02 جنوری 2026

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: راولپنڈی کے علاقے افضل ٹاؤن سے 20 سالہ لڑکی کے پراسرار طور پر لاپتا ہونے اور بعد ازاں دبئی پہنچنے کی اطلاع نے سنسنی پھیلا دی ہے۔ لڑکی کے اہلِ خانہ کو واٹس ایپ کے ذریعے دو کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ موصول ہونے کے بعد پولیس نے اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ چکلالہ کی حدود میں پیش آیا۔ مغویہ کے بھائی کی مدعیت میں درج مقدمے کے مطابق 30 دسمبر کو لڑکی گھر سے میڈیکل اسٹور جانے کے لیے نکلی تھی، مگر واپس نہ آئی۔ کافی وقت گزرنے پر اہلِ خانہ نے رابطہ کیا تو لڑکی کا موبائل فون بند تھا۔

اہلِ خانہ نے قریبی رشتہ داروں اور ممکنہ مقامات پر تلاش کی، تاہم کوئی سراغ نہ ملا۔ بعد ازاں مغویہ کے واٹس ایپ نمبر سے ایک پیغام موصول ہوا، جس میں ایک نامعلوم شخص نے پشتو زبان میں تین دن کے اندر دو کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا اور رقم نہ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران ایک اہم پیش رفت سامنے آئی، جب معلوم ہوا کہ لاپتا لڑکی دبئی پہنچ چکی ہے۔ اس حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن سے رابطہ کیا گیا، جہاں سے تصدیق ہوئی کہ لڑکی اسلام آباد ایئرپورٹ کے ذریعے دبئی روانہ ہوئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ لڑکی نے امیگریشن مراحل کے دوران کسی قسم کی مزاحمت یا غیر معمولی ردِعمل ظاہر نہیں کیا، جس سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ بظاہر اپنی مرضی سے سفر کر رہی تھی۔ تاہم اغوا، تاوان کے مطالبے اور بیرونِ ملک روانگی کے پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔

راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش میں جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل شواہد، کال ڈیٹا ریکارڈ اور واٹس ایپ پیغامات سمیت تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ سینئر افسران خود کیس کی نگرانی کر رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق مغویہ کی بحفاظت بازیابی اولین ترجیح ہے اور واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here