31 دسمبر 2025

سٹاف رپورٹ


سینئر سیاست دان اور وکیل شیر افضل مروت نے انکشاف کیا ہے کہ نو مئی کے واقعات پر سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید پر نو مئی کے حوالے سے یہ الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے اس وقت کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد کو بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی، کیونکہ اس وقت آرمی چیف پاکستان میں موجود نہیں تھے۔

آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ جو ریکارڈ انہوں نے دیکھا ہے اس کے مطابق جنرل فیض حمید پر عمران خان، بشریٰ بی بی اور مراد سعید سے روابط کا الزام بھی تھا، اور ان رابطوں کے لیے مبینہ طور پر ایک سافٹ ویئر کا استعمال کیا گیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اب نو مئی کے معاملے کو ختم ہونا چاہیے اور ملک کو مفاہمت کی طرف بڑھنا چاہیے۔

‘عمران خان کافوجی ٹرائل ہو سکتا ہے’

پروگرام میں شریک سینئر صحافی محسن بیگ نے کہا کہ عمران خان کا نو مئی کے حوالے سے فوجی ٹرائل ہو سکتا ہے کیونکہ نو مئی کو بغاوت کی گئی، یہ واقعہ پری پلان تھا اور ایک خوفناک منصوبہ تھا جو بڑی حد تک کامیاب رہا، تاہم ان کے مطابق عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نہیں نکلے۔

ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہا کہ مذاکرات کی ذمہ داری محمود خان اچکزئی کے پاس ہے، اور بات چیت صرف آٹھ فروری کے انتخابات، نئے الیکشن کمیشن کے قیام کے بعد نئے الیکشن، اور عمران خان تک رسائی جیسے نکات پر ہی ہو سکتی ہے۔

اس موقع پر پروگرام میں موجود مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا کہ اگر مذاکرات میں نئے انتخابات کی شرط یا اپنی مرضی کا آرمی چیف لگانے کی شرط رکھی جائے گی تو پھر مذاکرات ممکن نہیں ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بیرسٹر گوہر، شہریار آفریدی اور علی محمد خان جیسے لوگ بااختیار ہوتے تو صورتحال مختلف ہوتی۔

‘پی ٹی آئی کی شرائط مان لی تو حکومت جیل جائے گی’

مذاکرات کے حوالے سے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ مذاکرات دو ہزار چوبیس میں ممکن تھے، لیکن اب طاقت کا توازن تبدیل ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق اگر تحریک انصاف کے مطالبات پر بات کی گئی تو پھر حکومت کو اپنے لیے اڈیالہ یا کوٹ لکھپت جیل میں جگہ بنانی پڑے گی۔

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں پہلے آپس میں بات چیت کریں تو بعد میں اسٹیبلشمنٹ سے بھی بات ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق مسئلہ صرف عمران خان کی رہائی نہیں بلکہ ملک کو ایک نئے عمرانی معاہدے کی ضرورت ہے۔

اختیار ولی خان کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ تھی اور وزیراعظم نے دو وزرا کو تحریک انصاف سے رابطے کی ذمہ داری دی تھی، تاہم تحریک انصاف کے ایک جلسے میں برطانیہ میں آرمی چیف کے خلاف تقریر کے بعد صورتحال بدل گئی۔ ان کے مطابق مذاکرات کا دروازہ بند نہیں ہوا، مگر اب تحریک انصاف کو کانفیڈنس بلڈنگ کرنا ہوگی۔

تاہم شفیع جان نے مؤقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف آج بھی سمجھتی ہے کہ حکومت بے اختیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ “فرمانبردار بچے” ہیں جنہیں جو حکم ملتا ہے اس پر عمل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب اختیار ہی نہیں تو مذاکرات کے لیے اسپیکر کے دفتر جانے کا کیا فائدہ۔

اس سوال کے جواب میں کہ آیا مائنس عمران خان فارمولا ممکن ہے، سینئر صحافی محسن بیگ نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی بریت بیک ڈور رابطوں کے ذریعے ہو رہی ہے، تاہم تحریک انصاف میں مائنس عمران ممکن نہیں کیونکہ یہ ایک فین کلب ہے اور اس میں عمران خان کا کوئی متبادل نہیں۔

جب شفیع جان سے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کے بیان کے حوالے سے سوال کیا گیا کہ آیا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا لاہور کا دورہ ذاتی نوعیت کا تھا، تو ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ کامیاب اور آفیشل تھا، تاہم ممکن ہے بیرسٹر گوہر کو تنظیمی معاملات کا مکمل علم نہ ہو۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here