیے کو مسترد کر دیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورۂ لاہور کے موقع پر پنجاب حکومت کی جانب سے متنازع سوشل میڈیا پوسٹ پر بات کرتے ہوئے آفتاب عالم نے کہا کہ اگر یہ ڈرگ مافیا کی بات کرتے ہیں تو ہم یہ سوال کریں گے کہ سابق فاٹا وفاقی حکومت کے پاس تھا، تو وہاں یہ مسائل کیوں ختم نہ ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ باتیں اس لیے کی جا رہی ہیں کیونکہ آپ سے ایک مڈل کلاس وزیرِ اعلیٰ ہینڈل نہیں ہو رہا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here